سیاسی چہ می گوئیاں و پیش گوئیاں

Political Rumblings and Predictions, A Blog by Blogger Fazal Manan Bazda

پاکستان کے سیاسی حلقوں میں نومبر 2026ء کے دوران میں مختلف سیاسی چہ می گوئیاں اور پیش گوئیاں زیرِ بحث ہیں۔ اسلام آباد کے ایوانوں، پارلیمنٹ کی راہ داریوں اور سیاسی بیٹھکوں میں یہ سرگوشیاں زور پکڑتی جا رہی ہیں کہ ملک میں کسی نہ کسی نوعیت کی سیاسی تبدیلی رونما ہوسکتی ہے۔ کوئی کہتا ہے کہ مریم صفدر کی حکومت برقرار رہے گی، تو کسی کے خیال میں وفاق میں کچھ ہونے والا ہے۔ بعض حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں بھی گردش کر رہی ہیں کہ آصف علی زرداری کی چھٹی ہونے والی ہے۔
ان چہ می گوئیوں کے پس منظر میں بعض وزرا کے بیانات، اپوزیشن کے مؤقف اور حکومت کے چند اقدامات کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
’’دی نیوز‘‘ 12 نومبر 2026ء کی ایک پوسٹ کے مطابق، لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقاتوں کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ چہ می گوئیاں مزید شدت اختیار کرگئی ہیں کہ پاکستان تحریکِ انصاف اور وفاقی حکومت کے درمیان رابطوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
دوسری جانب، 12 نومبر 2026ء کو آر ایس گروپ کی شائع کردہ ’’کنٹری فورکاسٹ رپورٹ‘‘ میں آیندہ 18 ماہ کے دوران میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں مخلوط حکومت کے برقرار رہنے کا 45 فی صد، جب کہ حکومت کی پانچ سالہ آئینی مدت پوری ہونے کا 40 فی صد امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
نومبر کے وسط میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مشاورت کی خبریں سامنے آنے کے بعد سیاسی ہلچل میں مزید اضافہ ہوا۔ 15 اور 16 نومبر 2026ء کو مختلف انٹرویوز میں وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک کا سیاسی منظرنامہ تبدیل ہونے جا رہا ہے اور نئے صوبوں کے قیام پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے مشاورت جاری ہے، جس کی کوئی شکل نئے سال میں سامنے آسکتی ہے۔ خواجہ آصف نے نئے نظام یا اتفاقِ رائے کے اس عمل کو بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کے لیے سیاست میں واپسی کا ایک اہم موقع بھی قرار دیا۔
20 نومبر 2026ء کو ’’سماء ٹی وی‘‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کے قیام کے بارے میں عوامی رائے جاننے کے لیے ملک گیر ریفرنڈم کی تجویز پیش کی۔ تاہم، اس حقیقت سے بھی انکار ممکن نہیں کہ آئین میں اس مقصد کے لیے ایک باقاعدہ طریقۂ کار موجود ہے۔ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئین کے آرٹیکل 1 میں ترمیم کرنا ہوگی، جس میں وفاقی دارالحکومت، چاروں صوبوں اور دیگر علاقوں کے نام اور حدود متعین ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی اسمبلی، سینیٹ اور متعلقہ صوبے کی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظوری حاصل کرنا لازمی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ریفرنڈم سے متعلق اس بیان کے بعد حکم ران اتحاد میں کشیدگی کی خبریں بھی گردش کرنے لگی ہیں۔
اس ہائبرڈ نظام میں وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے بیان کی سیاسی اہمیت سے سیاست دان بہ خوبی آگاہ ہیں۔ اُن کے نزدیک یہ اسٹیبلشمنٹ کا پیغام ہے، جب کہ محسن نقوی محض پیغام رساں کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ محسن نقوی کے بیان میں نظام کو ’’ری سیٹ‘‘ کرنے کا جو تصور پیش کیا گیا ہے، اس کا مقصد نظام میں بنیادی تبدیلیاں لانا ہے۔ تاہم، ملک کی جغرافیائی حدود میں رد و بدل ایک انتہائی پیچیدہ عمل ہے۔ کیوں کہ اس پر عمل درآمد کی راہ میں آئینی قدغنیں، قانونی بندشیں اور مختلف نوعیت کی رکاوٹیں حائل ہیں۔ ان آئینی اور قانونی پیچیدگیوں سے آگاہی کے بعد محسن نقوی نے ایک اور بیان داغ دیا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر ریفرنڈم کرایا جائے اور عوام کی رائے حاصل کی جائے۔ حالاں کہ ریفرنڈم کا طریقۂ کار بھی آئین میں موجود ہے اور اگر ریفرنڈم کی صورت میں 100 فی صد ووٹ بھی اس تجویز کے حق میں پڑجائیں، تب بھی آرٹیکل ون میں ترمیم ناگزیر ہوگی۔
17 نومبر 2026ء کو کراچی پریس کلب میں خطاب اور 18 نومبر کو ’’جیو نیوز‘‘ اور ’’اے آر وائی‘‘ کو انٹرویوز دیتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاسی انتقام کا سلسلہ ختم کیا جائے، سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اختیار کیا جائے اور عمران خان سمیت اُن کی جماعت، پاکستان تحریکِ انصاف، کی سیاسی حقیقت کو تسلیم کیا جائے۔
ان بیانات کے بعد حکم ران اتحاد میں دراڑیں پڑنے سے متعلق چہ می گوئیاں اور قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
اسی دوران میں وزیرِاعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے ایک ٹی وی ٹاک شو میں یہ فقرہ اُچھال دیا کہ بلاول زرداری کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ اُن کے بہ قول، اگر کوئی رکنِ پارلیمان یہ بیان دے کہ اُس نے کسی کے کہنے یا دباو میں آکر ووٹ دیا ہے، تو وہ نااہل ہوسکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بلاول زرداری نے کہا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے پیپلز پارٹی نے دباو میں آکر ووٹ دیا تھا۔
سیاسی اختلافات کے اسی تناظر میں 19 نومبر 2026ء کو صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف کی ملاقات بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ بعض حلقوں میں عمران خان کو ریلیف ملنے سے متعلق چہ می گوئیاں بھی سامنے آ رہی ہیں، جب کہ کچھ لوگ اسے کسی ڈیل یا ڈھیل کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔ تاہم، ڈیل یا ڈھیل سے متعلق ان چہ می گوئیوں اور افواہوں کو وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ قانون کے کٹہرے میں کھڑے افراد کے ساتھ ڈیل ہوسکتی ہے اور نہ انھیں ڈھیل ہی دی جاسکتی ہے۔
دوسری جانب، بعض ’’نجومیوں‘‘ نے 15 نومبر کے بعد عمران خان کو قانونی یا طبعی بنیادوں پر رعایت ملنے اور دسمبر میں بڑی سیاسی تبدیلیوں کی پیش گوئیاں بھی کی تھیں۔ ماہرِ علمِ نجوم حیدر علی نے یکم جنوری 2026ء کو یہ پیش گوئی کی تھی کہ اسی سال کے دوران میں پاکستان ایک ’’ری سیٹ‘‘ کے عمل سے گزر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں موجودہ ڈھانچا کم زور پڑنے اور نئی قیادت کے اُبھرنے کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔
یہ چہ می گوئیاں، قیاس آرائیاں اور پیش گوئیاں جب زور پکڑتی ہیں، تو بہ ظاہر یہی محسوس ہوتا ہے کہ دال میں کچھ نہ کچھ کالا ضرور ہے۔ ماضی میں بھی حکومتیں ایسی چہ می گوئیوں کو بے سر و پا قرار دے کر مسترد کرتی رہی ہیں، لیکن بعض اوقات چند ہی دنوں بعد یہی باتیں درست ثابت ہوجاتی تھیں۔ آج بھی حکومت ان قیاس آرائیوں اور چہ می گوئیوں کو مسترد کر رہی ہے۔ اب ان خبروں، دعوؤں اور پیش گوئیوں میں کتنی حقیقت ہے اور کتنا محض سیاسی گمان، اس کا فیصلہ آنے والا وقت ہی کرے گا۔ بہ ہرحال، جو کچھ بھی ہو، اللہ کرے کہ ملک میں بہتری آئے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفت گو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے