ریاست سوات میں لکڑی کی دست کاری

Blogger Riaz Masood

(نوٹ:۔ یہ تحریر محترم فضل رازق شہابؔ کی انگریزی یادداشتوں میں سے ایک کا ترجمہ ہے، مدیر لفظونہ ڈاٹ کام)
روایتی طور پر، سوات میں لکڑی کی دست کاری گھروں کے دروازے بنانے، شہ تیر اور کڑیاں تیار کرنے، آرایشی محرابوں، گنبدوں اور مساجد و حجروں کے کندہ کاری والے دروازوں تک محدود تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ چرمی پٹیوں سے بُنے ہوئے سادہ لکڑی کی کرسیاں بھی بنائی جاتی تھیں۔ ایک خاص قسم کی بڑی الماری بھی عام تھی جس کے چار پائے ہوتے تھے اور اس میں ایک چھوٹا کھڑکی نما سلائیڈنگ دروازہ ہوتا تھا۔ اس الماری کو ’’تَونڑئی‘‘ (Thawnai) کہا جاتا تھا اور اس کا استعمال گھریلو کپڑے وغیرہ ذخیرہ کرنے کے لیے ہوتا تھا…… لیکن سوات ریاست کے قیام کے بعد، زیادہ جدید ماہر کاریگروں کی ضرورت محسوس ہوئی۔
ان شعبوں میں جہاں مقامی لوگوں کا کوئی کردار یا مہارت نہیں تھی، وہاں ریاست سے باہر کے نیم تعلیم یافتہ افراد سوات میں آکر ملازمتیں حاصل کرلیتے تھے۔ اسی طرح، رقص کرنے والی خواتین اور ان کے موسیقی کے گروپ بھی اس پیشے میں خلا بھرنے کے لیے آئے۔
فرنیچر کی صنعتیں بھی پیشہ ور ماہرین کی کمی سے متاثر تھیں۔ کیوں کہ لوگوں کو ان گھروں کے لیے کرسیاں، میزیں اور صوفہ سیٹ کی ضرورت تھی، جو اس کی استطاعت رکھتے تھے ۔ لہٰذا فرنیچر کے کام سے متعلق کچھ خاندان سوات آئے اور مینگورہ میں آباد ہوگئے، جو سوات کا ایک بڑھتا ہوا تجارتی مرکز تھا۔ یہ بڑھئی زیادہ تر مردان سے آئے تھے اور کچھ وقت بعد انھوں نے زمینیں خریدیں اور مینگورہ کے ترقی پذیر شہر میں بڑے گھروں اور لکڑی کے کام کی فیکٹریاں تعمیر کیں۔
مَیں ان چند کاریگروں کے نام ذکر کرنا چاہوں گا جنھوں نے اپنی محنت و قابلیت کے بل بوتے پر سوات کے حکم رانوں اور عام لوگوں میں بھی عزت و احترام حاصل کیا اور دولت بھی کمائی۔ ان میں شامل ہیں:
:1۔ حاجی خان گل۔
2:۔ حاجی انظر گل۔
3:۔ محمد غلام۔
4:۔ فرید گل۔
5:۔ دانی گل۔
6:۔ عمر گل۔
انھوں نے ریاست میں سکولوں، ریسٹ ہاؤسز، ہسپتالوں، دفاتر اور تمام تحصیلوں اور ریاست کے سیکرٹریٹ میں فرنیچر کی فراہمی کے معاہدے بھی حاصل کیے۔ اس طرح انھوں نے بہت ترقی کی اور ان میں سے زیادہ تر سوات میں مستقل طور پر آباد ہوگئے۔ اب ان کی تیسری نسل ہے، جو سوات میں موجود ہے۔ ان میں سب سے مشہور فرید گل ہیں، جنھوں نے قمبر، سوات میں معروف ’’فائن فرنیچر‘‘ قائم کی ہے۔ ان کے پاس ایک بہت بڑا شو روم ہے، جو خوب صورتی سے سجایا گیا ہے، جہاں جدید مشینری کا استعمال کیا جاتا ہے اور ہنر مند کاریگروں کو اچھی تنخواہ دی جاتی ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

One Response

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے