پاکستان کی سیاست میں بعض مقدمات وقتی ہنگامہ نہیں, بل کہ تاریخ کا دھارا بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ممنوعہ یا ’’فارن فنڈنگ کیس‘‘ بھی انھی میں سے ایک ہے… ایک ایسا مقدمہ جو بہ ظاہر مالی بے ضابطگیوں سے شروع ہوا، مگر اب ریاستی اداروں کی ساکھ، قانون کی بالادستی اور جمہوری شفافیت کے بنیادی سوالات کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔
یہ کہانی 2014 میں شروع ہوتی ہے، جب اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دروازے پر دستک دیتا ہے۔ ایک سیاسی جماعت کے بانی رکن کی جانب سے اپنی ہی جماعت ’’پاکستان تحریک انصاف‘‘ (پی ٹی آئی) کے خلاف اس نوعیت کی درخواست غیر معمولی تھی۔ الزام سادہ مگر سنگین تھا: ’’پارٹی نے غیر ملکی ذرائع سے فنڈنگ حاصل کی، جو قانوناً ممنوع ہے… اور اس حقیقت کو مکمل طور پر ظاہر نہیں کیا گیا۔‘‘
ابتدائی طور پر یہ کیس دیگر مقدمات کی طرح فائلوں میں دب کر رہ گیا، مگر وقت کے ساتھ ساتھ یہ ایک ایسی قانونی جنگ میں تبدیل ہوگیا، جس میں ہر سماعت نئے سوالات اور ہر دستاویز نئے انکشافات لے کر آئی۔ آٹھ سال سے زائد عرصے اور درجنوں سماعتوں کے بعد جو تصویر سامنے آئی، وہ محض تکنیکی خلاف ورزی نہیں، بل کہ ایک منظم مالیاتی بے ضابطگی کا تاثر دیتی ہے… کم از کم درخواست گزار اور بعض تحقیقاتی نکات یہی اشارہ کرتے ہیں۔
تحقیقات کے دوران میں ایک اہم نکتہ وہ بینک اکاؤنٹس بنے، جو مبینہ طور پر الیکشن کمیشن کے سامنے ظاہر نہیں کیے گئے۔ سرکاری ریکارڈ اور رپورٹس کے مطابق پارٹی نے محدود اکاؤنٹس ظاہر کیے، جب کہ مجموعی تعداد اس سے کہیں زیادہ بتائی گئی، جن میں درجنوں ایسے اکاؤنٹس بھی شامل تھے، جو باضابطہ طور پر رپورٹ نہیں ہوئے۔ یہی وہ پہلو ہے، جو اس کیس کو محض فارن فنڈنگ سے نکال کر ’’ڈسکلوژر‘‘ یعنی مالی شفافیت کے بڑے سوال میں بدل دیتا ہے۔
2 اگست 2022 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی ’’شوکاز نوٹس‘‘ جاری ہوا اور معاملہ مزید کارروائی کے لیے وفاقی حکومت کو بھیج دیا گیا۔ یہ فیصلہ بہ ظاہر ایک مرحلے کا اختتام تھا، مگر حقیقت میں ایک نئے قانونی اور سیاسی معرکے کی ابتدا ثابت ہوا۔
قانونی ماہرین اس کیس کو کئی زاویوں سے دیکھتے ہیں۔ ایک رائے یہ ہے کہ اگر ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہو جائے، تو قانون سیاسی جماعت پر پابندی، فنڈز ضبط کرنے اور ذمے داران کے خلاف کارروائی کی اجازت دیتا ہے۔
اس تناظر میں عمران خان کی سیاسی حیثیت بھی زیرِِ بحث آتی ہے۔ کیوں کہ پارٹی سربراہ ہونے کے ناطے (ناتے) ذمے داری کا تعین ایک اہم قانونی سوال ہے۔
دوسری جانب دفاعی مؤقف یہ پیش کیا جاتا ہے کہ بعض قوانین بعد میں نافذ ہوئے، اس لیے ماضی کے معاملات پر ان کا اطلاق متنازع ہوسکتا ہے… مگر اس دلیل کے ساتھ یہ سوال اپنی جگہ قائم رہتا ہے کہ اگر سب کچھ قانون کے مطابق تھا، تو درجنوں اکاؤنٹس کو ظاہر کیوں نہیں کیا گیا؟
اس مقدمے کا ایک اور پہلو بھی ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا… یعنی سیاسی تناظر۔
ناقدین کے مطابق یہ کیس اُس وقت تیزی سے آگے بڑھا، جب طاقت کے ایوانوں میں تعلقات بدلنے لگے، جب کہ حامی اسے محض قانون کا دیرینہ مگر ناگزیر تقاضا قرار دیتے ہیں۔
سچ شاید ان دونوں بیانیوں کے بیچ کہیں موجود ہے، مگر یہ حقیقت اپنی جگہ قائم ہے کہ تاخیر نے اس کیس کو مشکوک بنا دیا ہے۔ یہ تاخیر خود ایک سوالیہ نشان ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان اور دیگر عدالتی و نیم عدالتی اداروں پر یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا انصاف کی رفتار سیاسی حالات کے تابع ہوچکی ہے… یا واقعی یہ کیس اپنی نوعیت کے اعتبار سے اتنا پیچیدہ تھا کہ اس میں وقت درکار تھا؟
مالیاتی ریکارڈ، غیر ملکی ٹرانزیکشنز اور قانونی موشگافیوں کو دیکھتے ہوئے دوسری دلیل بھی وزن رکھتی ہے، مگر عوامی تاثر بہ ہرحال تاخیر کے خلاف جاتا ہے۔
حالیہ اطلاعات کے مطابق اس کیس میں مزید پیش رفت ہوئی ہے اور یہ کہا جا رہا ہے کہ عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کے خلاف 57 صفحات پر مشتمل چالان تیار کیا جاچکا ہے، جس میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں، خفیہ اکاؤنٹس اور فنڈنگ ذرائع کی تفصیلات درج ہیں۔ اگر یہ پیش رفت باضابطہ قانونی عمل کا حصہ بنتی ہے، تو یہ کیس ایک نئے مرحلے میں داخل ہوسکتا ہے، جہاں محض الزامات نہیں، بل کہ فردِ جرم کی نوعیت کے سوالات زیرِ بحث آئیں گے۔
آخر میں سوال وہی رہ جاتا ہے، جو اس پورے مقدمے کا نچوڑ ہے: ’’کیا پاکستان کا نظامِ انصاف اس کیس میں ایک واضح، بروقت اور غیر جانب دار فیصلہ دے سکے گا؟‘‘
کیوں کہ یہ مقدمہ اب کسی ایک جماعت یا شخصیت کا نہیں رہا… یہ ریاستی اداروں کی کریڈیبلیٹی ، جمہوری اقدار اور قانون کی بالادستی کا امتحان بن چکا ہے۔ اگر فیصلہ شفاف اور مضبوط بنیادوں پر آتا ہے، تو یہ نہ صرف ایک نظیر قائم کرے گا، بل کہ مستقبل کی سیاست کے لیے بھی ایک واضح راستہ متعین کرے گا۔ بہ صورتِ دیگر، یہ کیس بھی اُن کہانیوں میں شامل ہو جائے گا، جو شروع تو بڑے دعوؤں سے ہوتی ہیں، مگر انجام ابہام میں گم ہو جاتا ہے۔ (ختم شد!)
نمایاں اصطلاحات اور ان کی وضاحت:
1) ’’شوکاز نوٹس‘‘ (Show Cause Notice):۔ یہ ایک باضابطہ تحریری نوٹس ہوتا ہے، جو ادارہ یا آفس کسی ملازم یا فرد کو اُس وقت جاری کرتا ہے، جب اُس کے خلاف کسی قسم کی غفلت، بدانتظامی یا ضابطہ شکنی کا شبہ ہو۔ اس میں متعلقہ شخص سے وضاحت طلب کی جاتی ہے کہ اُس نے ایسا کیوں کیا اور اپنی صفائی پیش کرے۔ اس کا مقصد سزا دینا نہیں، بل کہ وضاحت اور جواب لینا ہوتا ہے، تاکہ ادارہ فیصلہ کرسکے کہ مزید کارروائی کی ضرورت ہے یا نہیں؟ اگر جواب تسلی بخش نہ ہو، تو تادیبی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ یوں یہ نوٹس ایک ابتدائی مرحلہ ہوتا ہے جو انصاف اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے دیا جاتا ہے۔
2) ناطے یا ناتے؟:۔ عام طور پر ’’ناتا‘‘ (اسمِ مذکر) کی مغیرہ صورت کا املا ’’ناتے‘‘ کی بہ جائے ’’ناطے‘‘ رقم کیا جاتا ہے، جو کہ غلط ہے۔ تفصیل کے لیے کامریڈ امجد علی سحابؔ کی املائی تحقیق، لفظونہ ڈاٹ کام کے ’’گوشۂ ادب‘‘ میں ’’آج کا لفظ‘‘ ضمرے میں ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ البتہ قارئین کی سہولت کے لیے ’’ناتے‘‘ کا لنک ملاحظہ ہو: https://lafzuna.com/blog/s-24534/
3) ’’موشگافی‘‘ (Hair-splitting):۔ اس لفظ کا مطلب ہے کسی بات یا چیز کو حد سے زیادہ باریکی اور تفصیل کے ساتھ پرکھنا۔ یہ عام طور پر اُس وقت استعمال ہوتا ہے، جب کوئی شخص چھوٹی چھوٹی باتوں پر نکتہ چینی کرے یا باریک بینی سے چھان بین کرے۔ اُردو میں اسے ’’بال کی کھال نکالنا‘‘ بھی کہا جاتا ہے، جب کہ انگریزی میں "Hair-splitting” یا "Nit-picking” جیسے الفاظ اس کے قریب تر ہیں۔ اس اصطلاح کا استعمال علمی مباحث، قانونی دلائل یا تنقیدی گفت گو میں زیادہ ہوتا ہے۔
4) چالان:۔ وہ باضابطہ دستاویز یا رسید، جو عام طور پر پولیس، ٹریفک وارڈن یا متعلقہ ادارہ کسی خلاف ورزی پر جاری کرتی ہے۔ اس میں جرم یا خلاف ورزی کی تفصیل درج ہوتی ہے، جیسے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی یا کسی ضابطے کی پامالی۔ چالان کے ذریعے جرمانہ یا سزا متعین کی جاتی ہے اور متعلقہ شخص کو ادائی یا قانونی کارروائی کے لیے پابند کیا جاتا ہے۔ یہ قانونی ثبوت کے طور پر بھی استعمال ہوتا ہے کہ خلاف ورزی واقع ہوئی ہے۔ بعض اوقات چالان عدالت میں پیش کیا جاتا ہے، تاکہ مزید کارروائی کی جاسکے۔ یوں چالان ایک رسمی اور قانونی نوٹس کی حیثیت رکھتا ہے۔
5) فردِ جرم:۔ یہ ایک باضابطہ قانونی دستاویز ہے، جو عدالت یا متعلقہ ادارہ کسی ملزم کے خلاف جاری کرتا ہے۔ اس میں جرم کی تفصیل اور الزامات واضح طور پر درج کیے جاتے ہیں، تاکہ ملزم کو معلوم ہو کہ اُس پر کیا الزام ہے۔ فردِ جرم ملزم کو دفاع کا حق دینے کے لیے ضروری ہے اور یہ عدالتی کارروائی کا ابتدائی مرحلہ ہوتا ہے۔ اگر ملزم الزامات تسلیم نہ کرے، تو مقدمہ مزید سماعت کے لیے آگے بڑھتا ہے۔ یوں فردِ جرم انصاف کے عمل میں شفافیت اور قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کا ذریعہ ہے۔
تحریر میں شامل نمایاں اصطلاحات کی وضاحت ’’مائیکروسافٹ کوپائیلٹ‘‘ کی مدد سے کی گئی ہے، مدیر لفظونہ ڈاٹ کام۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفت گو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔










