ارسطو کو جس نے آسان کرکے دنیا کو سمجھایا، وہ عظیم فلسفی، سائنس دان اور محقق ’’ابنِ رُشد‘‘ تھے۔
اندلس کی سر زمین پر جب علم، فلسفہ، طب، فلکیات اور فقہ ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ہوکر انسانی فکر کو نئی جہتیں دے رہے تھے، اُسی عہد میں ابنِ رشد ابھرے جنھوں نے مشرق و مغرب دونوں کی فکری تاریخ پر گہرے نقوش چھوڑے۔ جنھیں مغرب میں "Averroes” کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔
ہمہ جہت ابنِ رشد صرف ایک فلسفی نہیں تھے، بل کہ ایک طبیب، قاضی، منطق دان، مفسرِ ارسطو، ماہرِ قانون اور سائنسی فکر کے حامی بھی تھے۔ اُن کی زندگی اس کش مہ کش کی علامت ہے، جس میں عقل اور روایت، فلسفہ اور مذہب، تحقیق اور تقلید ایک دوسرے کے مقابل کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ ابنِ رشد نے اس تصادم کو ختم کرنے کی کوشش کی اور یہ ثابت کرنے کی سعی کی کہ اگر عقل صحیح ہو اور دین کو صحیح طور پر سمجھا جائے، تو دونوں میں کوئی تضاد نہیں رہتا۔
ابنِ رشد 1126ء میں قرطبہ کے ایک ایسے خاندان میں پیدا ہوئے، جس کا تعلق قضا اور فقہ سے تھا۔ اُن کے والد اور دادا دونوں نام ور قاضی تھے۔ یہی وجہ تھی کہ ابتدائی تعلیم میں فقہ، حدیث اور دینی علوم کو بنیادی حیثیت حاصل رہی، لیکن اُن کی ذہنی جست جو صرف روایت تک محدود نہ رہی۔ جلد ہی اُن کی توجہ فلسفہ، طب، ریاضی، فلکیات اور منطق کی طرف مبذول ہوئی۔ اندلس اُس زمانے میں اسلامی دنیا کا ایک روشن مرکز تھا، جہاں یونانی علوم کے تراجم، عربی فلسفے کی روایت اور سائنسی تحقیق فروغ پا رہی تھی۔ ابنِ رشد نے اُسی ماحول میں اپنی فکری شخصیت تعمیر کی۔ وہ خصوصی طور پر ارسطو سے جنوں کی حد تک متاثر تھے۔ اُنھوں نے ارسطو کی تقریباً تمام اہم کتابوں پر شرحیں لکھیں اور اس حد تک اُن کے افکار کی وضاحت کی کہ یورپ میں اُنھیں "The Commentator” یعنی ’’شارحِ اعظم‘‘ کہا جانے لگا۔
ابنِ رشد کا یہ یقین تھا کہ کائنات کو سمجھنے کے لیے عقل، خدا کی عطا کردہ سب سے بڑی نعمت ہے۔ اُن کے نزدیک مذہب انسان کو حق تک پہنچنے کی دعوت دیتا ہے اور فلسفہ بھی اسی حق کی عقلی جست جو کا نام ہے۔ یہی تصور ابنِ رشد کے پورے فلسفے کی بنیاد بنا۔ اُنھوں نے اپنی مشہور کتاب ’’فصل المقال‘‘ میں یہ استدلال پیش کیا کہ شریعت انسان کو غور و فکر کی دعوت دیتی ہے، اس لیے فلسفہ دراصل دین کے خلاف نہیں، بل کہ دین کے تقاضوں میں شامل ہے۔
ابنِ رشد کے مطابق اگر کسی مذہبی متن کا ظاہری مطلب عقل کے یقینی نتائج سے متصادم ہو، تو اُس متن کی تاویل کی جاسکتی ہے۔ یہی وہ نکتہ تھا، جس نے بعد میں اُن کے مخالفین کو شدید ردِعمل پر آمادہ کیا۔
ابنِ رشد کے فکری سفر میں سب سے اہم اور متنازع تعلق امام غزالی کے ساتھ تھا۔ اگرچہ دونوں کبھی بہ راہِ راست نہیں ملے، کیوں کہ غزالی، ابنِ رشد کی پیدایش سے قبل وفات پاچکے تھے… لیکن فکری دنیا میں ان دونوں کا مکالمہ صدیوں تک جاری رہا، اور ہمارے جیسے معاشروں میں آج بھی جاری ہے۔
غزالی نے اپنی مشہور کتاب ’’تہافۃ الفلاسفہ‘‘ میں مسلمان فلسفیوں، خصوصاً ابنِ سینا اور الفارابی کے بعض نظریات پر شدید تنقید کی تھی اور اعتراضات اٹھائے تھے۔ امام غزالی کا خیال تھا کہ فلسفیوں نے یونانی فکر سے ضرورت سے زیادہ اثر قبول کیا اور بعض معاملات میں اسلامی عقائد سے انحراف کیا، جیسے عالم کی ازلیت، خدا کے علم کی نوعیت اور حشرِ جسمانی کا انکار وغیرہ۔ غزالی کے نزدیک عقل اہم ضرور ہے، لیکن اس کی حدود ہیں، جب کہ وحی حتمی حقیقت کا سرچشمہ ہے۔
ابنِ رشد نے غزالی کی تنقید اور اعتراضات کا بھرپور انداز سے جواب دیا۔ یہ محض ایک فلسفیانہ ردِعمل نہیں تھا، بل کہ اسلامی فکر میں عقل اور مذہب کے تعلق پر ایک عظیم مباحثہ تھا۔ ابنِ رشد کا مؤقف تھا کہ غزالی نے فلسفے کو صحیح طور پر نہیں سمجھا اور فلسفیانہ استدلال کو غیر ضروری طور پر مشکوک بنا دیا۔ یہ بہت بڑی بات کی اُنھوں نے اور اس کی قیمت بھی ادا کی۔
ابنِ رشد کہتے تھے کہ اگر عقل خدا کی عطا ہے، تو اسے استعمال کرنا ایمان کے خلاف کیسے ہوسکتا ہے؟ اُن کے نزدیک فلسفہ صرف خواص کا علم تھا اور عام لوگوں کے لیے مذہبی تعلیمات اپنی سادہ صورت میں کافی تھیں۔ اس اختلاف کی بنیادی وجہ دراصل ’’حقیقت تک پہنچنے کے ذرائع‘‘ کا اختلاف تھا۔ غزالی روحانی تجربے، تصوف اور وحی کو ترجیح دیتے تھے، جب کہ ابنِ رشد منطق، استدلال اور مشاہدے پر زیادہ اعتماد کرتے تھے۔ یوں ایک طرف عرفان اور روحانیت تھی اور دوسری طرف عقل اور فلسفہ۔
ابنِ رشد صرف فلسفی نہیں تھے، بل کہ سائنسی ذہن رکھنے والے محقق بھی تھے۔ طب کے میدان میں ان کی کتاب ’’الکلیات فی الطب‘‘ صدیوں تک یورپ کی جامعات میں پڑھائی جاتی رہی۔ اُنھوں نے جسمانی امراض، ادویہ، تشخیص اور انسانی اعضا کے افعال پر تفصیلی بحث کی۔ اُن کے طبی نظریات میں مشاہدہ اور تجربہ اہم حیثیت رکھتے تھے۔ وہ اس تصور کے حامی تھے کہ علم کو جامد روایت کے بہ جائے تجربے اور تحقیق کے ذریعے آگے بڑھنا چاہیے۔ فلکیات میں بھی اُنھوں نے فلکیات دان ’’بطلیموس‘‘ کے بعض نظریات پر اعتراضات کیے اور مشاہداتی سائنسی فکر کو اہم قرار دیا۔ یہ حقیقت ہے کہ وہ جدید سائنس کے معنوں میں سائنس دان نہیں تھے، لیکن اُن کا طریقۂ فکر بعد کے سائنسی انقلاب کے لیے فکری بنیادوں میں شامل ہوا۔
ابنِ رشد کا عہد سیاسی اور فکری بحرانوں سے بھی بھرا ہوا تھا۔ اندلس میں الموحدین کی حکومت تھی۔ شروع میں اُن کے عمل اور علمی حیثیت سے متاثر ہوکر حکم رانوں نے اُن کی سرپرستی کی، خاص طور پر خلیفہ ابو یعقوب یوسف نے، جو فلسفے میں کافی دل چسپی رکھتے تھے اور ایک حد تک فلسفہ دان بھی تھے… لیکن وقت کے ساتھ مذہبی قدامت پسند حلقوں کا دباؤ بڑھتا گیا۔ فلسفہ اور یونانی علوم کو شک کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ اس دباو میں ابنِ رشد پر الحاد اور گم راہی کے الزامات لگے۔ اُن کی بعض کتابیں جلائی گئیں اور اُنھیں جَلا وطنی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ واقعہ محض ایک فرد کی شکست نہیں تھا، بل کہ اسلامی دنیا میں آزاد فلسفیانہ روایت کے زوال کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔
ابنِ رشد بنیادی طور پر فکری جمود، اندھی تقلید اور عقل دشمنی کے مخالف تھے۔ وہ اُن مذہبی حلقوں پر تنقید کرتے تھے، جو ہر نئے سوال کو خطرہ سمجھتے تھے۔ دوسری طرف وہ ایسے فلسفیوں سے بھی اختلاف رکھتے تھے، جو مذہب کو محض عوامی نظام سمجھتے تھے۔ ابنِ رشد کی کوشش یہ تھی کہ عقل اور وحی کے درمیان ایک توازن قائم کیا جائے… لیکن تاریخ کا المیہ یہ ہے کہ اُن کے اس مصالحتی منصوبے کو مکمل طور پر مذہبی طبقے نے قبول کیا اور نہ بعد کے بعض فلسفی حلقوں نے۔
دل چسپ بات یہ ہے کہ اسلامی دنیا میں جہاں ابنِ رشد کی فکر رفتہ رفتہ محدود ہوتی گئی، وہیں یورپ میں اُن کے افکار نے غیر معمولی اثرات مرتب کیے۔ لاطینی تراجم کے ذریعے اُن کی کتابیں یورپی جامعات تک پہنچیں اور ’’تھامس ایکویناس‘‘ جیسے مفکرین نے اُن سے مکالمہ کیا۔ یورپ کی نشاۃِ ثانیہ اور عقلیت پسند روایت میں ابنِ رشد کو ایک اہم پل کی حیثیت حاصل ہے۔ اس بات کو یورپ نے اُس وقت بھی تسلیم کیا اور آج بھی اس کا اقرار کرتے ہیں۔ کیوں کہ اُنھوں نے یونانی فلسفے کو اسلامی دنیا سے یورپ منتقل کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ مغرب میں "Averroism” ایک فکری تحریک کی صورت اختیار کرگیا۔
ابنِ رشد کی زندگی دراصل ایک بڑے سوال کی علامت ہے۔ کیا مذہب اور عقل ایک ساتھ چل سکتے ہیں؟ اُنھوں نے اپنی پوری زندگی اس سوال کا جواب ’’ہاں‘‘ میں دینے کی کوشش کی۔ اُن کے نزدیک خدا نے انسان کو عقل اس لیے دی ہے، تاکہ وہ کائنات پر غور کرے، سوال اٹھائے اور حقیقت کو سمجھنے کی کوشش کرے۔ اُن کی فکر آج بھی اس لیے زندہ ہے، کیوں کہ جدید دنیا میں بھی یہی کش مہ کش مختلف شکلوں میں موجود ہے۔ کہیں سائنس اور مذہب کے درمیان، کہیں روایت اور جدیدیت کے درمیان، اور کہیں آزادیِ فکر اور فکری جبر کے درمیان۔ ابن رشد اس جد و جہد کی ایک روشن علامت ہیں۔ ایک ایسی علامت، جو ہمیں یاد دلاتی ہے کہ تہذیبیں صرف عقیدے سے نہیں، بل کہ سوال کرنے کی جرات سے بھی زندہ رہتی ہیں۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفت گو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔










