نکولو میکیاولی (1469ء تا 1527ء) اطالوی سیاست دان، مدبر اور مؤرخ تھا۔ نکولو میکیاولی (Niccolo Machiavelli) کا باپ معروف قانون دان تھا۔ 1498ء میں تعلیم مکمل کی۔ 1498ء تا 1512ء جمہوریہ فلورنس کا سیکنڈ چانسلر رہا اور اس حیثیت میں متعدد ممالک کے دورے کیے اور خارجہ امور کا مشاہدہ کیا۔ مشہور اطالوی حکمران، خاندان میڈیچی کا سخت مخالف تھا۔ 1512ء میں جب میڈیچی خاندان برسرِ اقتدار آیا، تو میکیاولی پر غداری کا الزام لگا کر اُسے قید کر دیا گیا۔
1513ء میں رہائی کے بعد عملی سیاست کو ترک کرکے تصنیف و تالیف کی طرف توجہ دی۔ اسی سال اس کی شہرہ آفاق کتاب ’’دی پرنس‘‘ منظرِ عام پر آئی۔ اس کتاب میں اس نے ایک مضبوط دارالحکومت کے تحت اٹلی کی متحدہ ریاست کا نظریہ پیش کیا تھا۔ اس کتاب کا اتنا شہرہ ہوا کہ متعدد ممالک کے حکمرانوں نے اس کا جواب لکھا۔ ’’فلورنس کی تاریخ‘‘ اُس کی ایک اور مشہور تاریخ ہے۔
میکیاولی کے نزدیک سیاست میں مکاری، جھوٹ اور فریب جائز تھا۔
(’’تاریخِ عالم کی ڈکشنری‘‘ از ’’جان جے بٹ‘‘، تحقیق و ترجمہ ’’اخلاق احمد قادری‘‘، سنِ اشاعت 2019ء کے صفحہ نمبر 386 سے انتخاب)
