جناب والا، ہم اکثر خبروں میں آپ کی کارکردگی کے حوالہ سے دیکھتے اور سنتے چلے آ رہے ہیں۔ شائد آپ لاعلم ہوں، لیکن ہم اہلِ رحیم آباد عرصۂ دراز سے مسائل کا شکار ہیں۔ ان مسائل نے رحیم آباد کے لوگوں کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے۔ اب ایک عرصہ سے جو مسئلہ شدید صورت اختیار کرچکا ہے، وہ پانی کا ہے۔ رحیم آباد میں آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے موجود ٹیوب ویل اہلِ رحیم آباد کی ضرورت پوری نہیں کرتا۔ کیوں کہ ٹیوب ویل سے جو پانی علاقہ میں آتا ہے۔ اس کا دورانیہ بہت مختصر ہوتا ہے، جس سے رحیم آباد کے عوام تشویش کا شکار ہیں۔ اس حوالے سے جو ٹیوب ویل ذمہ داران ہیں، وہ اپنی ڈیوٹی صحیح طریقے سے سرانجام نہیں دے رہے۔ رحیم آباد میں فرمان علی ایڈوکیٹ مارکیٹ کے پیچھے جتنی آبادی ہے۔ یہ پانی کی قلت کی شدید شکار ہے۔ اس علاقہ میں پانی کی ایک بڑی پائپ لائن گزری ہے لیکن وہ تین چار ماہ سے مسلسل بند ہے، جس کی وجہ سے ان لوگوں نے دوسری گلی جو کہ دور ہے، سے پائپ کنکشن لیے ہیں، جس پر دوسری گلی والے خوش نہیں ہیں۔ مسلسل جدوجہد سے عوام تھک چکے ہیں۔ ان کے اندر قوتِ برداشت بھی ختم ہوچکی ہے۔
اس مسئلے پر کئی دفعہ قلم اُٹھایا گیا ہے، لیکن افسوس ابھی تک اس کا کوئی تسلی بخش حل نہیں نکالا گیا۔ نیز ٹیوب ویل ذمہ داران سے بھی اس کے بارے میں بات کی گئی۔ وہ جان چھڑانے کی خاطر آئیں بائیں شائیں کرتے ہیں۔ خدارا، اگر اس مسئلے کی طرف توجہ نہ دی گئی، تو عوام بد دعاؤں پر اتر آئیں گے۔
میاں صاحب، آپ تو سید گھرانے سے ہیں، آپ کو عوام کی تکلیف کا زیادہ احساس ہونا چاہیے۔ ہمیں امید ہے کہ ہماری یہ ٹوٹی پھوٹی تحریر آپ کے دربار تک رسائی ضرور حاصل کرے گی اور آپ ہماری اس تکلیف کا حل ضرور نکالیں گے۔
جزاک اللہ خیر!

…………………………………………….

لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔