جہانزیب بٹالین

Blogger Riaz Masood

(نوٹ:۔ یہ تحریر محترم فضل رازق شہابؔ کی انگریزی یادداشتوں میں سے ایک کا ترجمہ ہے، مدیر لفظونہ ڈاٹ کام)
ودودیہ ہائی سکول سیدو شریف ریاستی دور کے دوران میں بہت سی کامیابیوں کا چشم دید گواہ رہا ہے۔ اس نے مقامی اور قومی سطح پر غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بے مثال ریکارڈ قائم کیے ہیں، خاص طور پر اس کا فوجی پلاٹون ہمیشہ ’’وکٹری سٹینڈ‘‘ پر موجود رہا ہے۔ اس پلاٹون کا نام ’’جہانزیب ٹروپس‘‘ رکھا گیا تھا۔ 1940ء میں شائع شدہ ’’عروجِ افغان‘‘ کے صفحہ نمبر 301 پر دی گئی ایک گروپ تصویر میں مذکورہ گروپ اپنے انچارج عملے کے ساتھ کھڑا ہے۔ یہ منظوم تاریخ ریاست کے مشہور خان اور مشیر ’’تاج محمد خان زیب سر‘‘ نے لکھی تھی۔ یہ کتاب پشتو میں ہے، جو 400 صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں 100 سے زائد صفحات کا ایک ضمیمہ بھی شامل ہے۔
جب میں ودودیہ ہائی سکول میں 1950ء کی دہائی کے آخر میں پڑھ رہا تھا، تو تب تک اس نیم فوجی دستے نے یونیفارم، تربیت اور رہ نماؤں کی کئی تبدیلیاں دیکھی تھیں، لیکن مجموعی کارکردگی پہلے کی طرح شان دار تھی۔ ٹروپس کا نام اب ’’جہانزیب بٹالین‘‘ رکھ دیا گیا تھا۔ ٹیم کے ارکان کو خاص طور پر کردار، جسمانی صحت اور اچھے ظاہری خط و خال کے ساتھ اعلا طبقے سے منتخب کیا جاتا تھا۔ اس لیے زیادہ تر ریاستی افسران اور خانوں کی اولاد ان میں شامل تھی، لیکن کچھ عام خاندانوں کے بچوں کو بھی بھرتی کیا گیا تھا۔
عسکری مقابلوں میں جیت کے بعد، جو پاکستان بھر کی سطح پر ہوتے، انھیں ریاستی سیکرٹریٹ میں سوات کے حکمران کو ٹرافیوں سمیت پیش کیا جاتا۔ والی صاحب ان سے ملتے اور قطاروں میں کھڑے ہر لڑکے سے اس کا نام اور اس کے والد کا نام پوچھتے۔ اکثر لڑکوں کا جواب ہوتا کہ وہ یا تو ریاستی فوج کے افسر کا بیٹا ہے، یا مشیر یا وزیر وغیرہ کا۔
ایک بار، اس روایتی تقریب میں، والی صاحب نے ایک لڑکے سے اس کا نام اور اس کے والد کے بارے میں پوچھا۔ اس نے جواب دیا، ’’میرا نام شاہ بخت روان ہے اور میں ایک غریب پائندہ گل کا بیٹا ہوں۔‘‘
والی صاحب لڑکے کے اس برجستہ جواب پر بے اختیار ہنس پڑے اور اس سے پوچھا کہ کیا وہ نوکری کرنا چاہتا ہے یا پڑھائی جاری رکھنا چاہتا ہے؟ لڑکے نے نوکری کا انتخاب کیا۔ اس طرح اسے، اعلا خاندانوں کے لیے مخصوص، مشین گن فورس میں سپاہی کے طور پر شامل کیا گیا۔ شاہ بخت روان میرے کلاس فیلو تھے اور وہ سیدو شریف میں رہتے تھے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے