داستان سوہنی ماہیوال کا فلسفہ

Blogger Tauseef Ahmad Khan

پنجابی ادب پر اگر نظر ڈالی جائے، تو یہ عشق و محبت کی ایسی لازوال لوک داستانوں سے بھرا پڑا ہے، جو صدیوں گزر جانے کے باوجود آج بھی دل اور روح میں ایک عجیب سی تڑپ اور احساسِ محبت پیدا کرتی ہیں، جیسے کہ ’’سوہنی مہینوال‘‘، ’’ہیر رانجھا‘‘، ’’سسی پنوں‘‘ اور ’’مرزا صاحباں‘‘ وغیرہ جیسی لازوال داستانیں، جن کا ذکر آتے ہی دل میں عشق، محبت، فراق، وصال اور قربانی کی ایک عجیب سی تڑپ جاگ اٹھتی ہے۔
بہ ظاہر یہ داستانیں محض عام سی عشقیہ کہانیاں محسوس ہوتی ہیں، لیکن اگر ان کی گہرائی میں اُترا جائے، تو معلوم ہوتا ہے کہ ان کے اندر انسانی گہرے جذابات اور خالق اور مخلوق کے مابین پوشیدہ رازوں سے جڑے کئی عظیم فلسفے پوشیدہ ہیں۔ ان خوب صورت لوک داستانوں میں سوہنی اور مہینوال کی داستان اگر ایک طرف دل کو چھوتی ہے، تو دوسری طرف اس کے پسِ پردہ فلسفے پر غور کیا جائے، تو یہ اپنے اندر ایک نہایت گہرا فلسفہ بھی سموئے ہوئے ہے۔
اس تحریر میں ہم پہلے ’’سوہنی مہینوال‘‘ کی اس لازوال لوک داستان کو بیان کریں گے اور پھر اس کے پسِ پردہ چھپے اصل فلسفے کو آشکار کرنے کی کوشش کریں گے۔
پنجابی ادب میں ذکر شدہ بیش تر روایات کے مطابق سوہنی کا تعلق کمہاروں کے ایک خاندان سے تھا۔ وہ حسن و جمال کا ایسا پیکر تھی کہ دیکھنے والا دیکھتا ہی رہ جاتا، اور مٹی کے برتن بنانے کے فن میں بھی بے مثال مہارت رکھتی تھی۔
ایک روز اُس کی ملاقات مہینوال نامی ایک نوجوان سے ہوئی، جو دور دیس سے تجارت کی غرض سے اُس کے علاقے میں آیا تھا۔ پہلی نظر کا یہ تعارف رفتہ رفتہ قلبی وابستگی میں ڈھلتا گیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے دونوں ایک دوسرے کی محبت میں ایسے گرفتار ہوئے کہ دنیا کی ہر چیز بے معنی ہو کر رہ گئی… مگر محبت کی یہ داستان اتنی آسان نہ تھی۔ معاشرتی بندشوں اور حالات کی ستم ظریفی نے دونوں کو ایک دوسرے سے جدا کر دیا، یہاں تک کہ سوہنی کی شادی کسی دوسرے شخص سے کر دی گئی۔
لیکن مہینوال کے لیے یہ اُن کی جدائی ایک ایسا زخم تھا، جس نے اُس کی زندگی کا رُخ ہی بدل دیا۔ اُس نے دنیاوی آسایشوں اور مال و دولت سے منھ موڑ لیا اور دریائے چناب کے دوسرے کنارے ایک فقیر کی مانند زندگی گزارنے لگا۔ اب اُس کی دنیا میں نہ کوئی دوسری آرزو تھی، نہ خواہش؛ اُس کی تمام کائنات سمٹ کر سوہنی کے انتظار میں مقید ہوگئی۔
سوہنی کا سسرال دریائے چناب کے ایک کنارے پر آباد تھا، جب کہ اُس کا محبوب مہینوال دریا کے دوسری جانب رہتا تھا… مگر دلوں کے درمیان حائل فاصلے عشق کی راہ کب روک سکے ہیں؟ سوہنی کے لیے ہر رات ایک نئی آزمایش اور ایک نئی امید لے کر آتی۔ وہ رات کی تاریکی میں، جب ساری مخلوق نیند کی آغوش میں ہوتی، ایک پکا ہوا مٹی کا گھڑا اپنے سینے سے لگاتی اور دریائے چناب کی بپھری موجوں میں اُتر جاتی۔ اُس کا مقصد صرف ایک تھا: اپنے محبوب کی ایک جھلک دیکھنا، اُس کی آواز سننا اور چند لمحے اُس کے ساتھ گزارنا۔
دریائے چناب کی تیز و تند موجیں، رات کی ہول ناکی اور موت کا خوف، سب اُس کے عزم کے سامنے بے بس دکھائی دیتے تھے۔ وہ ہر رات لہروں سے لڑتی، ہر خطرے کو مات دیتی اور یوں دریا کو پار کرکے اپنے محبوب تک پہنچ جاتی۔ یوں ہر گزرتی رات اُس کی محبت کی داستان میں ایک نیا باب رقم کرتی… مگر تقدیر کو شاید اُس محبت کا یہ سفر منظور نہ تھا۔
ایک رات سوہنی کی نند کو اُس کے خفیہ ملاقاتوں کا علم ہوگیا۔ اُس نے حسد اور بدخواہی میں سوہنی کے پکے ہوئے گھڑے کی جگہ ایک کچا گھڑا رکھ دیا۔ سوہنی اس سازش سے بالکل بے خبر تھی۔ اُسے کیا معلوم تھا کہ جس گھڑے کے سہارے وہ ہر رات محبوب سے وصال کے مابین حائل دریائے چناب کو عبور کرتی آئی ہے، آج وہی گھڑا اُس کی زندگی کا آخری سہارا ثابت ہوگا۔
اُس رات بھی وہ حسبِ معمول اپنے محبوب سے ملنے کے لیے گھر سے نکلی۔ چاند کی مدھم روشنی، رات کی خاموشی اور چناب کی شور مچاتی لہروں کے درمیان اُس نے کچا گھڑا سینے سے لگایا اور دریا میں اُتر گئی… مگر ابھی کچھ ہی فاصلہ طے کیا تھا کہ پانی نے مٹی کے کچے گھڑے کو اپنے اندر گھولنا شروع کر دیا۔
وہ کبھی لہروں سے لڑتی، کبھی ہاتھ پاؤں مارتی اور کبھی اپنے محبوب کو آوازیں دیتی، مگر بے رحم موجیں اُسے مسلسل اپنی گہرائیوں میں کھینچتی چلی جا رہی تھیں۔ ایک طرف زندگی اُس سے چھن رہی تھی اور دوسری طرف اُس کا دل اب بھی اپنے محبوب سے ملنے کی امید تھامے ہوئے تھا۔
دوسرے کنارے پر مہینوال اُس کی راہ تک رہا تھا۔ جب اُس نے سوہنی کو لہروں میں ڈوبتے دیکھا، تو بے بسی کی مارے خود بھی دریا میں کود پڑا۔ یوں دونوں سچی محبت کرنے والے وصال کی آرزو لیے ہمیشہ کے لیے دریائے چناب کی آغوش میں سما گئے۔ اس طرح سوہنی اور مہینوال کی داستان پنجاب لوک ادب اور صوفیانہ روایت کا ایک لازوال استعارہ بن گئی۔
سوہنی مہینوال کی داستان پر مبنی کئی لوک گیت اور فلمی گیت موجود ہیں۔ جیسا کہ "لنگھ آ جا پتن چنّاں دا یار” ایک اور گیت 1976ء کی فلم سوہنی مہینوال میں ملتا ہے، ’’میرے خواباں دا ونجارا، اک مکھڑا چن…‘‘ نور جہاں کی آواز میں۔
لیکن اس داستان پر مبنی خوب صورت گیتوں میں ’’پار چنّاں دے‘‘ ایک منفرد اور نمایاں مقام رکھتا ہے، جو خوب صورت ڈراما ’’مٹی دا باوے‘‘ کا آفیشل ساؤنڈ ٹریک (OST) بھی ہے… جسے کوک اسٹوڈیو کے نویں سیزن میں شفقت امانت علی اور شازیہ منظور نے اپنی مسحور کن آوازوں میں پیش کیا۔ اُن کی دل نشیں گائیکی نے اس لازوال داستان میں گویا ایک نئی روح پھونک دی۔
اس گیت کا آغاز سوہنی کے اپنے گھڑے سے گفت گو سے ہوتا ہے۔ وہ گھڑے سے کہتی ہے کہ چناب کے پار مہینوال کی جھونپڑی ہے، رات اندھیری ہے اور دریا میں طغیانی ہے۔ پورے گیت میں سوہنی اپنے گھڑے ہی سے مخاطب رہتی ہے۔
گیت کے ایک حصے میں گھڑا سوہنی سے گویا ہوتا ہے کہ میں اتنا مضبوط نہیں کہ آپ کو اس تند و تیز ٹاٹھیں مارتے دریا کے پار لے سکوں۔ کیوں کہ میں کم زور اور ناتواں ہوں۔ میری سرشت ہی لاغر اور کم زور ہے۔ لہٰذا کسی کم زور سہارے کے بل پر دریا پار کرنے کی اُمید نہیں رکھنی چاہیے۔
اس کیفیت کو لوک گیت میں نہایت خوب صورت اور دل نشین انداز میں یوں بیان کیا گیا ہے:
کچّی میری مِٹی کچّا میرا نام نی، ہاں میں ناکام نی
کچّیاں دا ہوندا کچّا انجام نی، اے گل آم نی
کچّیاں تے رکھیے نہ اُمید پار دی، اڑیئے اڑیئے ہاں نی اڑیئے
اس کے جواب میں سوہنی گھڑے کو تسلی دیتی کہتی ہے کہ دریا کی بلند و بے رحم موجوں سے خوف زدہ نہ ہو۔ آج میں ہر حال میں اپنے مہینوال سے مل کر رہوں گی۔ چاہے اس ملاقات کے لیے مجھے اپنی جان ہی کیوں نہ قربان کرنی پڑے۔ آج میرا لاشہ ہی سہی، اپنے محبوب سے جا ملے گا۔ اس احساس کو گیت میں یوں بیان کیا گیا ہے:
ویکھ چھلّاں پیندیاں، نہ چھڈّیں دِل وے
اج مہیینوال نوں میں جانا مِل وے
ویکھ چھلّاں پیندیاں، نہ چھڈّیں دِل وے
ہاں لے کے کھِل وے
اج مہیینوال نوں میں جانا مِل وے
ہاں ایہو ای دِل وے
یار نوں ملے گی اج لاش یار دی
گھڑیا گھڑیا، آوے گھڑیا
اگر ہم اس پورے گیت کو ایک صوفیانہ اور روحانی استعارے کے طور پر دیکھیں، تو اس داستان کی اصل روح، اس کے باطنی مفہوم اور اس میں پوشیدہ گہرے فلسفے کے کئی پہلو ہم پر آشکار ہونے لگتے ہیں۔ مثلاً: اس داستان میں سوہنی انسانی روح ہے، جو اپنے حقیقی محبوب کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ گھڑا محض انسانی ذہن ہے، جو بہ ظاہر روح کا سہارا بنتا ہے، مگر اپنی فطرت میں کم زور اور ناپائیدار ہے۔
اس طرح مہینوال حقیقی محبوب، مرشدِ کامل یا ذاتِ خداوندی کی علامت ہے، جس سے ملنے کی تڑپ روح کو بے چین رکھتی ہے اور دریاۓ چناب زندگی کی علامت ہے، جس میں خوشی و غم، آزمایشیں، مشکلات، خواہشات اور بے شمار نشیب و فراز کی موجیں اٹھتی رہتی ہیں۔
اب اس گیت کو اس زاویے سے پڑھیے، تو محسوس ہوتا ہے کہ یہ محض سوہنی اور مہینوال کی عشقیہ داستان کو بیان نہیں کرتا، بل کہ انسانی روح اور کم زور جسم اور احساسات کے درمیان ہونے والی ایک گہری مکالمہ آرائی ہے۔
اگر اس مفہوم کو جوڑا جائے، تو روح اپنے ذہن سے کہتی ہے کہ مجھے اپنے حقیقی محبوب تک پہنچنا ہے، خواہ راستہ کتنا ہی دشوار کیوں نہ ہو۔ ذہن اسے مشکلات، خوف اور اپنی کم زوریوں کا احساس دلاتا ہے… مگر روح اپنے عزم پر قائم رہتی ہے، کیوں کہ اس کی منزل دنیا کی آسایشیں نہیں، بل کہ اپنے حقیقی محبوب سے وصال ہے۔
مطلب یہ ہے کہ روح تو دریا کے اُس پار اپنی منزل تک پہنچنے کی آرزو رکھتی ہے، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا وہ اپنے کم زور ذہن، متزلزل احساسات اور ناتواں سہاروں کے بل پر یہ پر کٹھن سفر طے کرسکتی ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ انسانی ذہن اپنی کم زوریوں، خوف، وسوسوں اور وہموں کے حصار میں اس قدر جکڑا رہتا ہے کہ وہ روح کی پرواز میں رکاوٹ بن جاتا ہے اور اسے اُس حقیقی منزل تک پہنچنے نہیں دیتا، یہی حقیقت اس لوک داستان میں چھپی ہوئی ہے، جو درحقیقت اس کا اصل اور روحانی مفہوم ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفت گو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے