پانی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت اور اَن مول عطیہ ہے۔ یہ بقائے انسانی اور ہر ذی روح کی زندگی کے لیے ناگزیر عنصر ہے۔ دریا کا بہتا ہوا صاف و شفاف پانی وقت کی روانی کی علامت اور زندگی کے تسلسل سے عبارت ہے۔ انسان نے اپنی بقا اور بود و باش کے لیے دریاؤں، چشموں، آبی گزرگاہوں، ندی نالوں اور تالابوں کے کنارے آبادیاں بسائیں، جو انسانی تہذیب و تمدن کے ارتقا کا نقطۂ آغاز ثابت ہوئیں۔ قرآنِ کریم، فرقانِ حمید میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ’’اور پانی ہی کی بہ دولت ہم نے ہر چیز کو پیدا کیا۔‘‘
پانی کی اہمیت اور اِفادیت کے حوالے سے اللہ تعالیٰ قرآنِ مجید میں مزید ارشاد فرماتے ہیں: ’’اللہ ہی نے اوپر سے پانی اُتارا اور اسی کے ذریعے مردہ زمین کو زندہ کیا۔‘‘
اس کے علاوہ قرآنِ کریم میں متعدد آیاتِ مبارکہ ایسی ہیں، جو پانی کی اہمیت اور اِفادیت پر دلالت کرتی ہیں۔
سائنسی تحقیقات کے مطابق انسانی جسم میں پانی کی مقدار 55 فی صد سے لے کر 78 فی صد تک ہوتی ہے، جس میں جسمانی ساخت اور دیگر عوامل کے اعتبار سے کمی بیشی ممکن ہے۔ ایک انسان کے لیے روزانہ چھے سے آٹھ گلاس پانی پینا ضروری سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ پانی کی کمی جسمانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ افسوس کہ ہم زندگی کے اس اہم اور ناگزیر عنصر کو بے دریغ استعمال کرکے اپنے لیے وقت سے پہلے مسائل و مشکلات پیدا کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ اس وقت دنیا کو درپیش اہم اور سنگین مسائل میں پانی کی قلت بھی ایک ایسا مسئلہ ہے، جس کی شدت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
ایک طرف پانی کے موجودہ ذخائر میں کمی واقع ہورہی ہے، تو دوسری طرف دست یاب آبی وسائل کو آلودگی کا سامنا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیاں بھی پانی کی قلت پر بہ راہِ راست اثر انداز ہورہی ہیں۔ ہر گزرتے سال کے ساتھ ان تبدیلیوں کی شدت کا احساس مزید گہرا ہوتا جارہا ہے، جس کے نتیجے میں ہمیں خشک سالی، طوفانوں اور سیلابوں جیسی غیر متوقع قدرتی آفات کی صورت میں بھاری قیمت چکانا پڑتی ہے۔ ان آفات کے نتیجے میں ہزاروں انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں اور قومی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچتا ہے۔ دنیا بھر میں اربوں انسان سیلابوں سے متاثر ہوتے ہیں، جب کہ لاکھوں افراد لقمۂ اجل بن جاتے ہیں۔ ایک طرف سیلابی طغیانی ان آبادیوں کو صفحۂ ہستی سے مٹا دیتی ہے، جو قدرتی آبی گزرگاہوں کے راستے میں حائل ہوتی ہیں، تو دوسری طرف موسمیاتی تغیرات کے باعث بڑے بڑے دریا سکڑ کر محض نالوں کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔
پانی کی قلت اور آبی آلودگی کو محض موسمیاتی تبدیلیوں کا نتیجہ قرار نہیں دیا جاسکتا، بل کہ اس ضمن میں متعلقہ ممالک اور دنیا کے دیگر حصوں میں اختیار کیے جانے والے غیر دانش مندانہ طرزِ عمل کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان نے بھی اپنے دست یاب آبی وسائل اور ذخائر کو غیر محتاط انداز میں استعمال کرکے اپنے لیے وقت سے پہلے کئی مشکلات پیدا کرلی ہیں۔ ملک کو پینے کے پانی کے ساتھ ساتھ زرعی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھی قلتِ آب کا سامنا ہے۔ پانی کی عدم فراہمی پر اکثر شہروں میں لوگ سراپا احتجاج نظر آتے ہیں۔ پاکستان میں پانی کو ضائع ہونے سے بچانے اور اس کے بہتر استعمال کے لیے اگر حکم رانوں میں سے کوئی عملی طور پر کسی منصوبے پر کام کرنا چاہے، تو ملک دشمن عناصر بھی مخالفت کا طبل بجانا شروع کردیتے ہیں۔
اس صورتِ حال میں وفاقی حکومت، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور مختلف غیر سرکاری تنظیمیں ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہوجاتی ہیں۔ حکومت، عوام کو مسلسل یہ احساس دلاتی ہے کہ اگر ڈیم تعمیر نہ کیے گئے، تو پاکستان بنجر اور ریگستان میں تبدیل ہوجائے گا، جس کا سب سے زیادہ نقصان پنجاب سمیت دیگر صوبوں کو بھی اٹھانا پڑے گا۔ ہم اناج اور دیگر ضروری اشیا کے لیے دوسروں کے محتاج ہوجائیں گے، جب کہ ڈیموں کی تعمیر کی صورت میں پاکستان سرسبز و شاداب اور آباد ملک بن سکتا ہے۔ زمینیں سیراب ہوں گی، تو ہم اناج کی پیداوار میں خودکفیل ہوسکیں گے، بے روزگاری میں کمی آئے گی اور توانائی کے وسائل میں بھی اضافہ ہوگا۔
دوسری طرف صوبہ خیبر پختونخوا کے قوم پرست سیاست دانوں کا مؤقف ہے کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے صوبہ خیبر پختونخوا کے بعض علاقے زیرِ آب آجائیں گے، جب کہ سندھ کے سیاست دانوں اور عوام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے نتیجے میں سندھ ریگستان بن جائے گا۔ ایک عام خیال یہ بھی پایا جاتا ہے کہ ڈیم مافیا درحقیقت جرنیلوں، جاگیرداروں اور اشرافیہ کی غیر آباد زمینوں کو سیراب کرانے کے لیے یہ کھیل کھیل رہی ہے، جس کی قیمت پاکستان کے غریب عوام کو ادا کرنا پڑے گی۔ بعض لوگوں کی رائے ہے کہ ہماری آبادی کا ایک قابلِ ذکر حصہ دریاؤں کے کناروں پر آباد ہے، اس لیے ان لوگوں کے بود و باش، روزگار، حتیٰ کہ تہذیب و ثقافت کو بھی ڈیموں سے خطرات لاحق ہیں۔ جب دریاؤں پر ڈیم تعمیر ہوں گے، تو مقامی آبادیوں کو نقلِ مکانی کرنا پڑے گی اور اُن کا ثقافتی ورثہ پانی میں ڈوب جائے گا۔ اس صورتِ حال میں وہ مالی طور پر مزید کم زور ہوں گے اور سماجی سطح پر پہلے سے موجود محرومی، غربت اور بے چارگی میں بھی مزید اضافہ ہوگا۔
ایک طرف ہم ڈیموں کی تعمیر کی مخالفت کرکے اپنے دریاؤں کے شفاف، میٹھے اور پینے کے قابل پانی کو ضائع ہونے کے لیے سمندر میں جانے دیتے ہیں، تو دوسری طرف پہلے سے موجود آبی ذخائر کو بے دردی سے استعمال کرکے اسراف کے مرتکب بھی ہورہے ہیں۔
پبلک ہیلتھ محکمہ، واٹر سپلائی اسکیموں کے تحت صارفین کو جن پائپ لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کرتا ہے، اُن میں سے بیش تر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ اس وجہ سے صارفین تک پہنچنے سے پہلے ہی پانی کا ایک بڑا حصہ ضائع ہوجاتا ہے۔
دوسری جانب صارفین بھی پانی کے ضیاع کے جرم میں برابر کے شریک ہیں۔ کسی صارف کی ٹینکی اگر بھر بھی جائے، تو وہ اتنی زحمت بھی گوارا نہیں کرتا کہ ٹینکی کو پانی فراہم کرنے والی پائپ لائن کا والو بند کردے۔ ہم میں سے کوئی بھی شخص اگر پانی کی فراہمی کے اوقات میں کسی شہر کی گلیوں میں جاکر صورتِ حال کا جائزہ لے، تو اسے اندازہ ہوجائے گا کہ ہم کس قدر بڑی مقدار میں پانی ضائع کررہے ہیں۔ پانی جیسی اَن مول نعمت کے اس بے جا اسراف کے بارے میں ہم سے روزِ قیامت ضرور باز پرس ہوگی۔
بارشوں میں کمی اور پانی کے بے تحاشا استعمال کے باعث زیرِ زمین پانی کی سطح مسلسل نیچے جارہی ہے۔ اگر اسراف کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا، تو وہ دن دور نہیں، جب ہم پانی کے ایک ایک قطرے کے لیے محتاج ہوجائیں گے۔ بارانی علاقوں میں رہی سہی کسر شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے والوں نے پوری کردی ہے۔ چوں کہ سولر سسٹم کے ذریعے پانی کی موٹریں چلانے پر بجلی کا بل ادا نہیں کرنا پڑتا، اس لیے لوگ ضرورت ہو یا نہ ہو، زیرِ زمین پانی مسلسل نکال کر ضائع کرتے رہتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں دنیا کی جنگیں پانی کے حصول کے لیے لڑی جائیں گی۔ ہمیں مستقبل میں قلتِ آب سے محفوظ رہنے کے لیے پانی کے ذخائر میں اضافہ کرنے اور موجودہ ذخائر کو محفوظ بنانے کی غرض سے سخت اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے، ورنہ دوسری صورت میں ہمیں اپنے دشمن پڑوسی ملک بھارت کے رحم و کرم پر رہنا پڑے گا، جو پہلے ہی ہمیں زندہ درگور کرنے کے لیے موقع کی تاک میں بیٹھا ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفت گو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔










