تبصرہ: تنویر گھمن
سب سے قیمتی سرمایہ ہمارا وقت اور توجہ ہیں، لیکن آج کے ڈیجیٹل دور میں ہم انھیں غیر ضروری اسکرین ٹائم اور بے مقصد سکرولنگ میں ضائع کر رہے ہیں۔
’’کیل نیوپورٹ‘‘ (Cal Newport) کی یہ کتاب (Digital Minimalism) ہمیں ٹیکنالوجی کو بہتر استعمال کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔مصنف موثر حکمت عملیوں کے ذریعے یہ بتاتے ہیں کہ ہم اپنی ڈیجیٹل عادات کو کیسے منظم کرسکتے ہیں؟
٭ پہلی حکمتِ عملی:۔ پہلی حکمتِ عملی ڈیجیٹل ڈیٹوکس ہے۔ یہ تھوڑا سخت لیکن ضروری ہے۔ مصنف کہتے ہیں ک ہم 30 دن کے لیے تمام غیر ضروری ڈیجیٹل سرگرمیوں کو مکمل بند کر دیں۔ سوشل میڈیا، غیر ضروری موبائل ایپس اور بے مقصد ویب براؤزنگ کو روک دیں۔ یہ وقفہ ہمیں اپنی روٹین پر نظر ڈالنے اور سمجھنے کا موقع دے گا کہ ہم اپنی زندگی میں ٹیکنالوجی کا استعمال شعوری طور پر کر رہے ہیں یا لاشعوری طور پر۔ 30 دن کے بعد، ہم صرف اُن ٹیکنالوجیز کو اپنی زندگی میں دوبارہ شامل کریں، جو ہماری پروڈکٹیوٹی، ذہنی سکون اور خوشی میں اضافہ کرتی ہیں۔
٭ دوسری حکمتِ عملی:۔ دوسری حکمتِ عملی ہائی کوالٹی لیژر کو فروغ دینا ہے۔ ’’نیوپورٹ‘‘ یہ واضح کرتے ہیں کہ جب ہم اسکرین ٹائم کو کم کر دیتے ہیں، تو ہمیں اپنی حقیقی زندگی کے لیے زیادہ وقت اور توانائی ملتی ہے۔ ہمیں اس اضافی وقت کو بامقصد سرگرمیوں میں لگانا چاہیے ، جیسے کتابیں پڑھنا، ورزش کرنا، کسی تخلیقی کام میں مشغول ہونا، فطرت کے قریب جانا یا دوستوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنا۔
٭ تیسری حکمتِ عملی:۔ تیسری حکمت عملی سوشل میڈیا کو محدود اور بامقصد بنانا ہے۔ زیادہ تر لوگ سوشل میڈیا کو ’’رینڈملی‘‘ استعمال کرتے ہیں۔ وہ غیر ضروری انفارمیشن میں اُلجھ کر اپنا قیمتی وقت ضائع کرتے ہیں۔ ’’نیوپورٹ‘‘ تجویز کرتے ہیں کہ ہمیں سوشل میڈیا کو اپنے مقاصد حاصل کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہیے اور اس کے لیے بھی وقت مخصوص کرنا چاہیے۔ ہمیں اپنی نیوز فیڈ کو ترتیب دینا چاہیے، تاکہ ہم صرف وہی مواد دیکھیں جو ہمارے لیے واقعی مفید ہو۔
٭ چوتھی حکمتِ عملی:۔ چوتھی حکمتِ عملی ایک وقت میں ایک کام پر فوکس کرنا ہے۔ مسلسل ڈیجیٹل مصروفیت ہماری توجہ کو منتشر کر دیتی ہے۔ ہم ہر وقت نوٹیفکیشنز، میسیجز اور ای میلز میں الجھے رہتے ہیں اور کسی بھی کام پر مکمل توجہ نہیں دے پاتے۔ اس کا حل یہ ہے کہ ہم اپنی ڈیجیٹل زندگی کو اس انداز میں ترتیب دیں کہ کسی ایک کام پر مکمل دھیان دے سکیں۔ ہمیں کام کے دوران میں موبائل، سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل خلفشار سے مکمل دور رہنا چاہیے۔ورنہ کچھ فیس بک کیا، کچھ کام کیا کا نتیجہ سوائے ناکامی کے اور کچھ نہیں ۔
٭ پانچویں حکمتِ عملی:۔ پانچویں حکمتِ عملی ڈیجیٹل ٹولز کے لیے سخت معیار قائم کرنا ہے۔ ’’نیوپورٹ‘‘ تجویز کرتے ہیں کہ ہمیں ہر ڈیجیٹل ٹول کو استعمال کرنے سے پہلے خود سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ کیا یہ واقعی میری زندگی کو بہتر بنا رہا ہے؟ اگر کوئی ایپ، ویب سائٹ یا سوشل میڈیا پلیٹ فارم صرف وقت ضائع کرنے کا سبب بن رہا ہے، تو ہمیں اسے ڈیلیٹ یا لاگ آؤٹ کر دینا چاہیے۔
یہ کتاب ہمیں سکھاتی ہے کہ ہم اپنی ڈیجیٹل روٹین کو منظم کرکے زیادہ پُرسکون، خوش حال اور موثر زندگی گزار سکتے ہیں۔ ہم اپنی زندگی کے اُن پہلوؤں پر زیادہ توجہ دے سکتے ہیں، جو ہمارے لیے واقعی اہم ہیں، جیسے کہ گہرے تعلقات، بامقصد کام،اور تخلیقی صلاحیتیں ۔ ہم ہر وقت اسکرین کے سامنے رہنے کے دباؤ سے آزاد ہو کر ہم اپنی زندگی میں نئی توانائی اور تروتازگی محسوس کرسکتے ہیں۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔
