کچھ لوگ اپنی زندگی میں زمانے سے لڑتے ہیں، کچھ اپنے زمانے کے بنائے ہوئے اصولوں سے… مگر کچھ ایسے بھی ہوتے ہیں، جو اپنی پوری زندگی انسان کے اندر چھپی ہوئی انسانیت کو آزاد کرانے میں گزار دیتے ہیں۔ وہ اپنی ذات، اپنے لباس، اپنے مذہبی تعارف اور اپنے سماجی مرتبے سے آگے نکل کر محبت کو اپنا مذہب اور انسانیت کو اپنی پہچان بنا لیتے ہیں۔
بابا بلھے شاہ بھی ایسے ہی ایک درویش تھے۔ ایک ایسا شاعر جس نے عشق میں رقص کیا، تو لوگوں نے اسے دیوانہ کہا، عورت کا لباس پہنا، تو معاشرے نے انگلیاں اٹھائیں، مولویوں کے سامنے سوال رکھا، تو کفر کے فتوے لگے… اور جب دنیا سے رخصت ہوئے، تو اسی شہر کے مذہبی حلقوں نے انھیں اپنے قبرستان میں جگہ دینے سے انکار کر دیا… مگر تاریخ کا کیسا عجیب انصاف ہے کہ جن لوگوں نے ان کے لیے زمین تنگ کی تھی، آج انھی کے شہر کی پہچان بلھے شاہ کے نام سے ہے۔ جنھوں نے ان کے جنازے سے انکار کیا، ان کی اپنی قبریں وقت کی گرد میں گم ہوگئیں، لیکن بلھے شاہ آج بھی کروڑوں دلوں میں زندہ ہیں۔
پنجاب کی مٹی نے محبت کے کئی استعارے جنم دیے ہیں۔ اس مٹی نے ہیر کو رانجھے کے انتظار میں صدیوں کا دکھ دیا، سوہنی کو مہینوال کے عشق میں دریائے چناب کے حوالے کیا، شاہ حسین کو مادھو لال کے نام کے ساتھ امر کیا اور پھر ایک ایسے فقیر کو جنم دیا، جس نے اپنے عہد کی مذہبی، طبقاتی اور سماجی دیواروں پر عشق کی دستک دی۔ وہ عبداللہ شاہ تھے، مگر دنیا نے انھیں بلھے شاہ کے نام سے پہچانا۔ عام طور پر ان کا زمانۂ حیات 1680ء سے 1757ء بیان کیا جاتا ہے۔ ان کی پیدایش کے مقام کے بارے میں مختلف روایات ملتی ہیں، جب کہ ان کی زندگی کا بڑا حصہ قصور میں گزرا۔ یہ وہ دور تھا، جب مغلیہ سلطنت زوال کی طرف بڑھ رہی تھی، سیاسی انتشار، مذہبی کش مہ کش اور طبقاتی تقسیم نے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا۔ انسان کی پہچان اس کی ذات، برادری، خاندان اور معاشرتی حیثیت سے کی جاتی تھی۔ ایسے ماحول میں ایک سید گھرانے کا نوجوان اپنے لیے ایک ایسا مرشد منتخب کرتا ہے، جس کا تعلق آرائیں برادری سے تھا۔ یہ نوجوان بلھے شاہ تھے اور ان کے مرشد شاہ عنایت قادری تھے۔
شاہ عنایت سے ان کا محض ایک پیر اور مرید کا تعلق نہیں تھا، بل کہ ایک ایسی روحانی وابستگی تھی، جس نے بلھے شاہ کی زندگی، شاعری اور شخصیت کو نئی جہت عطا کی۔ شاہ عنایت کے سامنے بلھے شاہ نے اپنے خاندانی تفاخر کو کوئی اہمیت نہ دی۔ جب خاندان اور برادری کی طرف سے انھیں طعنے دیے گئے کہ ایک سید ہوکر آرائیں کے مرید کیوں بن گئے ہو، تو بلھے شاہ نے اپنی شاعری میں اس طبقاتی غرور کا ایسا جواب دیا، جو آج بھی انسانی مساوات کا منشور محسوس ہوتا ہے:
بلھے نوں سمجھاون آئیاں، بھیناں تے بھر جائیاں
من لے بلھیا ساڈا کہنا، چھڈ دے پلا آرائیاں
جیہڑا سانوں سید آکھے، دوزخ ملن سزائیاں
جیہڑا سانوں رائیں آکھے، بہشتیں پینگاں پائیاں
یعنی بلھے کو سمجھانے کے لیے اس کی بہنیں اور بھائی آئے اور کہنے لگے: بلھے! ہماری بات مان لو اور آرائیوں (شاہ عنایت) کا دامن چھوڑ دو۔ جو ہمیں سید کہے، اسے دوزخ کی سزا ملے، اور جو ہمیں آرائیں کہے، اس کے لیے جنت کے جھولے ہوں۔
یہ محض ایک ذات چھوڑ کر دوسری ذات اختیار کرنے کا اعلان نہیں تھا، بل کہ انسان کو انسان سے جدا کرنے والی پوری سماجی نفسیات کے خلاف بغاوت تھی۔ بلھے شاہ نے اپنے عہد کو بتا دیا کہ اگر انسان کی عظمت اس کے نسب سے متعین ہوتی ہے، تو پھر محبت، کردار، علم اور روحانیت کی کیا حیثیت رہ جاتی ہے؟ ان کے نزدیک ایک باغبان کا بیٹا بھی اتنا ہی محترم تھا، جتنا کسی شاہی خاندان کا فرد۔ یہ وہ فکر تھی، جس نے انھیں اپنے عہد کے روایتی معاشرے سے الگ کر دیا۔
مگر بلھے شاہ کی زندگی کا سب سے خوب صورت اور دردناک باب ان کے مرشد شاہ عنایت سے وابستہ ہے۔ روایت ہے کہ ایک مرحلے پر شاہ عنایت ان سے ناراض ہوگئے اور انھیں اپنی قربت سے محروم کر دیا۔ بلھے شاہ کے لیے یہ جدائی کسی عام انسان کی جدائی نہیں تھی۔ جس شخصیت کو انھوں نے اپنی روحانی منزل کا راستہ سمجھا تھا، اسی کی ناراضی نے ان کے اندر ایک ایسا طوفان پیدا کیا کہ وہ گلیوں میں بے قرار پھرتے، اپنے مرشد کی یاد میں گاتے اور اپنے عشق کا اظہار کرتے رہے۔ ان کے ہاں محبوب کی جدائی صرف کسی انسان سے دوری نہیں، بل کہ اس روشنی سے محرومی ہے، جس کے بغیر زندگی کا راستہ تاریک ہو جاتا ہے۔
اسی جدائی نے ان کے اندر ایک غیرمعمولی تخلیقی کیفیت پیدا کی۔ روایت کے مطابق انھوں نے رقص سیکھا، موسیقی کی تربیت حاصل کی اور رقص کرنے والی عورتوں کی صحبت میں وقت گزارا۔ پھر ایک دن عورتوں کا لباس زیبِ تن کیا، بالوں میں گوندھا ہوا انداز اختیار کیا، پاؤں میں گھنگرو باندھے اور شاہ عنایت کے سامنے رقص کرتے ہوئے اپنی محبت کا اظہار کرنے پہنچ گئے۔ تصور کیجیے، اٹھارھویں صدی کا ایک سید گھرانے کا شخص، جس کے لیے معاشرتی عزت اور خاندانی وقار کے اپنے مخصوص پیمانے تھے، اپنے مرشد کی محبت میں عورت کا لباس پہن کر رقص کر رہا ہے۔ اس کے لیے لوگوں کی نگاہیں، طعنے، مذاق اور معاشرتی ردِعمل کوئی معنی نہیں رکھتے۔ اس کی پوری کائنات اپنے مرشد کی ایک نظرِ کرم میں سمٹ آئی تھی۔
کہا جاتا ہے کہ شاہ عنایت نے انھیں پہچان لیا اور پوچھا، کیا تم بلھے ہو؟
جواب آیا، میں بلھا نہیں، بھولا ہوں؛ اپنی ذات سے گم، اپنے عشق میں کھویا ہوا۔
اس ملاقات کے بعد مرشد اور مرید کے درمیان جدائی ختم ہوئی۔ اس قصے کا روحانی اور ادبی مفہوم نہایت گہرا ہے۔ بلھے شاہ نے اپنی انا، اپنے لباس، اپنے خاندانی وقار اور لوگوں کی نگاہوں کو عشق کے سامنے بے معنی کر دیا تھا۔
یہی وہ کیفیت ہے جس سے ان کی شہرۂ آفاق کافی کا جنم ہوا:
تیرے عشق نچایا کرکے تھیا تھیا
یعنی تیرے عشق نے مجھے نچا نچا کر بے خود کر دیا، میں تیری محبت میں مست ہو کر جھومتا رہا۔
یہ مصرع محض ایک رقص کی کیفیت نہیں، ایک مکمل فلسفۂ زندگی ہے۔ عشق جب انسان کے اندر اترتا ہے، تو وہ اسے اپنی ذات کے محدود حصار سے باہر لے آتا ہے۔ وہ انسان جسے دنیا اپنے وقار، لباس اور مرتبے کی فکر میں مبتلا رکھتی ہے، عشق اسے ان تمام ظاہری پیمانوں سے آزاد کر دیتا ہے۔ بلھے شاہ کا رقص اسی آزادی کا اعلان تھا۔ وہ رقص کرتے ہوئے دراصل اپنے زمانے کے بنائے ہوئے صنفی اور سماجی ضابطوں سے سوال کر رہے تھے۔ ان کے نزدیک عشق کے سامنے مرد اور عورت کی ظاہری تقسیم کوئی حتمی حقیقت نہیں رہتی۔ روح کی اپنی زبان ہے، اس کی اپنی کیفیت ہے، اور اس کی اپنی شناخت ہے۔
یہاں بلھے شاہ کی شاعری کا ایک ایسا پہلو سامنے آتا ہے، جسے آج کے عہد میں خواجہ سرا اور ٹرانس جینڈر افراد کے انسانی وقار کے تناظر میں بھی سمجھنے کی ضرورت ہے۔ بلھے شاہ نے اپنی شاعری میں بار ہا عورت کی آواز اختیار کی۔ کبھی وہ محبوب کی منتظر دلھن بن جاتے ہیں، کبھی ہیر کی صورت میں رانجھے کو پکارتے ہیں، کبھی سہیلیوں سے اپنے دل کا حال بیان کرتے ہیں اور کبھی اپنے محبوب کے سامنے اپنی بے بسی کا اعتراف کرتے ہیں۔ ان کے ہاں عاشق کی روحانی کیفیت کو عورت کے تجربے اور اس کی زبان میں بیان کرنا ایک نہایت اہم تخلیقی خصوصیت ہے۔
ہمارے معاشرے میں خواجہ سرا افراد کو اکثر خاندان، تعلیم، روزگار اور سماجی عزت سے محروم رکھا جاتا ہے۔ ان کے جذبات کو مذاق بنا دیا جاتا ہے، ان کی محبت کو غیر ضروری سمجھا جاتا ہے اور ان کی موت کے بعد بھی ان کے لیے عزت اور احترام کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ بلھے شاہ کی فکر ہمیں یاد دلاتی ہے کہ کسی انسان کی عزت اس کی صنفی شناخت کی محتاج نہیں۔ اگر عشق روح کا معاملہ ہے، تو پھر کسی روح کو اس کے ظاہری وجود کی بنیاد پر کم تر کیسے قرار دیا جاسکتا ہے؟
بلھے شاہ کے گرد خواجہ سرا اور رقص کرنے والے فن کاروں کی موجودگی کی روایات بھی ملتی ہیں۔ آج بھی قصور میں ان کے مزار پر خواجہ سرا برادری کے افراد گھنگرو باندھ کر دھمال ڈالتے ہیں اور ان کے کلام پر رقص کرتے ہیں۔ ان کی اس وابستگی میں محض ایک صوفی شاعر سے عقیدت نہیں، بل کہ شاید ایک ایسی روح سے نسبت کا احساس بھی شامل ہے، جس نے معاشرے کی بنائی ہوئی ظاہری حدبندیوں کو عشق کے سامنے کوئی اہمیت نہیں دی۔ ان کی فکر کا بنیادی پیغام ہر محروم انسان کے لیے عزت، محبت اور انسانی مساوات ہی ہے۔ کسی خواجہ سرا کے جنازے پر معاشرتی بے حسی یا حقارت کا تصور بھی بلھے شاہ کے پیغام کے بالکل برعکس ہے۔ جس معاشرے میں ایک انسان کو زندگی میں عزت نہ ملے اور موت کے بعد بھی اس کے جنازے کو تنہائی نصیب ہو، وہاں بلھے شاہ کی انسان دوستی کو سمجھنے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
بابا بھلے شاہ کی شاعری کا سب سے بڑا کمال یہ ہے کہ وہ فلسفے کو عوامی زبان میں بیان کرتے ہیں۔ فارسی اس زمانے کی علمی اور درباری زبان تھی، مگر بلھے شاہ نے پنجابی کو اپنے اظہار کا وسیلہ بنایا۔ انھوں نے کسان، مزدور، عورت، درویش اور عام انسان کی زبان میں کائنات کے بڑے سوالات بیان کیے۔ ان کی کافیوں میں لوک داستانوں کی خوش بو ہے، ہیر رانجھا کی محبت ہے، سسی پنوں کی جدائی ہے، محبوب کی گلی ہے، دل کی بے قراری ہے اور انسان کی اپنی شناخت کی تلاش ہے۔ وہ مشکل الفاظ کے ذریعے اپنی عظمت ثابت نہیں کرتے، بل کہ سادہ لفظوں میں ایسی گہرائی پیدا کرتے ہیں کہ ایک عام سامع بھی ان کے کلام میں اپنا دکھ، اپنی خواہش اور اپنا عکس تلاش کرلیتا ہے۔ان کی ایک مشہور کافی ہے:
بلھیا کی جاناں میں کون
یعنی اے بلھے! مجھے خود بھی خبر نہیں کہ میری اصل پہچان کیا ہے، مَیں کون ہوں؟
یہ سوال صرف بلھے شاہ کا نہیں، ہر اُس انسان کا ہے جس نے کبھی اپنی ذات کے بارے میں سنجیدگی سے سوچا ہو۔ مَیں کون ہوں… کیا مَیں اپنے نام سے پہچانا جاتا ہوں… اپنی ذات سے… اپنے مذہب سے… اپنے لباس سے… اپنے وطن سے… یا پھر ان تمام شناختوں سے آگے میرے اندر کوئی ایسی حقیقت بھی موجود ہے، جسے دنیا کے بنائے ہوئے ناموں میں قید نہیں کیا جاسکتا؟
بلھے شاہ کہتے ہیں:
نہ مَیں مومن وچ مسیتاں
نہ مَیں وچ کفر دیاں ریتاں
نہ مَیں پاکاں وچ پلیتاں
نہ مَیں موسیٰ نہ فرعون
یعنی نہ مَیں مسجدوں میں بسنے والا مومن ہوں، نہ کفر کی رسموں اور روایتوں میں شامل ہوں، نہ مَیں پاک لوگوں میں شمار ہوتا ہوں، نہ مَیں موسیٰ ہوں اور نہ فرعون۔
یہاں وہ کسی مذہب کی نفی نہیں کر رہے، بل کہ اس انسانی تکبر کو چیلنج کر رہے ہیں، جو اپنے آپ کو حق اور دوسرے کو باطل قرار دینے کے لیے مذہبی شناخت کو ہتھیار بنا لیتا ہے۔ ان کی شاعری کا پیغام یہ ہے کہ انسان کو اپنی حقیقت کی تلاش کرنی چاہیے، اپنے باطن کو پاک کرنا چاہیے اور دوسروں کو حقیر سمجھنے کی بیماری سے نجات حاصل کرنی چاہیے۔
وہ مولویوں اور مذہبی پیشوائیت کے اس طبقے پر بھی تنقید کرتے ہیں، جو مذہب کی روح کے بہ جائے اس کی ظاہری شکل کو اپنا کاروبار بنا لیتا ہے۔ ان کے نزدیک حج، نماز، روزہ اور عبادت اپنی جگہ اہم ہیں، مگر ان کا اصل مقصد انسان کے اندر اخلاقی تبدیلی پیدا کرنا ہے۔ اگر کوئی شخص عبادت کے بعد بھی دوسروں کے حقوق پامال کرتا ہے، یتیم کا مال کھاتا ہے، کم زور کا استحصال کرتا ہے اور لوگوں کے دل دکھاتا ہے، تو اسے اپنی عبادت کے مقصد پر غور کرنا چاہیے۔
بلھے شاہ گویا ہوتے ہیں:
پنج ارکان اسلام دے، تے چھٹا بلھیا ٹک
جے اے ٹک نہ ملے، تے سارے جاندے مُک
یعنی اسلام کے پانچ ارکان ہیں، بلھے…! مگر ایک چھٹا رکن بھی ہے، وہ ہے روٹی کا ٹکڑا۔ اگر یہ روٹی کا ٹکڑا ہی میسر نہ ہو، تو باقی سب کچھ بے معنی ہوکر رہ جاتا ہے۔
اس شعر کو اسلام کے پانچ ارکان کی نفی سمجھنا درست نہیں۔ اس میں بھوک اور معاشی محرومی کی طرف توجہ دلائی گئی ہے۔ شاعر ایک ایسے غریب انسان کی طرف سے بول رہا ہے، جس کے لیے روٹی زندگی اور بقا کا بنیادی سوال ہے۔ وہ معاشرے سے پوچھتا ہے کہ جس شخص کے گھر میں بچوں کے لیے روٹی نہیں، جس کی ماں فاقے سے ہے، جس کا مزدور باپ محنت کے باوجود دو وقت کی غذا نہیں خرید سکتا، اس کے سامنے محض عبادت کے ظاہری مظاہر بیان کرنے سے کیا اس کی زندگی کے بنیادی مسائل حل ہو جائیں گے؟
دراصل یہ شعر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ بھوکے انسان کو روٹی فراہم کرنا بھی ایک بڑی اخلاقی ذمے داری ہے۔ عبادت اور انسان کے بنیادی حقوق کو ایک دوسرے کے مقابل کھڑا کرنے کے بہ جائے انھیں ایک دوسرے کی تکمیل سمجھنا چاہیے۔
بلھے شاہ کے اسی مزاج نے انھیں اپنے زمانے کے مذہبی حلقوں کی مخالفت کا سامنا بھی کرایا۔ ان کی شاعری میں مذہبی منافقت، طبقاتی غرور اور فتوے کی سیاست پر سخت تنقید ملتی ہے۔ روایات اور تاریخی بیانات کے مطابق قصور کے مولویوں نے ان پر کفر کے فتوے لگائے، ان کی مخالفت کی اور ان کے افکار کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔ انھیں مخالفین کے خطرے کے باعث ایک سکھ گردوارے میں پناہ لینا پڑی۔ یہ واقعہ بھی اپنے اندر ایک گہرا تہذیبی پیغام رکھتا ہے کہ ایک مسلمان صوفی کو اس وقت تحفظ ایک دوسرے مذہب کی عبادت گاہ میں ملتا ہے، جب اس کے اپنے مذہبی معاشرے کے لوگ اسے برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔
یہی بلھے شاہ کی فکر کا حسن ہے۔ وہ مذہبی شناختوں کو انسانیت کی راہ میں دیوار نہیں بننے دیتے۔ ان کے نزدیک خدا تک پہنچنے کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ انسان کا غرور، تعصب اور دوسروں سے نفرت ہے۔ وہ ایسے مذہبی رویے کو قبول نہیں کرتے، جو انسان کو خدا کے قریب کرنے کے بہ جائے انسانوں سے دور کر دے۔
اور پھر وہ دن بھی آیا، جب بلھے شاہ نے اس دنیا سے رخصت ہونا تھا۔ ان کی وفات کے بعد ان کے مخالف مذہبی حلقوں نے ان کی نمازِ جنازہ پڑھانے سے انکار کر دیا اور قصور کے قبرستان میں دفن کرنے کی اجازت بھی نہ دی۔ بعض تاریخی بیانات کے مطابق سید زاہد ہمدانی نے ان کی نمازِ جنازہ پڑھائی اور انھیں شہر کے کنارے دفن کیا گیا۔ یہ واقعہ محض ایک صوفی شاعر کے ساتھ ہونے والی ناانصافی نہیں، بل کہ انسانی تاریخ کا ایک ایسا المیہ ہے جس میں ایک معاشرہ اپنے سب سے بڑے انسان دوست شاعر کو مرنے کے بعد بھی قبول کرنے سے انکار کر دیتا ہے۔
ذرا اُس منظر کا تصور کیجیے۔ وہ شخص جس نے ساری زندگی انسانوں کو جوڑنے کی بات کی، جس نے ذات پات کے خلاف آواز بلند کی، جس نے محبت کو اپنا مذہب بنایا، جس نے اپنے مرشد کے عشق میں عورت کا لباس پہن کر رقص کیا، جس نے بھوکے انسان کی روٹی کو اہمیت دی، اسی شخص کے لیے زمین کا ایک ٹکڑا بھی تنگ کر دیا گیا۔ جس نے اپنی شاعری میں پوری انسانیت کو جگہ دی، اس کے لیے اس کے اپنے شہر کا قبرستان جگہ نہ دے سکا۔
لیکن تاریخ کے فیصلے کبھی کبھی بہت حیران کن ہوتے ہیں۔ آج قصور میں بلھے شاہ کا مزار عقیدت مندوں سے آباد ہے۔ وہاں مسلمان بھی آتے ہیں، ہندو بھی، سکھ بھی، خواجہ سرا بھی، عورتیں بھی، مرد بھی، امیر بھی اور غریب بھی۔ کوئی ان کی کافی سنتا ہے، کوئی خاموشی سے قبر کے قریب بیٹھ جاتا ہے، کوئی دھمال ڈالتا ہے اور کوئی اپنی آنکھوں میں برسوں کے دکھ لیے ان کے کلام میں تسلی تلاش کرتا ہے۔ وہی شہر جس کے مذہبی حلقوں نے انھیں اپنے قبرستان میں جگہ دینے سے انکار کیا تھا، آج انھی بلھے شاہ کے نام سے دنیا میں پہچانا جاتا ہے۔
بھلے شاہ ہی کا ایک مصرع ہے:
بلھے شاہ اساں مرنا ناہیں، گور پیا کوئی ہور
یعنی اے بلھے شاہ! ہم نے مرنا نہیں، قبر میں تو کوئی اور جا سویا ہے۔
یہ مصرع ان کی فکری اور ادبی زندگی کا ایک غیرمعمولی استعارہ بن گیا ہے۔ جسم تو مٹی میں مل جاتا ہے، لیکن فکر، محبت اور فن کو قبر میں نہیں اتارا جا سکتا۔ بلھے شاہ کا جسم قصور کی مٹی میں سو رہا ہے، مگر ان کی آواز آج بھی زندہ ہے۔ جب نصرت فتح علی خان ان کا کلام گاتے ہیں، جب عابدہ پروین کی آواز میں عشق کی کیفیت بلند ہوتی ہے، جب کوئی نوجوان ان کی کافی سنتا ہے، جب قصور میں ان کے مزار پر دھمال ہوتی ہے، تو محسوس ہوتا ہے کہ تین صدیوں کا فاصلہ سمٹ گیا ہے اور بلھے شاہ آج بھی اپنے لوگوں کے درمیان موجود ہیں۔
بلھے شاہ کی زندگی ہمیں ایک اور اہم حقیقت سمجھاتی ہے کہ کسی شاعر کو صرف اس کے اشعار سے نہیں، اس کے طرزِ زندگی سے بھی پڑھنا چاہیے۔ انھوں نے جو کچھ لکھا، اسے اپنی زندگی میں برتنے کی کوشش کی۔ انھوں نے ذات پات کی مخالفت کی، تو خود اپنے نسب کے تفاخر سے باہر نکلے۔ انھوں نے عشق کی آزادی کا ذکر کیا، تو اپنے لباس اور سماجی وقار کی پابندیوں سے بے نیاز ہوئے۔ انھوں نے انسانیت کی بات کی، تو ان لوگوں کے لیے بھی دل میں جگہ رکھی، جنھیں معاشرہ حاشیے پر دھکیل دیتا ہے۔ انھوں نے مذہبی منافقت پر سوال اٹھایا، تو اس کی قیمت بھی ادا کی۔
آج ہمارے معاشرے میں بلھے شاہ کی ضرورت شاید پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ ہم نے مذہب کو شناختوں میں تقسیم کر دیا، سیاست کو دشمنی میں بدل دیا، ذات اور برادری کو انسان کی قدر کا پیمانہ بنالیا اور غریب کی بھوک کو اکثر نظر انداز کر دیا۔ ہم خواجہ سرا افراد کو عزت دینے میں ہچکچاتے ہیں، عورت کی آواز کو محدود کرتے ہیں، اختلاف کرنے والے کو برداشت نہیں کرتے اور اپنے اپنے نظریات کے گرد ایسی دیواریں کھڑی کرلیتے ہیں، جن سے باہر نکلنے کی کوشش بھی جرم محسوس ہونے لگتی ہے۔
ایسے میں بلھے شاہ ہمارے سامنے ایک آئینہ رکھتے ہیں۔ وہ پوچھتے ہیں کہ اگر تمھاری عبادت تمھیں انسان سے محبت کرنا نہیں سکھاتی، تو تم نے اس عبادت سے کیا حاصل کیا؟
اگر تمھارا علم تمھارے اندر عاجزی پیدا نہیں کرتا، تو اس علم کا فائدہ کیا؟
اگر تمھاری مذہبی شناخت تمھیں کسی دوسرے انسان کو حقیر سمجھنے پر آمادہ کرتی ہے، تو تم نے روحانیت کا کون سا راستہ اختیار کیا؟
اگر تم ایک بھوکے انسان کو روٹی نہیں دے سکتے، تو اس کے سامنے اپنی نیکیوں کا حساب پیش کرنے سے کیا حاصل ہوگا؟
بلھے شاہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے مزار پر چراغ جلانا ہی نہیں، بل کہ اپنے دل میں انسانیت کا چراغ روشن کرنا ہے۔ ان کی کافیوں کو گانا ہی نہیں، ان کے پیغام کو اپنی زندگی میں جگہ دینا ہے۔ ان کے نام کے نعرے لگانا ہی نہیں، ان کے فکر و فلسفے کے مطابق کم زور، محروم اور بے آواز انسانوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔
مجھے بلھے شاہ کے قصور میں واقع مزار کا تصور کرتے ہوئے ہمیشہ ایک عجیب سا منظر دکھائی دیتا ہے۔ ایک طرف وہ مٹی ہے، جس نے اس عظیم شاعر کو اپنے اندر جگہ دی، دوسری طرف وہ آواز ہے، جسے تین صدیوں کی گرد بھی خاموش نہیں کرسکی۔ وہی بلھا جسے کبھی فتوے سنائے گئے، جس کے لیے قبرستان کے دروازے بند کیے گئے، آج اس کے مزار پر ہر رنگ، ہر نسل اور ہر طبقے کے لوگ محبت کا اظہار کرنے آتے ہیں۔ شاید یہ تاریخ کا سب سے خوب صورت جواب ہے کہ انسان کو فتوے نہیں، اس کے افکار زندہ رکھتے ہیں۔ قبرستان نہیں، لوگوں کے دل اسے جگہ دیتے ہیں۔
بلھے شاہ نے اپنی زندگی میں محبت کو جس طرح جیا، وہی ان کی شاعری کا اصل حسن ہے۔ ان کا رقص محض رقص نہیں تھا، ان کا عورت کا لباس پہننا محض ایک ظاہری تبدیلی نہیں تھی، ان کا مرشد سے عشق محض ایک عقیدت نہیں تھی اور ان کی مولویوں پر تنقید محض اختلافِ رائے نہیں تھی۔ یہ سب ایک ایسے انسان کی جد و جہد کے مختلف پہلو تھے، جو دنیا کے بنائے ہوئے خانوں سے نکل کر حقیقت کی تلاش میں تھا۔
وہ ہمیں بتا گئے کہ خدا کی تلاش میں نکلنے والے انسان کو پہلے اپنے اندر کے غرور، نفرت اور تعصب سے لڑنا پڑتا ہے۔ محبت اگر انسان کو انسان سے دور کر دے، تو وہ محبت نہیں، اور مذہب اگر انسان کو انسان کی توہین سکھائے، تو اس کی روح کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
شاید اسی لیے بلھے شاہ آج بھی ہمارے درمیان موجود ہیں۔ ان کے پاؤں کے گھنگروؤں کی آواز آج بھی پنجاب کی فضا میں گونجتی ہے۔ ان کی کافیوں میں آج بھی ہیر اپنے رانجھے کو تلاش کرتی ہے، ایک دل اپنے محبوب کے انتظار میں دھڑکتا ہے، ایک محروم انسان روٹی مانگتا ہے اور ایک بے نام روح اپنی شناخت کی تلاش میں سوال کرتی ہے۔
بلھیا کی جاناں میں کون…؟
اور شاید اس سوال کا سب سے خوب صورت جواب خود بلھے شاہ کی زندگی ہے۔ وہ نہ صرف ایک شاعر تھے، نہ صرف ایک صوفی تھے اور نہ صرف ایک درویش… بل کہ وہ محبت کی وہ آواز تھے، جسے نہ ذات قید کرسکی، نہ مذہب کے نام پر کھڑی کی گئی دیواریں، نہ مولویوں کے فتوے اور نہ قبرستان کے بند دروازے۔
جس شخص کو اس کے زمانے نے جگہ دینے سے انکار کر دیا تھا، وقت نے اسے پوری انسانیت کے دل میں جگہ دے دی۔ یہی بلھے شاہ کی فتح ہے، یہی ان کی شاعری کا معجزہ اور یہی محبت کی ابدی طاقت ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفت گو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔










