ملاکنڈ ڈویژن، خیبرپختونخوا کا وہ خطہ ہے، جو نہ صرف قدرتی حسن اور ثقافتی تنوع میں اپنی مثال آپ ہے، بل کہ یہاں کی عوامی قیادت بھی خلوص، دیانت داری اور عملی خدمات میں ممتاز مقام رکھتی ہے۔
انھی درخشاں چہروں میں ایک نام ہے جناب عبدالرحیم کا، جو اِس وقت ملاکنڈ ڈویژن ٹریڈرز فیڈریشن کے صدر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
٭ تاجر برادری کے مضبوط محافظ:۔ جناب عبدالرحیم نہ صرف تاجر برادری کی آواز ہیں، بل کہ اُن کے دکھ سکھ میں برابر کے شریک رہتے ہیں۔ اُن کی قیادت میں ملاکنڈ ڈویژن کے تاجروں نے اتحاد، تنظیم اور جد و جہد کی وہ مثال قائم کی ہے، جو پورے صوبے میں قابلِ تقلید ہے۔ چاہے بجلی، ٹیکس کا مسئلہ ہو یا قانون اور امن کی صورتِ حال ہو، عبدالرحیم صاحب ہمیشہ صفِ اول میں موجود ہوتے ہیں۔
٭ ٹیکس نفاذ کے خلاف موثر عوامی آواز:۔ گذشتہ چند برسوں میں ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس نافذ کرنے کی کوششوں نے ایک شدید عوامی ردِعمل کو جنم دیا۔ یہ وہ موقع تھا جب عبدالرحیم صاحب نے صرف تاجر برادری ہی نہیں، بل کہ تمام مکاتبِ فکر، سیاسی جماعتوں، بار کونسل، ٹرانسپورٹرز، اسکول ایسوسی ایشنز، طلبہ اور سول سوسائٹی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے ایک متحد اور مربوط عوامی تحریک کی بنیاد رکھی۔
عبد الرحیم صاحب کی قیادت میں ملاکنڈڈویژن میں ٹیکس نفاذ کے خلاف جو آواز بلند ہوئی، وہ صرف احتجاجی نعرہ نہیں، بل کہ ایک عوامی شعور کی بیداری تھی۔ اُنھوں نے اس قومی ایشو کو سیاست سے بالاتر ہو کر ایک اجتماعی عوامی مفاد کا مسئلہ بنایا۔
یہ عبد الرحیم صاحب کی صلاحیت ہے کہ مختلف الخیال طبقات کو یک جا کرکے ایک بیانیہ دیا جائے۔ یہ اُن کی سیاسی بصیرت اور قیادت کی پختگی کا ثبوت ہے۔
٭ قومی سطح کے فیصلوں پر اثر انداز قیادت:۔ عبدالرحیم صاحب نے ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس نفاذ کے خلاف صرف بیانات تک محدود رہنے کی بہ جائے، میدانِ عمل میں اپنی موجودگی کو یقینی بنایا۔ اُنھوں نے وکلا برادری سے مشاورت کی، پریس کانفرنسز کیں، امن واک اور مظاہرے کیے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنے کا ہنر دکھایا۔ یہ اُن کی عوامی مقبولیت اور قائدانہ صلاحیت ہی تھی کہ حکومتی ایوانوں تک اس احتجاج کی گونج پہنچی اور ٹیکس نفاذ کے خلاف جیسے غیر مقبول فیصلے پر نظرِ ثانی کا ماحول پیدا ہوا۔
٭ انسان دوستی اور سماجی خدمت کا سفر:۔ عبد الرحیم صاحب کی سماجی خدمات بھی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ غریبوں کی مدد، تعلیمی وظائف اور قدرتی آفات کے دوران میں فوری امدادی سرگرمیاں یہ سب اُن کی انسانی ہم دردی کے مظاہر ہیں۔
عبد الرحیم صاحب کی شخصیت صرف ایک تاجر راہ نما کی نہیں، بل کہ ایک سماجی کارکن، اصلاحی مشیر اور قومی ترجمان کی ہے۔
٭ اتفاق و اتحاد کے سفیر:۔ آج کے سیاسی انتشار اور ذاتی مفادات کے ماحول میں عبدالرحیم صاحب جیسے لوگ نعمت سے کم نہیں۔ وہ اختلاف کو دشمنی نہیں، بل کہ ترقی کا راستہ سمجھتے ہیں۔ اُن کی کوشش ہمیشہ یہ رہی ہے کہ اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، اور اجتماعی فلاح کو اولین ترجیح دی جائے۔
ملاکنڈ ڈویژن آج جس بیداری، اتحاد اور شعور کا مظہر ہے، اس کے پیچھے عبدالرحیم صاحب جیسے مخلص اور دیانت دار قائدین کی جد و جہد ہے۔ ہمیں ایسے افراد کی قدر کرنی چاہیے جو قوم، معاشرہ اور انسانیت کے لیے جیتے ہیں۔
عبدالرحیم صاحب بلاشبہ ایک روشن چراغ ہیں، جو اندھیروں میں بھی روشنی بانٹتے ہیں۔
ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ عبدالرحیم صاحب کی کاوشوں کو مزید قبول فرمائے، اور اُنھیں طاقت دے کہ وہ قوم کی خدمت کا یہ مقدس سفر جاری رکھ سکیں۔
اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو، آمین!
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔
