جناب شجاع الملک دراصل پیرداد خان کے لختِ جگر ہیں۔
مینگورہ شہر کے آبائی لوگ شجاع الملک صاحب کو ’’منیجر صاحب‘‘ کَہ کر اُن کی ساری خوبیوں کا احاطہ کرلیتے ہیں۔ اس ایک لفظ (منیجر صاحب) میں اُن کی شخصیت، شرافت، خوش مزاجی، رکھ رکھاو، اپناپن اور نجانے دیگر کون کون سی خوبیوں مضمر ہیں۔
دراصل بینکنگ، اُس وقت سوات میں ایک نیا شعبہ تھا۔ سرمایہ دارانہ نظام نیم قبائلی نظام کو ہڑپ رہا تھا۔ ویسے بھی ایک نیم قبائلی اور نیم جاگیر دارانہ نظام میں سرمایہ دارانہ نظام کے چونچلے بری نظر سے دیکھے جاتے ہیں۔ کہیں اسے مزاج کے خلاف، کہیں نظریات کے خلاف اور کہیں مذہب سے متصادم گردانا جاتا ہے۔ معروضی حالات جب بادِ مخالف کا کام دیتے ہوں، منبر و مسجد کی ناپسندیدگی بھی شامل ہو اور معاشرتی تنقید بھی ساتھ ہو، تو ایسے ماحول میں بینک کی ملازمت اور پھر سوات سے کسی مقامی شخص کا پہلا زونل چیف بننا اور وہ بھی 100 فی صد قومی بینک ’’نیشنل بینک آف پاکستان‘‘ میں…… یقینا ایک بڑا کارنامہ ہے۔
شجاع الملک صاحب جہان آباد، منگلور (سوات) میں 1945ء میں پیدا ہوئے۔ تعلیم، مردان میں حاصل کی۔ اسلامیات میں ماسٹرز کی ڈگری لی۔ کتاب سے مصروفیات کے باوجود رشتہ قائم رکھا۔ کچھ طبیعت اور کچھ پیشہ ورانہ ضرورت، مگر معاشرتی زندگی میں متحرک رہنے کی بھرپور کوشش کی۔
منیجر صاحب نے بڑی محنت سے اپنا کام کیا۔ نیشنل بینک آف پاکستان میں نہ صرف اندرونِ ملک بل کہ بیرونِ ملک بھی خدمات سر انجام دیں۔
اپنی قابلیت، دل چسپی اور محنت سے پاکستان میں بینک کے سینئر وائس پریزیڈنٹ تک ترقی کی۔ اسی شان دار کارکردگی سے متاثر ہوکر بینک نے اُن سے بیرونِ ملک خدمات لینے کا فیصلہ کیا۔ بشکیک (کرغستان) میں 8 سال نیشنل بینک کے جنرل منیجر رہے اور کاروباری اور پاکستانی کمیونٹی کی مدد کرتے رہے۔
منیجر صاحب 2003ء میں بینک کے اعلا عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ سماجی خدمات کے صلے میں ڈی آر سی ممبر مینگورہ پولیس سٹیشن مقرر ہوئے۔ اب عدالت سے پہلے صلح صفائی اور میل ملاپ کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ منیجر صاحب ایک ملن سار اور خوش مزاج شخصیت ہیں۔ تعلیم اور تجربات کے ساتھ بیرونِ ملک خدمات نے اُن کی شخصیت میں دور اندیشی اور معاملہ فہمی کی طاقت پیدا کی۔ وہ بہ یک وقت ایک اچھے انسان، قابلِ فخر دوست، با رُعب ’’مشر‘‘، دوست جیسے والد اور ایک غم گسار ساتھی ہیں ۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو لمبی زندگی مع اچھی صحت عطا فرمائے، آمین!
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔
