بحیرۂ روم کے ساحل کے ساتھ 1 مربع میل (202 ہیکٹرز) پر واقع مناکو (Monaco) کی ایک تہائی آبادی ارب پتی ہے، یعنی 1 مربع میل میں 12261 ارب پتی رہتے ہیں۔ یہاں جائیداد خریدنا ٹیکس چوروں کے بھی بس میں نہیں۔ 1 مربع فٹ 2859 ڈالرز سے کم میں نہیں ملے گا۔ البتہ اوسط درجے کے مکانات 50 لاکھ ڈالرز میں مل سکتے ہیں۔
مناکو کی وجۂ شہرت جوئے خانے بھی ہیں۔ دنیا بھر کے امرا سال بھر میں جو کچھ کماتے ہیں، ایک دن میں لٹانے کے لیے مناکو کا رُخ کرتے ہیں۔ کیسینوز میں روپیہ لٹانے کے بعد دل بہلانے کو سمندری سفر تو بنتا ہے۔
مناکو ٹیکس چوروں کی جنت کے نام سے بھی مشہور (یا بدنام) ہے۔
یہ ملک کئی مرتبہ لوٹا گیا۔ کئی مرتبہ بربادی کا سامنا کرنے کے بعد آج پھر ایک جدید ریاست کے طور پر ہمارے سامنے ہے۔
مناکو کے قدیم باشندے ’’لگورز‘‘ (Ligures) کہلاتے ہیں جن کی باقیات ’’سینٹ مارٹن گارڈنز‘‘ کے غاروں میں بھی دریافت ہوئی ہیں۔ جنگلی جانوروں اور موسم کی شدت کے خلاف ’’راک آف مناکو ‘‘ ان کی اچھی پناہ گاہ تھی۔
(سلمان بخش کے ایک تحقیقی مقالہ سے لیا گیا اقتباس)