علامہ اقبال کی پختون شناسی کے راستے

Blogger Noor Muhammad Kanju

(ڈاکٹر حنیف خلیل کے پشتو مضمون کا ترجمہ)
ہمارے بہت سے پختون یہ سمجھتے ہیں کہ علامہ اقبال میجر راورٹی کی انگریزی کتاب ’’سلیکشن فرام دی پوئیٹری آف دی افغانز‘‘ کے ذریعے خوشحال بابا کی نظموں کے انگریزی ترجمے سے روشناس ہوئے اور بس… لیکن معاملہ صرف یہیں تک محدود نہیں؛ مَیں کچھ ایسی دوسری جہتوں کی طرف بھی اشارہ کرنا چاہتا ہوں، جن کی طرف ہمارا دھیان بہت کم گیا ہے۔
1:۔ اقبال کی طرف سے پختون کی تلاش 1919 سے پہلے شروع ہوچکی تھی، کیوں کہ میر عبدالصمد کی تحقیق کے مطابق اسی سال کوہاٹ کے پختون رسال دار ساجد گل کے ساتھ اقبال کی پہلی ملاقات ہوئی تھی، اور پھر ان کی مسلسل نشستیں رہیں، جن میں پختون، افغان اور خوشحال بابا کے بارے میں دونوں کے درمیان تفصیلی بحثیں ہوئیں۔ یاد رہے کہ ہمارے نام ور دانش ور افراسیاب خٹک اسی رسال دار ساجد گل کے خاندان کے چشم و چراغ ہیں۔
2:۔ 1924 میں اقبال نے ترکی حکومت کو پختون کلچر، تاریخ اور پختون شخصیات پر چھے لیکچرز کے انعقاد کے لیے ایک خاکہ بھیجا تھا، جس کا ایک حصہ خوشحال بابا پر بھی مشتمل ہے۔ انسان دنگ رہ جاتا ہے کہ اقبال اس موضوع پر کتنی وسیع معلومات رکھتے تھے! اس خاکے کی تفصیل مرحوم میر عبدالصمد نے اپنی کتاب ’’اقبال و افغان‘‘ میں درج کی ہے، لیکن ہم پختونوں کو اسے دیکھنے کی بھی فرصت نہیں۔
3:۔ 1934 میں اقبال نے بالی ووڈ کے لیے خوشحال بابا پر ایک فلم کی کہانی لکھی تھی، جس کا ذکر قراۃ العین حیدر نے اپنی کتاب ’’ہم کلامیاں‘‘ میں شامل ایک انٹرویو میں کیا ہے، اور اس دور کے رسائل میں اس فلم کے اشتہار کی اشاعت کا بھی حوالہ دیا ہے، لیکن…!
ہمارے منھ پر تو غفلت کی دیوار حائل ہے۔
4:۔ اقبال نے اسی دوران میں خوشحال بابا کے حوالے سے خدیجہ بیگم فیروز الدین کے ڈاکٹریٹ کے مقالے کا مطالعہ بھی کیا تھا، جس کا اعتراف خدیجہ بیگم نے اپنے مقالے کے دیباچے میں بھی کیا ہے۔ یہ مقالہ انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں شائع ہوچکا ہے، مگر ہمارے پاس اسے پڑھنے کے لیے وقت نہیں۔
5:۔ اقبال نے پنجاب یونیورسٹی میں پختون دانش ور میر احمد شاہ رضوی (جو اس وقت پنجاب یونیورسٹی میں پروفیسر بھی تھے) کے ساتھ پختون اور افغان کی جڑوں پر آمنے سامنے تفصیلی بحثیں کی ہیں، جن کا ذکر انھوں نے اپنے مکتوبات (خطوط) میں بھی کیا ہے، لیکن ہماری نظریں وہاں تک نہیں پہنچ پاتیں۔
6:۔ اسی طرح اقبال نے ایک اور پختون دانش ور نجم الغنی رامپوری کے ساتھ پختونوں کی جڑوں اور تاریخ پر سیر حاصل بحثیں کی ہیں، جن کا مشاہدہ ہم اقبال کے خطوط میں کرسکتے ہیں… بہ شرط یہ کہ ہم دیکھنا چاہیں۔
7:۔ جب اقبال 1933 میں نادر شاہ افغان کی دعوت پر کابل جا رہے تھے، تو پشاور میں پرانے ڈین ہوٹل میں ان کی پختون دانش وروں سے ملاقاتیں اور مباحثے ہوئے، لیکن ہم اس پر تحقیق کرنا ضروری نہیں سمجھتے۔
8:۔ اقبال کی اسی سال افغانستان میں بلند پایہ افغان دانش ور عبدالحئی حبیبی کے ساتھ پشتو زبان اور پختون قوم کے حوالے سے گفت گو ہوئی تھی، جس کا ذکر سید سلیمان ندوی نے ’’سیرِ افغانستان‘‘ میں کیا ہے، لیکن افسوس کہ یہ سب ہماری نظروں سے اوجھل ہے۔
9:۔ اقبال نے افغانستان سے واپسی چمن کے راستے اختیار کی تھی، جہاں ایک بار پھر ان کی پختون شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں، مگر ہم ان کا احوال جاننا بھی ضروری نہیں سمجھتے۔
10:۔ اقبال نے اتنے مختلف اور وسیع ذرائع سے پختونوں کا مطالعہ کیا کہ ان کی یہ تحقیق صرف خوشحال بابا تک محدود نہیں رہی۔ اس وسیع علمی تناظر کے ساتھ انھوں نے پختونوں کو یاد کیا اور سراہا ہے… نثر میں بھی اور نظم میں بھی۔ انگریزی، فارسی اور اُردو تینوں زبانوں میں ان کی تحریری اسناد موجود ہیں۔
غور طلب بات یہ ہے کہ اُس دور میں خود پختون، خوشحال بابا کو کتنا جانتے تھے اور اپنے دوسرے تاریخی ہیروز سے کتنے شناسا تھے؟ وہ اپنی تاریخ سے کتنے باخبر تھے اور خود پختونوں نے اس سلسلے میں کتنی کتابیں لکھی تھیں اور کتنی تحقیق کی تھی؟ یہ سوال آج بھی ہمارے سامنے جوں کا توں کھڑا ہے۔ اس کا جواب تو ہم ڈھونڈ ہی لیں گے، لیکن ہمیں اس حقیقت سے ضرور آگاہ ہونا چاہیے کہ اقبال نے ہمارے تشخص کو تلاش کرنے، پہچاننے اور سراہنے میں اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ صرف کیا ہے… شاید ہی کسی قوم نے پختون قوم کے علاوہ اس قدر اہمیت کسی دوسرے کو دی ہو۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفت گو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے