تعلیمی نظام میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں، لیکن ہر اصلاح کی کام یابی کا معیار اس کے نتائج ہوتے ہیں۔ حالیہ بورڈ امتحانات میں کیے گئے بعض انتظامی تجربات نے طلبہ، والدین اور اساتذہ کے ذہنوں میں کئی سنجیدہ سوالات پیدا کر دیے ہیں، جن کے جواب دینا متعلقہ حکام کی ذمے داری ہے۔
امتحانات جیسے حساس عمل میں بڑی تعداد میں فریش گریجویٹس کو امتحانی ڈیوٹی سونپنے کا فیصلہ شاید نیک نیتی پر مبنی تھا، لیکن عملی میدان میں یہ فیصلہ کئی مقامات پر مطلوبہ نتائج نہ دے سکا۔ امتحانی ڈیوٹی صرف تعلیمی قابلیت نہیں، بل کہ تجربہ، تحمل، امتحانی قواعد سے مکمل آگاہی اور غیر متوقع حالات میں بروقت اور درست فیصلہ کرنے کی صلاحیت کا تقاضا کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ متعدد امتحانی مراکز سے انتظامی بے ترتیبی، اُمیدواروں کی مناسب راہ نمائی کے فقدان، قواعد کے غیر یک ساں نفاذ اور امتحانی نظم و ضبط میں کم زوری کی شکایات سامنے آئیں۔
طلبہ، خصوصاً طالبات، کو مختلف امتحانی مراکز میں تقسیم کرنے کی پالیسی سب سے زیادہ تشویش ناک پہلو تھا۔ ایک ہی سکول کے طلبہ کو مختلف مراکز میں بھیج دیا گیا، بل کہ کئی خاندانوں کی بہنوں کے امتحانی مراکز بھی الگ الگ مقرر کیے گئے۔ اس فیصلے نے والدین کے لیے شدید مشکلات پیدا کیں۔ ایک ہی وقت میں مختلف مراکز تک بچوں کو پہنچانا، واپس لانا، سفری اخراجات برداشت کرنا اور طالبات کی حفاظت کو یقینی بنانا بہت سے گھرانوں کے لیے ایک اضافی امتحان بن گیا۔
تعلیمی اصلاحات کا مقصد عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہونا چاہیے، نہ کہ ان کی مشکلات میں اضافہ۔
امتحان کے دوران میں امیدواروں کی راہ نمائی کا فقدان بھی ایک اہم مسئلہ رہا۔ بہت سے طلبہ نئے امتحانی مراکز، غیر مانوس ماحول اور ناتجربہ کار عملے کے باعث غیر ضروری ذہنی دباو کا شکار رہے۔ کئی مقامات پر نشستوں کی ترتیب، امتحانی ہدایات، اضافی جوابی شیٹس اور دیگر انتظامی معاملات میں تاخیر نے امتحانی ماحول کو متاثر کیا۔ امتحان صرف نقل کی روک تھام کا نام نہیں، بل کہ ایسا پُرسکون، منظم اور منصفانہ ماحول فراہم کرنا بھی ہے، جس میں ہر طالب علم اپنی بہترین صلاحیت کا اظہار کرسکے۔
قابلِ غور بات یہ ہے کہ اس نوعیت کی شکایات صرف عام سرکاری تعلیمی اداروں تک محدود نہیں رہیں، بل کہ اس قسم کے تحفظات قدیم اور ممتاز مادرِ علمی کے محصلین کی جانب سے بھی سامنے آئے ہیں۔ جب مختلف نوعیت کے اداروں سے ملتے جلتے خدشات سامنے آئیں، تو انھیں محض انفرادی شکایات قرار دے کر نظر انداز کرنا مناسب نہیں، بل کہ ان کا غیر جانب دارانہ جائزہ لینا وقت کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں طلبہ، والدین، اساتذہ، امتحانی عملے اور اداروں سے باقاعدہ آرا حاصل کی جائیں اور جہاں خامیاں ثابت ہوں، وہاں اصلاحات سے گریز نہ کیا جائے۔
تعلیمی نظام تجربہ گاہ نہیں ہوتا۔ یہاں کیے جانے والے ہر فیصلے کا اثر لاکھوں طلبہ کے مستقبل، والدین کے اعتماد اور معاشرے کی امیدوں پر پڑتا ہے۔ اصلاحات ضرور ہونے چاہییں، مگر ایسی اصلاحات جو زمینی حقائق، انتظامی صلاحیت اور عوامی سہولت کو سامنے رکھ کر کی جائیں۔ بہ صورتِ دیگر، نیک نیتی سے کیے گئے فیصلے بھی اپنی اِفادیت کھو بیٹھتے ہیں۔
اُمید کی جاتی ہے کہ متعلقہ حکام ان شکایات کو تنقید نہیں، بل کہ تعمیری مشورہ سمجھتے ہوئے آیندہ امتحانی پالیسیوں میں ضروری بہتری لائیں گے، تاکہ امتحانی نظام واقعی شفاف، منصفانہ، منظم اور طلبہ دوست بن سکے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفت گو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔










