ریٹائرمنٹ ایک ایسا دورانیہ ہے کہ جس کو آپ باقاعدہ منصوبہ بندی اور بہترین گزارنے کی تدبیر کے ساتھ ترتیب نہ دیں، تو یہ آپ کو مریض بنا دے گا۔ اس کے لیے آپ کو اپنے کمرے سے محبت کرنا ہو گی۔ ایسی محبت کہ کمرہ آپ کو برداشت کرے۔ کیوں کہ یہ ایک المیہ رہا ہے کہ آپ پوری زندگی اپنے کمرے سے محبت نہیں کر پاتے اور 70 سال کی عمر میں جب آپ کے پاس سوائے اس کمرے کے وقت گزارنے کو کوئی جگہ نہیں ہوتی، تو پھر یہ کمرہ آپ کو کاٹ کھانے کودوڑتا ہے۔ اور پھر آپ رفتہ رفتہ مریض بن جاتے ہیں۔
سید شاہد عباس کاظی کی دیگر تحاریر کے لیے لنک پر کلک کیجیے:
https://lafzuna.com/author/said-shahid-abbas-kazmi/
میرا دل چاہتا ہے، تو رات 3 بجے اپنے کمرے میں بچھے ’’گالف میٹ‘‘ پہ پریکٹس شروع کر دیتا ہوں…… اور قرآن کریم کی باقاعدہ واضح تلاوت کو گھنٹوں سنتا رہتا ہوں۔ مجھے یہ احساسِ کامل ہوتا ہے کہ اس وقت موجود فرشتے بھی میرے ساتھ یہ تلاوت سن رہے ہوتے ہیں اور کمرے کے در و دیوار بھی۔
کمرے میں ہوا پینٹ، اس کے در و دیوار، بچھا ہوا کارپٹ (یا کچا فرش ہی کیوں نہ ہو)، چرچراتے کواڑ، ملگجی روشنی، ہر چیز سے محبت کی جائے، تو ہی کمرہ بھی آپ کو اپناتا ہے۔ کیوں کہ عمر کا ایسا حصہ کہ جب آپ مشقت کرنے کے قابل نہیں رہتے اور نہ زیادہ مسافت ہی طے کرسکتے ہیں، تو پھر کمرے میں صرف وقت گزرانا مقصود نہیں ہوتا بلکہ کمرے سے محبت کر کے ہی آپ خوش رہ سکتے ہیں۔
سیاست، حالاتِ حاضرہ، معیشت، لڑائی جھگڑوں پہ قلم کو جنبش دینے کی بجائے آج اس تحریر کی وجہ ایک بزرگ بنے۔ پارکنسن کی بیماری کا شکار 80 سالہ بزرگ اپنی روداد سنانا شروع ہوئے، تو ایسا محسوس ہوا کہ یہ المیہ تو انسان کو ہمیشہ سے درپیش رہا ہے…… اور خاص طور پر پاکستان میں یہ تاثر تقویت پاچکا ہے کہ بس ریٹائرمنٹ ہوئی اور بندہ کام کام کے قابل نہیں رہا۔ ہمارا معاشرہ بھی فارغ کَہ کے انسان کو بیمار بنا دیتا ہے۔
بسا اوقات تو ایسا ہوتا ہے کہ انسان لوگوں کی باتوں اور اپنوں کی کج ادائی کی وجہ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کا اکثر وقت بستر پہ ایک مریض کی صورت ہی گزار دیتا ہے۔
مجھے حیرانی اس لیے بھی ہوئی کہ اگر پارکنسن کا ایک مریض اس پیرانہ سالی اور بیماری کے عالم میں گالف کی سٹک ہاتھوں میں تھام کے زندگی جی رہا ہے، تو ہم میں سے اکثریت زندگی کا یہ لطف کیوں اٹھا نہیں پا رہی؟
گالف چلیں ایک مہنگا کھیل ہی سہی، مان لیا…… لیکن مڈل کلاس میں بھی بغور جایزہ اس حقیقت سے پردہ اُٹھا دیتا ہے کہ اکثر اوقات 60 سال کی مدت پوری کرنے اور ریٹائرمنٹ کے بعد ہمارے بزرگ گوشہ نشیں ہوجاتے ہیں…… اور اس میں زیادہ کردار ہماری نسل کا ہے کہ ہم ان کو یہ احساس دلاتے ہیں کہ وہ بس اب معاشرے کا اضافی بوجھ ہیں۔
کتنے ہی بزرگ ایسے ہیں کہ تکنیکی شعبہ جات سے فراغت پاتے ہیں۔ ہماری نسل کے کتنے افراد ہیں جو ان سے ان کی ملازمت کے دوران میں پیش آنے والے واقعات میں دلچسپی لیتے ہیں؟
کتنے افراد ایسے ہیں جو ریٹائرڈ برزگان سے ان کا فن سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں؟ـ
اور کتنے افراد ہیں جو اپنے ریٹائرڈ بزرگ افراد کی دلچسپی کا سامان ان کے کمرے میں مہیا کرنے کا سوچتے ہیں؟
ہم ہمیشہ نانیوں، دادیوں کی کہانیوں کو ایک طویل عرصہ مثال بناتے رہے…… لیکن ہم آج کیا کر رہے ہیں؟ ہم لاکھوں روپے خرچ کر رہے ہیں، خود ساختہ موٹی ویشنل اسپیکرز کے لیکچرز تو سن رہے ہیں، لیکن ہم اپنے ریٹائرڈ بزرگوں کی کہانیوں میں کیوں دلچسپی نہیں لیتے؟
ایک سویپر (Sweeper) سے لے کے 22 گریڈ کے افسر تک آپ اگر ریٹائرڈ لوگوں کی کہانیاں سنیں، تو یقین مانیے ہمیں کسی موٹیویشنل اسپیکر کی تو ضرورت ہی نہیں رہے گی۔
سونے پہ سہاگا یہ کہ بزرگ افراد آپ کو مفت میں یہ لیکچر دیں گے…… جن کے لیے آپ سے خودساختہ موٹیویشنل اسپیکر لاکھوں روپے اینٹھ لیتے ہیں۔
"Falling in love with your room” یہ کہنے کو تو اُن بزرگ کا ایک چھوٹا سا جملہ تھا…… لیکن اس ایک جملے میں ایسے گماں ہوا کہ جیسے ہم ڈھلتی عمر کا ایسا حسین رُخ کھو بیٹھے ہیں جو ہمارے لیے کتنا مفید ہوسکتا ہے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد کمرے میں ایک پرانی ٹیبل، بوسیدہ کرسی، اُگلدان، لحاف، زمانۂ قدیم کا بستر، چرچراتے کواڑ اور کسی کے آنے کی اُمید…… ہمارے ہاں بزرگوں کی اکثریت اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد کچھ ایسا ہی منظر نامہ پاتی ہے…… اور اس میں بنیادی تصحیح یہی مقصود ہے کہ کسی سے اُمید کی بجائے اپنے کمرے سے محبت کیجیے۔
دل جو پوری زندگی نہیں کر پایا، وہ کیسے کیا جائے…… اس ریٹائرمنٹ کی زندگی میں یہ اصل سوچ اپنانا ہمیں بہت سے نفسیاتی مسایل سے نجات دے سکتا ہے۔ اپنے کمرے کے در و دیوار کو اپنی منشا کے مطابق ترتیب دیتے ہوئے، ایک قالین سے صوفے تک اپنی سوچ کے مطابق ڈھالنا اور اپنے کمرے میں وقت ایسے گزارنا کہ جیسے اپنی کسی پسندیدہ جگہ پہ چھٹیاں انجوائے کر رہے ہوں، جیسا طرز عمل بظاہر مشکل لگتا ہے…… لیکن سوال پھر بھی یہی ہے کہ پارکنسن کا ایک مریض اگر ایسا انداز اپنا سکتا ہے، تو ریٹائرمنٹ کے وقت مکمل صحت مند افراد ایسا مثبت رجحان کیوں اپنے اندر پیدا نہیں کرسکتے……؟
بزرگوار کے مذکورہ ایک جملے میں نہ صرف بھرپور زندگی گزارنے والے بزرگوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے بلکہ نوجوان نسل کے لیے بھی ایک لایحۂ عمل موجود ہے کہ سب سے پہلے تو ہمیں اُس جگہ سے محبت ہونی چاہیے، جہاں ہم تمام جہاں کے جھمیلوں سے آزاد ہو کر آتے ہیں۔
اگر ہم انتہائی پریشاں کن حالات کے بعد بھی ایسی جگہ سستائیں کہ جس کے درو دیوار سے ہماری محبت جھلک رہی ہو، تو یقین مانیے ہم نجانے کتنی ہی پریشانیاں پسِ پشت ڈال دیں گے۔
اپنے کمرے کے ایک ایک انچ کو اپنی خواہشات، حسرتوں اور محبتوں کے احساس سے ترتیب دیتے ہوئے یقین مانیے آپ کا دل خود کہے گا کہ "Falling in love with my room” اور اس محبت میں گرفتار ہو کر یہی محبت ریٹائرمنٹ کے بعد بھی قایم رہے گی۔
…………………………………….
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔