پاکستانی سیاست میں محمود خان اچکزئی کی قومی حکومت کی تجویز کو سمجھنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اس الجھاو کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کریں، جس نے ہماری اجتماعی سیاسی سوچ کو پیچیدہ اور متضاد بنا دیا ہے۔ شاید اس صورتِ حال کے ذمے دار عام پاکستانی بھی اُتنے نہیں، جتنا بہ ظاہر دکھائی دیتے ہیں۔ کیوں کہ انھیں ہر سَمت سے بار ہا دھوکا دیا گیا ہے۔ صدیوں سے قاتل کو مسیحا اور رہ زن کو رہ نما بنا کر پیش کیا جاتا رہا ہے۔ اس طرزِ فکر کی ایک تاریخی جڑ نو آبادیاتی دور کے اُس تصور میں ملتی ہے، جسے ’White Man’s Burden‘ کہا جاتا تھا۔ بدقسمتی سے، حکم رانوں اور مقتدر قوتوں کی جانب سے عوام کے سامنے حقیقت کو مسخ کرکے پیش کرنے کا یہ سلسلہ آج تک جاری ہے۔
اس الجھاو کو پیدا کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے ریاستی سطح پر اتنی منصوبہ بندی اور وسائل صرف کیے گئے ہیں کہ عام آدمی تو درکنار، بعض اوقات بڑے بڑے دانش ور بھی حقیقت اور فریب میں امتیاز کرنے میں دشواری محسوس کرتے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ پردۂ غیب میں کردار ادا کرنے والے عناصر کچھ اور ہوتے ہیں، جب کہ عوام کے سامنے نظر آنے والے کردار کچھ اور۔ نتیجتاً، فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں… لیکن ان کے نتائج کی ذمے داری اُن چہروں پر ڈال دی جاتی ہے جو صرف اس نظام کا ظاہری حصہ ہوتے ہیں۔
پاکستانی سیاست کے اس پیچیدہ کھیل کو سمجھنے کے لیے ایک مافوق الفطرت استعارہ ذہن میں آتا ہے۔ ہالی ووڈ کی بعض فلموں میں دکھایا جاتا ہے کہ ایک بد روح غیر معمولی طاقت رکھتی ہے اور تباہی کی ہر حد عبور کر سکتی ہے، لیکن اپنی قوت کا اظہار کرنے کے لیے اُسے کسی انسانی جسم میں داخل ہونا پڑتا ہے۔ وہ اُسی جسم کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل کرتی ہے، جب کہ بہ ظاہر تمام حرکات و سکنات اُسی انسانی وجود سے منسوب ہوتی ہیں۔ اس کھیل کی حقیقت کو پہچاننے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے غیر معمولی روحانی بصیرت، اخلاقی قوت اور ذہنی استقامت درکار ہوتی ہے۔
پاکستان کی سیاسی تاریخ پر نظر ڈالیں، تو محسوس ہوتا ہے کہ یہاں قائم ہونے والے مختلف حکومتی اور سیاسی بندوبست یا تو اسی پوشیدہ قوت کی مرضی سے تشکیل پاتے رہے ہیں، یا پھر بعد میں اس کے اثر و رسوخ کے تابع ہو جاتے ہیں۔ جب یہ بندوبست ناکام ہوتا ہے، ملک بحرانوں میں گھرتا ہے اور عوام کو اس کے نتائج بھگتنا پڑتے ہیں، تو سارا الزام اُن نظر آنے والے سیاسی چہروں پر ڈال دیا جاتا ہے، جب کہ اصل فیصلہ ساز اور نظام پر اثرانداز ہونے والی قوتیں جواب دہی سے بچ نکلتی ہیں۔
شاید محمود خان اچکزئی کی سیاسی بصیرت کا ایک اہم پہلو یہی ہے کہ وہ اس پوشیدہ تضاد کو پہچاننے اور اس کے اثرات سے نکلنے کا راستہ تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کی قومی حکومت کی تجویز کو اسی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ یہ محض حکومت میں چند جماعتوں کو شریک کرنے کا مطالبہ نہیں، بل کہ ریاست اور سیاست کے درمیان بگڑے ہوئے تعلق کو درست کرنے اور اقتدار کے اصل آئینی سرچشمے، یعنی عوام، کو بہ حال کرنے کی ایک کوشش ہے۔
محمود خان اچکزئی گذشتہ کئی برسوں سے اس مؤقف کا اعادہ کرتے آ رہے ہیں کہ ملک کے تمام متعلقہ فریقوں، بہ شمول ریاستی اداروں اور سیاسی جماعتوں، کو ایک گول میز کانفرنس میں شریک ہونا چاہیے۔ اس قومی مکالمے کا مقصد ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنا نہیں، بل کہ اپنی اپنی غلطیوں اور زیادتیوں کا اعتراف، ماضی کے تجربات سے سبق سیکھنا اور ان کی اصلاح کے لیے متفقہ لائحۂ عمل طے کرنا ہونا چاہیے۔
اس مکالمے کے نتیجے میں ایک محدود مدت کے لیے ایسی قومی حکومت تشکیل دی جاسکتی ہے، جس میں تمام اہم سیاسی جماعتیں اور قوتیں شامل ہوں اور اس کا بنیادی مقصد اقتدار کو طول دینا یا سیاسی جماعتوں میں عہدے تقسیم کرنا نہ ہو، بل کہ ملک کو حقیقی جمہوری اور آئینی راستے پر واپس لانا ہو۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ایک واضح قومی معاہدے کے تحت درجِ ذیل اہداف طے کیے جائیں:
آئین کی بالادستی اور پارلیمان کی خودمختاری کو یقینی بنایا جائے۔
قانون کی حکم رانی اور عدلیہ و ذرائع ابلاغ کی آزادی بہ حال کی جائے۔
آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے ذریعے عوام کے حقیقی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے۔
خارجہ پالیسی کو قومی مفادات، پارلیمانی نگرانی اور عوامی اُمنگوں کے تابع بنایا جائے۔
معاشی خودمختاری، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور عوام کی خوش حالی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ریاستی اداروں کو سیاست اور اقتدار کی بہ راہِ راست مداخلت سے نکالنے کے لیے ایک آئینی، پُرامن اور باوقار راستہ فراہم کیا جائے۔
یہاں بنیادی نکتہ یہ ہے کہ قومی حکومت کسی ایک شخصیت، جماعت یا ادارے کے اقتدار کو تحفظ دینے کا ذریعہ نہیں ہونی چاہیے۔ اس کی کام یابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ تمام فریق ایک واضح آئینی معاہدے کے پابند ہوں، اقتدار کی منتقلی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے قابلِ پیمایش اہداف مقرر کیے جائیں اور کسی بھی فریق کو معاہدے سے انحراف کی اجازت نہ ہو۔
محمود خان اچکزئی اس راستے پر اس لیے زور دیتے ہیں کہ موجودہ سیاسی اور معاشی دلدل سے نکلنے کے لیے متبادل راستہ اختیار نہ کیا گیا، تو ملک کسی ناگہانی اور شدید بحران کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔
آج یہ سوال پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہوچکا ہے کہ ایسا نظام، جس میں فیصلے کرنے کا اختیار کسی اور کے پاس ہو اور اُن فیصلوں کے نتائج کی ذمے داری کسی اور کو اٹھانا پڑے، آخر کب تک چل سکتا ہے؟
یہ درست ہے کہ فی الحال کسی ایسی ہمہ گیر انقلابی تحریک کے واضح آثار نظر نہیں آتے، جو موجودہ نظام کو یک سر بدل دینے کی صلاحیت رکھتی ہو… لیکن اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ عوام غیر معینہ مدت تک اسی طرزِ حکم رانی کو برداشت کرتے رہیں گے۔ تقریباً 79 برس سے جاری اس سیاسی بندوبست نے ملک کو جن بحرانوں سے دوچار کیا ہے، ان کے تناظر میں یہ فرض کرلینا خطرناک ہوگا کہ عوام کی برداشت ہمیشہ لامحدود رہے گی۔
جب آئینی راستے محدود ہوں، سیاسی نمایندگی متنازع ہو، معاشی مشکلات بڑھتی جائیں اور عوام کو یہ احساس ہونے لگے کہ ان کے ووٹ، رائے اور حقوق کی کوئی مؤثر حیثیت نہیں، تو بہ ظاہر پُرسکون معاشرے کے اندر بھی شدید بے چینی جمع ہوتی رہتی ہے۔ ایسی صورتِ حال میں تبدیلی کسی منظم اور پُرامن سیاسی عمل کے ذریعے بھی آسکتی ہے، لیکن اگر اصلاح کے تمام راستے بند کر دیے جائیں، تو بحران اچانک، غیر متوقع اور تباہ کن شکل اختیار کرسکتا ہے۔ اس کے نتائج کو سنبھالنا ناممکن نہ بھی ہو، تو انتہائی مشکل ضرور ہوگا۔
اس المیے کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ اس نظام کو تشکیل دینے اور چلانے والی قوتوں کے پاس، بہ ظاہر، اب بھی وہی پرانا نسخہ ہے: مزید مرکزیت، مزید سختی اور وسائل و اختیارات پر مزید گرفت۔ حال آں کہ یہی طرزِ حکم رانی ملک کو موجودہ تعطل تک پہنچانے والے بنیادی عوامل میں شامل رہا ہے۔ جس مسئلے کی جڑ اختیارات کا ارتکاز ہو، اس کا حل مزید اختیارات سمیٹنے میں تلاش کرنا دراصل بحران کو گہرا کرنے کے مترادف ہے۔
اس صورتِ حال کا ایک اور اہم پہلو عالمی سیاست میں آنے والی تبدیلیاں ہیں۔ پاکستان کا موجودہ ریاستی و حکومتی ڈھانچا جس عالمی اور علاقائی تزویراتی ماحول میں تشکیل پایا اور پروان چڑھا، وہ ماحول آج خود غیر یقینی، مسابقت اور عدم استحکام کا شکار ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد تشکیل پانے والے عالمی نظام، اس کے اتحادوں اور سلامتی کے تصورات پر انحصار کرتے ہوئے پاکستان کے اندر ایک مخصوص طرزِ حکم رانی کو مستقل بنیادوں پر قائم رکھنا اب پہلے جیسا آسان نہیں رہا۔
اگر مقتدر قوتوں نے یہ طے کرلیا ہے کہ اُن کا مستقبل اُسی پرانے نظام کے ساتھ وابستہ ہے؛ وہ جب تک ممکن ہو، بلاشرکتِ غیرے حکم رانی کرتی رہیں؛ اور جب نظام اپنے بوجھ تلے لڑکھڑانے لگے، تو کسی ہنگامی راستے سے خود کو الگ کرکے ملک اور اس کے 25 کروڑ عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے، تو پھر اس طرزِ عمل کا انجام بھی انھی کے انتخاب کا نتیجہ ہوگا… لیکن اگر واقعی ملک، اس کے عوام اور اس کی ریاست کے مستقبل کی فکر ہے، تو محض طاقت کے بل پر حالات کو قابو میں رکھنے کی کوشش کافی نہیں ہوگی۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کو کسی ناگہانی المیے سے پہلے ایک ایسے آئینی اور جمہوری راستے پر ڈالا جائے، جس میں تمام سیاسی قوتوں کو نمایندگی حاصل ہو، ریاستی ادارے اپنی آئینی حدود میں رہیں، پارلیمان قومی فیصلوں کا مرکز بنے اور عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حقیقی اختیار ملے۔
یہی وہ بنیادی نکتہ ہے جس کی طرف محمود خان اچکزئی مسلسل توجہ دلا رہے ہیں۔ ان کی قومی حکومت کی تجویز کو اگر محض ایک سیاسی نعرہ سمجھ کر نظر انداز کیا گیا، تو شاید ایک اور موقع ضائع ہو جائے… لیکن اگر اسے قومی مکالمے، آئینی اصلاحات اور پُرامن سیاسی انتقالِ اختیار کے ایک ممکنہ راستے کے طور پر سنجیدگی سے لیا جائے، تو ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کی بنیاد فراہم ہوسکتی ہے۔
اب فیصلہ اُن قوتوں کو کرنا ہے، جو عملاً ریاستی و سیاسی نظام پر اثرانداز ہوتی رہی ہیں: کیا وہ اپنی بالادستی برقرار رکھنے کے لیے ایک ایسے نظام سے چمٹی رہیں گی، جو مسلسل بحران پیدا کر رہا ہے، یا ملک کو بچانے کے لیے آئین، پارلیمان اور عوام کی بالادستی تسلیم کرنے پر آمادہ ہوں گی؟
اگر ان کی ترجیح واقعی پاکستان کا مستقبل ہے، تو پھر محمود خان اچکزئی کے تجویز کردہ قومی مکالمے اور آئینی راستے پر سنجیدگی سے غور کرنے کے سوا کوئی پائیدار متبادل دکھائی نہیں دیتا۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفت گو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔










