پاکستان، بحرانوں کی زد میں

Blogger Fazal Manan Bazda

پاکستان کو اس وقت جن مشکل حالات کا سامنا ہے، اُن میں معاشی بحران، سیاسی عدم استحکام، مہنگائی، توانائی کی قلت، دہشت گردی، سماجی گراوٹ، مذہبی منافرت اور گڈ گورننس کے مسائل سرِفہرست ہیں۔ پاکستان ایک جاگیردارانہ سماج ہے، جہاں 90 فی صد دولت پر صرف 10 فی صد طبقے کا قبضہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایک ریاست کے وجود میں آنے کے باوجود پیداواری ذرائع اور دولت کی تقسیم اب بھی غیر متوازن ہے۔ اس غیر یقینی اور غیر منصفانہ تقسیم کو روکنے یا تبدیل کرنے کے لیے کسی بھی فوجی یا سول حکم ران کے پاس کوئی جامع منصوبہ موجود نہیں، جس کے ذریعے امیری اور غریبی کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کو روکا جاسکے۔ کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود کوئی بھی حکم ران اس مسئلے کا منصفانہ حل تلاش کرنا تو درکنار، اس کی جانب توجہ دینے کی زحمت بھی نہیں کرسکا۔ یہی معاشی بحران ریاستی معیشت کے لیے ایک ناسور کی شکل اختیار کرچکا ہے، جو ریاستی عمارت کو دیمک کی طرح اندر سے کھوکھلا کر رہا ہے۔
79 برس گزرنے کے بعد بھی پاکستان میں جمہوریت کی روایتی بنیادیں کم زور ہیں۔ دوسری جانب ہماری ایک بدقسمتی یہ بھی ہے کہ بعض لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ہماری جمہوری روایات غیر اسلامی ہیں۔ ہمارے سیاسی عدم استحکام کے المیے کا عالم یہ ہے کہ پاکستان کے وزرائے اعظم، جن میں لیاقت علی خان، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو جیسی اہم سیاسی شخصیات شامل ہیں، طبعی موت نہیں مرے اور نہ کوئی وزیرِاعظم اپنی وزارتِ عظمیٰ کی آئینی مدت پوری ہی کرسکا۔
یہ صورتِ حال سیاسی قائدین کی ناکامی، ضد، انا پرستی، ذاتی مفادات اور سیاسی دشمنی کا شاخسانہ بھی ہے، جب کہ جمہوریت مخالف قوتوں کی منشا بھی اسی میں کارفرما دکھائی دیتی ہے۔
حکم ران سیاسی مخالفین کو زیر کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں، جب کہ حزبِ اختلاف اپنی توانائیاں حکومت گرانے پر صرف کرتی ہے۔ نتیجتاً سیاسی عدم استحکام آج بھی پاکستان میں پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔ اس کی ایک حقیقی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ ہمارے سیاسی قائدین کوئی ایسا نظام وضع نہیں کرسکے، جو غیر جمہوری قوتوں کا راستہ روک سکے۔ گذشتہ دنوں بلاول زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر ہم جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) اور تحریکِ انصاف سے لڑتے رہے، تو ترقی کب کریں گے؟ یہ ایک حقیقت ہے کہ سیاسی عدم استحکام کے ماحول میں ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
مہنگائی کا اژدھا منھ کھولے غریبوں کو ان کے اہل و عیال سمیت نگل رہا ہے، مگر حکم رانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، کیوں کہ ان کی نظریں اپنی مراعات، سہولیات، ذاتی مفادات اور اپنے اہل و عیال کے مستقبل کو محفوظ بنانے پر مرکوز رہتی ہیں۔ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ غریب کو ایک وقت کی روٹی بھی میسر نہیں، جب کہ بعض لوگ اپنے بچوں سمیت خودکُشی کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔
سستی توانائی کے حصول پر کسی بھی حکم ران نے توجہ نہیں دی، حال آں کہ پاکستان میں پانی سے انتہائی سستی بجلی پیدا کی جاسکتی تھی اور اب بھی پیدا کی جاسکتی ہے، لیکن حکم رانوں اور مقتدر اشرافیہ کی منشا کچھ اور ہے، کیوں کہ ان کا، ان کے ہرکاروں اور یار دوستوں کا فائدہ سستی بجلی پیدا کرنے میں نہیں، بل کہ آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں میں ہے۔ توانائی کا بحران سستی بجلی پیدا نہ کرنے اور آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کے باعث روز بہ روز شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، جس کا خمیازہ عام آدمی بھگت رہا ہے۔ کارخانے بند ہوچکے ہیں اور مزید بند ہوتے جا رہے ہیں، جس کی وجہ سے بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔
تیل، جو کسی بھی ریاست کی معاشی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس پر بھی کسی آمر یا سول حکمران نے خاطر خواہ توجہ نہیں دی، جس کی وجہ سے ہم اپنی ضروریات کا بیش تر حصہ بیرونِ ملک سے منگوانے پر مجبور ہیں۔ سولر توانائی کی سہولت سے فائدہ اٹھانے والوں کے ساتھ بھی حکومت کھلواڑ کر رہی ہے، جو عام آدمی کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے۔
دہشت گردی نے پورے ملک، بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، لیکن حکم ران دہشت گردی سے نمٹنے کے بہ جائے دوسروں کو جنگ سے بچانے کے لیے اپنی توانائیاں صرف کر رہے ہیں، جو ہمارا ایک اور المیہ ہے۔ سماجی گراوٹ، معاشرتی رویوں میں بگاڑ اور مذہبی رواداری کا فقدان ہمارے ہاں بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ یہ عوامل ریاست کی بنیادوں کو نیچے سے کھوکھلا کر رہے ہیں۔
ریاستی اداروں میں گڈ گورننس کا حال بھی ناگفتہ بہ ہے۔ رشوت، سفارش اور اقربا پروری عام ہے۔ اداروں کے اہل کار گویا بادشاہ ہیں، جو چاہیں کر گزرتے ہیں، پوچھنے والا کوئی نہیں۔
یہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ مشکل حالات ہمیشہ نہیں رہتے اور نہ مضبوط اعصاب کا مالک انسان ان سے خوف زدہ ہی ہوتا ہے۔ حقیقت پسند لوگ ایسے حالات کو ان کی تمام تر گہرائیوں کے ساتھ قبول کرتے ہیں اور مایوسی کو اپنے قریب نہیں آنے دیتے۔ اس میں بھی کوئی دو رائے نہیں کہ انسان کو کسی بھی وقت کسی بھی حادثے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، مگر حقیقت پسند انسان زندگی کی تلخ حقیقتوں کو قبول کرکے بھی ناامید نہیں ہوتا۔
زندگی میں وہی لوگ ہمیشہ کام یاب ہوتے ہیں، جو خوش فہمیوں میں مبتلا نہیں ہوتے۔ کام یاب انسان ہر نئے دن کا آغاز نئے عزم اور مُثبت سوچ کے ساتھ کرتا ہے۔ مُثبت سوچ رکھنے والا انسان زندگی کے پریشان کن حالات کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیتا، بل کہ وہ ہر وہ کام کرتا ہے، جو اسے خوشی دے اور اسے کام یابی کی راہ پر گام زن رکھے۔ یہی وہ لوگ اور قومیں ہیں، جو زندگی نہایت سکون اور اطمینان کے ساتھ گزار سکتے ہیں۔
خدا کے وجود پر یقین رکھنے والے کسی بھی مصیبت میں صبر کی تلقین کرتے ہیں۔ انسانی زندگی کسی نہ کسی پریشانی، المیے یا غم سے عبارت ہوتی ہے، لیکن مضبوط اعصاب کا مالک انسان ان حالات سے پریشان نہیں ہوتا اور نہ انھیں اپنے سر پر سوار ہی کرتا ہے، بل کہ ان کے حل کے بارے میں سوچتا ہے کہ حالات کو کیسے بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
زندگی کی کسی بھی مشکل پر قابو پایا جاسکتا ہے، مگر اس کے لیے انسان میں مذکورہ بالا خوبیاں ہونی چاہییں، جو ہمارے حکم رانوں میں سرے سے موجود ہی نہیں، اور نہ وہ ذاتی مفادات سے آگے کچھ سوچتے ہی ہیں۔ جب کہ اس وقت پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے قربانی اور ایثار کی ضرورت ہے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا، تو کچھ بھی باقی نہیں بچے گا۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفت گو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے