سوات کے علاقہ غالیگے کے یوسف خان اور سیدو شریف کے محمد رفیع اللہ جواد نے اہلِ سوات کا سر اُس وقت فخر سے بلند کیا، جب چین کے ایک ٹرین سٹیشن پر ایک معمر چینی باشندے کو بروقت طبی امداد دے کر اُس کی جان بچالی۔
چین کی ’’گنان میڈیکل یونیورسٹی‘‘ (Gannan Medical University of China) کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق دو پاکستانی طالب علم یوسف خان (ساکن غالیگے، سوات) اور محمد رفیع جواد (ساکن سیدو شریف، سوات) نے ٹرین سٹیشن پر ایک عمر رسیدہ چینی باشندے کی جان بچالی۔ دراصل مذکورہ چینی باشندہ ٹرین سٹیشن پر ٹرین کے انتظار میں بے ہوش ہوکر گر گیا تھا۔ اگر اُسے بروقت ’’گنان میڈیکل یونیورسٹی، چائینہ) کے طلبہ یوسف خان اور محمد رفیع جواد مصنوعی سانس نہ دیتے اور اُس کے سینے کو زورسے بار بار نہ دباتے، تو اس کی موت واقع ہوسکتی تھی۔
یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ دونوں پاکستانی پانچویں سال (5th Year) کے طالب علم ہیں۔ یونیورسٹی ڈین نے انھیں توصیفی سند کے ساتھ 800 چائنیز یَن (30 ہزار پاکستانی روپے سے زاید رقم) انعام کے طور پر دی ہے۔
یونیورسٹی ڈین کے مطابق چائینز حکومت کو دونوں پاکستانی طلبہ کے اس نیک اور بروقت کارروائی سے آگاہ کیا گیا ہے۔ نیز چائنیز میڈیا کو بھی خبر دے دی گئی ہے۔ جلد ہی دونوں طلبہ کو چائنیز گورنمٹ کی طرف سے توصیفی سند ملنے کی توقع ہے اوران کی خبر بھی چائنیز میڈیا پر نشر ہونے جا رہی ہے۔
