قارئین! مدین ہائیڈرو پاؤر پراجیکٹ کے خلاف مزاحمت میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
مدین جرگے کا متفقہ اعلامیہ ہے کہ ’’یہ پراجیکٹ اہلِ سوات کو کسی صورت قبول نہیں۔ یہ مدین، بحرین، کالام اور پوری وادئی سوات پر حملہ ہے۔ لہٰذا ہم اس میں تبدیلی نہیں، بل کہ اس منصوبے کو سرے سے نامنظور کرتے ہیں۔ ہم تحصیلِ بحرین کے لوگ ’دریائے سوات بچاو تحریک‘ کے ساتھ ہوکر اس منصوبے کو ناکام بنائیں گے۔‘‘
دراصل اتوار 18 مئی 2025ء کا دن نہایت اہم رہا۔ اس دن ’’دریائے سوات بچاو تحریک‘‘ نے مدین میں مدین، شاہ گرام، تیرات، قندیل، چیل، بشیگرام اور نکو کے لوگوں کے ساتھ ایک مشاورتی و مزاحمتی جرگے کا انعقاد کیا۔ جرگے میں سید جعفر شاہ (سابق ممبر صوبائی اسمبلی)، محمد علی خان (صوبائی صدر پختون خوا ملی عوامی پارٹی)، میاں شاہد علی (چیئرمین تحصیلِ بحرین)، سید حکیم شاہ (راہ نما پیپلز پارٹی)، میاں شجاعت علی (چیئرمین تیرات)، میاں سید غفور لالا، خالد میاں، پروفیسر سید جہان شیر ، فضل ربی (بشیگرام)، الطاف بھائی (صدر ٹریڈ فیڈریشن مدین)، نصیر خان، ملک نوازش علی، ملک بخت بند، حاجی نادر شاہ، خورشید علی (چیئرمین بحرین)، شاہ محمد خان، خائستہ گل اُستاد، عبد الرؤف، ملک ابراہیم اور دیگر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
پروگرام کے آغاز کے بعد ’’دریائے سوات بچاو تحریک‘‘ کی جانب سے اس جرگے کا مقصد اور اس سلسلے میں مدین ہائیڈرو پاؤر پراجیکٹ پر تفصیل پیش کی گئی، جس کے بعد جرگے میں مدین سے ان سب معززین نے خطاب کیا۔
’’دریائے سوات بچاو تحریک‘‘ نے جب مدین ہائیڈرو پاؤر پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے آخر میں بتایا کہ وہ اس منصوبے میں بڑی تبدیلیاں چاہتے ہیں، تاکہ اس کے نقصانات کو کم کیا جاسکے۔ اس پر مدین کے شرکا نے بات کی۔ شرکا میں اکثریت کی رائے اس منصوبے کے بالکل مخالف رہی اور اُنھوں نے کہا کہ وہ سرے سے اس منصوبے کے حق میں نہیں۔
آخر میں الطاف حسین کوہستانی اور خان سعید نے شرکا کے سامنے قرار داد پیش کی، تو سب نے اس بات کی تائید کی کہ اُن کو کسی بھی صورت میں مدین ہائیڈرو پاؤر پراجیکٹ منظور نہیں۔ لہٰذا اُنھوں نے قرار دیا کہ یہاں کے عوام کو ایسا مہلک منصوبہ کسی صورت نہیں چاہیے۔ وہ اس منصوبے میں تبدیلی کی بات نہیں کرتے، بل کہ اس کو سرے سے مانتے ہی نہیں۔ یوں متفقہ طور پر مدین ہائیڈرو پاؤر پراجیکٹ کو نامنظور کیا گیا۔
جرگے کے انعقاد اور انتظامات میں ’’دریائے سوات بچاو تحریک‘‘ کے ساتھیوں صدر خانزادہ، موجودہ صدر محمد نعیم، مرسلین، خورشید چیئرمین، محمد رحمان، شبیر احمد ہاشمی، محبوب عبدالمالک ، محمد ریحان اور دیگر کا کردار نمایاں رہا۔ جرگے میں نظامت اور سٹیج سیکریٹری کے فرائض ’’دریائے سوات بچاو تحریک‘‘ کے کارکن بخت نواز چموٹ نے احسن طریقے سے نبھائے۔ میڈیا کی طرف سے خان اکبر اور محبوب عبدالمالک نے اس کی کوریج کی۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔
