’’پلمونری ایمبالزم‘‘ بیماری کیا ہے؟

Blogger Doctor Noman Khan

’’پلمونری ایمبالزم‘‘ (Pulmonary Embolism) ایک ایسی بیماری ہے، جس میں انسان کے پھیپڑوں کی شریانوں میں خون جم جاتا ہے اور پھیپڑوں کا وہ حصہ جس کو یہ شریانیں خون سپلائی کرتی ہیں، مفلوج یا مسدود ہو جاتا ہے۔
یہ جما ہوا خون کا لتھڑا یا لتھڑے عام طور پر بدن کے دوسرے حصوں (خاص طور پر نچلے حصوں) مثلاً: پنڈلیوں، ران یا پیٹ کی رگوں سے آتے ہیں۔
انسانی بدن کے نچلے حصے میں جما ہوا خون کسی وجہ سے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم ہوکر رگوں میں سے ہوتا ہوا آخرِکار دل کے دائیں طرف میں داخل ہوجاتا ہے اور پھر یہاں سے پھیڑوں کی شریانوں میں داخل ہوجاتا ہے۔
اگر خون کا یہ لوتھڑا سائز میں چھوٹا ہو، تو ان شریانوں میں آسانی سے سفر کرتا ہوا تنگ شریانوں میں پہنچ جاتا ہے اور وہاں پھنس کر پھیپڑوں کی خون کی سپلائی کو بند کرنے کے بعد اس حصے کے ناکارہ ہونے کا سبب بن جاتا ہے۔
اگر جمے ہوئے خون کا لوتھڑا سائز میں بڑا ہو، تو پھیپڑوں کی بڑی شریانوں میں پھنس کر زیادہ نقصان اور کبھی کبھار موقع پر موت واقع ہونے کا سبب بن جاتا ہے ۔
’’پلمونری ایمبالزم‘‘ کی علامات درجِ ذیل ہیں:
1:۔ سانس کا پھول جانا۔
2:۔ سینے میں درد محسوس ہونا۔
3:۔ کھانسی اور بلغم میں خون کا آنا۔
4:۔ دل کی دھڑکن کا تیز ہونا۔
5:۔ بلڈ پریشر (فشارِ خون) کا گر جانا اور چکر آنا۔
اگر بروقت تشخیص اور علاج نہ کیا جائے، تو کئی طرح کی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔ کبھی کبھار موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ عام طور پر بروقت علاج نہ کرنے سے سانس کی شریانوں میں بلڈ کا پریشر مستقل طور پر بڑھ جاتا ہے، جس کو ’’پلمونری ہائپر ٹینشن‘‘ (Pulmonary hypertension) کہتے ہیں جو کہ مستقل طور پر سانس پھول جانے کا سبب بنتا ہے۔
یاد رہے سانس کی ہر بیماری دمہ نہیں ہوتی اور نہ اس کا علاج ہمیشہ سٹیرائڈ انجکشن یا انہیلر ہی ہوتا ہے۔ پلمونری ایمبالزم کی بروقت تشخیص اور علاج بہت ضروری ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے