فضل مولا زاہدؔ المعروف ’’خان جی‘‘ کی زیرِتبصرہ کتاب ’’گلگت تا گوادر‘‘ بنیادی طور پر وطنِ عزیز کے مختلف اہم علاقوں کے سفرنامے ہیں…… لیکن ان سفرناموں کی آڑ میں مصنف نے جس خوب صورت اور طنزو مِزاح سے بھرپور انداز میں ان علاقوں کا حسن و قبح واضح کیا ہے اور ان پر جو سنجیدہ اور ظریفانہ تبصرے کیے ہیں وہ نہ صرف قاری کو لطف و انبساط سے ہم کنار کرتے ہیں بلکہ اسے علم و آگہی اور شعور بھی دیتے ہیں۔
خان جی کا خوب صورت اُسلوب نہ صرف پُرلطف ہے بلکہ ہر مضمون کا نفسِ مضمون بھی ادبی چاشنی کا حسین مرقع ہے۔ حیرت ہوتی ہے کہ پشتون ہوکر موصوف نے اتنی اچھی، خوب صورت اور شگفتہ اُردو کہاں اور کیسے سیکھی؟ انھوں نے طنز و مِزاح والے مضامین کی لطافت اور نزاکت کا بھی خیال رکھا ہے اور جہاں کہیں سنجیدہ مضامین سپرد قلم کیے ہیں اور حقایق پر مبنی معلومات لکھی ہیں، تو انھیں بھی موزوں الفاظ کا جامہ زیبِ تن کرنے میں مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔
سادہ نثر ہر کوئی اپنی سمجھ کے مطابق لکھ سکتا ہے لیکن شگفتہ طرزِ تحریر ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔ خان جی کے طنز و مِزاح کا انداز نہایت معیاری اور ادبی ہے۔ انھوں نے خوب صورت جملوں، ذومعنی لفظوں، برمحل شعروں اور کاٹ دار فقروں کے ذریعے طنزو مِزاح پیدا کی ہے اور ایسا محض وہ لکھاری کرسکتا ہے جس کا مطالعہ وسیع ہو اورجسے زبان پر غیرمعمولی عبور حاصل ہو۔ فضل مولا زاہدؔ کی دلچسپ تحریروں میں یہ تمام خوبیاں بدرجۂ اتم موجود ہیں۔ موصوف کی نگارشات اُردو ادب کی طنزو مِزاح کی صنف میں ایک اچھا اضافہ ہیں۔

’’گلگت تا گوادر‘‘ فضل مولا زاہدؔ کی دوسری کتاب ہے، جو مختلف سفرنامچوں پر مشتمل ہے۔ (فوٹو: فضل ربی راہیؔ)

’’گلگت تا گوادر‘‘ فضل مولا زاہدؔ کی دوسری کتاب ہے۔ پہلی کتاب ’’خدا گواہ‘‘ بھی مذکورہ تمام خوبیوں سے متصف ہے اور اسے علمی و ادبی حلقوں میں خاصی پزیرائی بخشی گئی تھی اور امید ہے کہ ان کی نئی کتاب بھی اعلا ادبی ذوق کے حامل قارئین میں غیرمعمولی طور پر پسند کی جائے گی۔
چھے مختلف سفرناموں اور مصنف کی ذاتی روداد پر مشتمل ایک حیات بخش مضمون سمیت یہ دلچسپ کتاب شعیب سنز پبلشرز اینڈ بک سیلرز (سوات، فون: 729448) نے بہت خوب صورت گٹ اَپ کے ساتھ شایع کی ہے۔ اسے پشاور میں یونی ورسٹی بک ایجنسی خیبر بازار، اسلام آباد میں سعید بک بینک جناح سپر مارکیٹ، لاہور میں المیزان پبلشرز اُردو بازار اور کراچی میں فضلی سنز اُردو بازار سے طلب کیا جاسکتا ہے۔
…………………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔