خاکہ کسے کہتے ہیں؟

خاکہ یا اسکیچ (Sketch) اس تحریر کا نام ہے جس میں کسی شخصیت کے کردار کے اہم خد و خال مختصر الفاظ میں ابھارے جائیں۔
اس کی مثال اس طرح ہے جیسے کوئی مصور موٹے موٹے خطوط سے کسی چیز کی عمومی تصویر کا احساس دلاتا ہے۔
خاکہ میں بھی تفصیل سے گریز کرکے اشارات کی زبان میں شخصیت کی مطلوبہ تصویر کھینچی جاتی ہے۔
کامیاب خاکہ نگار وہ ہے جو تھوڑے سے الفاظ میں کردار کے اہم اور منفرد پہلو سامنے لے آتا ہے اور پڑھنے والے کو یہ محسوس ہونے لگتا ہے کہ وہ شخصیت اس کی آنکھوں کے سامنے چل پھر رہی ہے۔
ایک کامیاب خاکے میں درجِ ذیل اوصاف کا ہونا ضروری ہے:
٭ اختصار اور جامعیت
٭ غیر رسمی انداز
٭ نفسیاتِ انسانی کا مطالعہ
(’’ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم‘‘ کی تالیف ’’اصنافِ اُردو‘‘ ، ناشر ’’بک کارنر‘‘، تاریخِ اشاعت 23مارچ 2018ء، صفحہ نمبر 61سے انتخاب)