جوں جوں ہم ماڈرن ہوتے جا رہے ہیں، ہماری زندگی میں مصنوعی پن، بناوٹ اور گلیمر کا عمل دخل بڑھتا جا رہا ہے۔ ہم اخلاقی اقدار سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔ ہم میں سے اکثریت کا وطیرہ بن چکا ہے کہ دوسروں کو اپنی شان و شوکت اور طرزِ زندگی سے مرعوب کرکے تسکین حاصل کرتے ہیں۔ دل آزاری، کسی کو نقصان پہنچا کر یا طعن و تشنیع سے ہی نہیں کی جاتی، بلکہ اپنے عمل سے دوسروں کو کم مائیگی کا احساس دلانا بھی دل آزاری کا سبب بنتا ہے، مگر ہم اس گناہِ بے لذت سے بھی لذت کے حصول کی کوشش کرتے ہیں۔
رفیع صحرائی کی دیگر تحاریر پڑھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کیجیے:
https://lafzuna.com/author/rafi/
شادی بیاہ پر بے جا اصراف، انواع و اقسام کے مہنگے کھانے، مہنگی اور فضول رسمیں، آنکھوں کو خیرہ کرتے قیمتی لباس بھی غریبوں اور ناداروں کی دل شکنی کا باعث بنتے ہیں، مگر ہمارے معاشرے میں یہ سب دوسروں پر رعب ڈالنے کے لیے عمداً کیا جاتا ہے۔ اس کا برا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ امرا کے دیکھا دیکھی مڈل اور لوئر مڈل کلاس نے بھی یہی روش اپنا لی ہے۔ جس کے نتیجے میں مقروض ہوکر آیندہ کئی سال تک قرض کا بوجھ اُتارتے ہوئے اُنھیں بعض ضروریات کی قربانی بھی دینا پڑتی ہے۔
پنجابی زبان کی کہاوت کے مطابق ’’نک بچ جاندا اے پر لک ٹُٹ جاندا اے۔‘‘ یعنی ناک تو بچ جاتی ہے، لیکن کمر ٹوٹ جاتی ہے۔
یہی ٹرینڈ اب روزمرہ زندگی میں بھی شروع ہو گیا ہے۔ کپڑے، جوتے، کاسمیٹکس کے ساتھ ساتھ اب کھانے پینے کی اشیا بھی برانڈڈ پسند کی جانے لگی ہیں۔ مختلف کاروباری کمپنیوں اور اداروں کی جانب سے ریڈیو، اخبارات، رسائل، فیس بُک، یوٹیوب اور ٹی وی پر تشہیری مہم کے ذریعے بھاری رقوم خرچ کرکے ’’برانڈ‘‘ کا درجہ حاصل کیا جاتا ہے اور پھر کئی گُنا منافع کی کُند چھری سے معزز کسٹمرز کو ذبح کیا جاتا ہے۔
عام دکانوں پر چیزیں خریدنے والے گاہک ہوتے ہیں جب کہ برانڈڈ چیزیں خریدنے والے معزز ’’کسٹمر‘‘ کہلاتے ہیں، جنھیں گھٹیا اور ناپائیدار مال خوب صورت پیکنگ میں دیا جاتا ہے۔ اونچی دکان پھیکا پکوان کے مصداق صرف برانڈ کا نام بکتا ہے۔ مال کی کوالٹی نہیں دیکھی جاتی۔
غریب سبزی فروش اور فروٹ بیچنے والوں کے ساتھ چند روپوں کی رعایت کی خاطر بحث کرنے والے معزز لوگ برانڈڈ مال کی پرنٹیڈ قیمت بلا تکرار ادا کر دیتے ہیں کہ ان جگہوں پر بحث کرنا ناپسندیدہ عمل سمجھا جاتا ہے۔ لوگ کبھی میکڈونلڈ، کے ایف سی، کسی بھی بڑے ہوٹل، کسی مشہوربیکری یا پیزا ہٹ میں خریداری کرتے وقت قیمت کم کروانے کی کوشش نہیں کرتے کہ یہ ’’ایٹی کٹس‘‘ کے خلاف ہے۔ برانڈڈ مال بنانے اور بیچنے والے دنوں میں دولت کے انبار لگا لیتے ہیں۔ وہ امیر سے امیر تر اور امیر تر سے امیر ترین ہوتے جاتے ہیں۔
ہماری نظر سے روزانہ ایسے پھیری والے بھی گزرتے ہیں جو کھانے پینے کی اشیا چل پھر کر فروخت کرتے ہیں۔ کچھ لوگ تھوڑا سا فروٹ ریڑھی پر رکھ کر فروخت کرتے نظر آتے ہیں۔ کوئی سائیکل پر غبارے بیچتا دکھائی دیتا ہے۔ کچھ بوڑھے جھکی کمر کے ساتھ ٹافیاں، گولیاں اور پاپڑ بیچتے نظر آتے ہیں۔ کہیں کوئی ننھی سی بچی اپنے گھر کے آگے یا کسی تھڑے پر اپنی چھوٹی سی دکان سجائے سموسے پکوڑے بیچتی دکھائی دیتی ہے۔ چوکوں چوراہوں پر ایسی بوڑھی خواتین نظر آجاتی ہیں جو چل پھر کر پنسل، رومال بیچنے کی کوشش کر رہی ہوتی ہیں۔ نو عمر بچے ٹرے میں مرونڈا یا چنا چاٹ بیچتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ سب لوگ امیر ہونے کے لیے اپنا ’’کاروبار‘‘ نہیں کرتے۔ اُن کا واحد مقصد دو وقت کی روٹی کا حصول ہوتا ہے۔ سموسے پکوڑے بیچتی بچی، مرونڈا یا چنا چاٹ بیچتے نوعمر لڑکے کے پیچھے کھانے والوں میں بیوہ ماں اور پردہ دار جوان بہنیں ہوں گی، جن کے لیے اُس نے اپنی تعلیم اور کھیل کود کی قربانی دے کر کفالت کرنے کی ذمے داری اُٹھا لی ہے۔ جھکی کمر والے بوڑھے یا چوراہوں پر رومال، پنسل وغیرہ بیچنے والی بڑھیا کی جوان کنواری، بیوہ یا مطلقہ بیٹی اور اس کے ننھے منے بچے ہوں گے، جن کی خاطر آرام کرنے کی اس عمر میں اُنھیں گھر سے نکلنا پڑا۔ یہ سب لوگ اپنے خاندان کی روٹی پوری کرنے کے لیے گھر سے نکلتے ہیں۔ اُنھوں نے امیر ہونے کا کبھی خواب بھی نہیں دیکھا۔ اُن مجبوروں سے کبھی کبھی بلاضرورت بھی چیزیں خرید لیا کیجیے کہ اُن کے گھر کا چولہا ٹھنڈا نہیں ہونا چاہیے۔
وہ لوگ عظیم ہیں۔ وہ خود دار لوگ ہیں۔ اُن کی خودداری کی قدر کیجیے۔ وہ اُن لوگوں سے ہزار گنا بہتر ہیں، جو ہٹے کٹے ہو کر بڑی ڈھٹائی سے بھیک مانگتے پھرتے ہیں…… اور بھیک نہ دینے کی صورت میں دھمکی آمیز انداز میں بد دعائیں دیتے ہیں۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔