قارئین! آج رحمت اللہ خان المعروف ’’رحمت لالا‘‘ ولدِ فضل مولا سیدو شریف کے بارے میں نشست لیتے ہیں۔
مینگورہ سوات کی پچھلی نسل کے آبائی شہری جب گراسی گراؤنڈ کے پاس سے گزرتے، تو یقینا رحمت لالا کی خوب صورت شخصیت دیکھے بغیر نہیں گزر پاتے ہوں گے۔ رحمت لالا ایک بہترین فٹ بالر، سوات میں پہلے باقاعدہ فٹ بال ریفری، سوات میں کھیلوں کے فروغ اور فٹ بال کے عروج کے پیچھے ایک سرگرم نام ہیں۔
گراسی گراؤنڈ کو آباد کرنے اور آباد رکھنے والے مرحوم رحمت لالا عقبہ روڑ پر آباد سیدو شریف کے ایک معروف خاندان کے چشم و چراغ تھے۔ فٹ بال کے شیدائی تھے۔ جہانزیب کالج کے اولین طلبہ میں اُن کا نام آتا تھا۔ یہ وہ دور تھا جب فٹ بال ایک تصوراتی کھیل تھا۔ دلیپ کمار ایک بہترین فٹ بالر تھا اور سحر انگیز شخصیت کے ساتھ نوجوانوں کا آئیڈیل بھی تھا۔
کھلاڑی کا نام سنتے ہی ذہن کے پردے پر خوب صورت، کسرتی بدن، صاف ستھرے کپڑے اور مہذب لہجے والے نوجوان کا عکس پڑ جاتا۔
رحمت لالا گراؤنڈ میں فٹ بال کے ساتھ کھیلتے تھے، تو ان کے آس پاس گل زادہ، ڈاکٹر سلطان، امیر رحمان اور غلام نذیر جیسے لوگ بھی میدان میں ہوتے۔
اس جنون میں پڑھائی بھی وہ رُخ اختیار کرگئی۔ پہلے اُنھوں نے لاہور جاکر فیزیکل ایجوکیشن میں ڈپلوما کیا۔ بعد گومل یونیورسٹی سے فزیکل ایجوکیشن ہی میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔ عظیم مادرِ علمی جہانزیب کالج میں ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن مقرر ہوئے اور پورے صوبے کے ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن ایسوسی ایش کے صدر بھی رہے۔ سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج سیدو شریف کی حیثیت سے سبک دوش ہوئے۔
وہ خوش بُو کی طرح ہواؤں میں بکھر گئے۔ سب کے لالاجی، سب کے دوست، فٹ بال کے شیدائی، انتہائی مثبت سوچ اور عمل والے ایک دن چپ چاپ منوں مٹی تلے جاکر لیٹنے کا فیصلہ کر گئے۔
رحمت لالا کے بھائی سلیم اللہ بھی سپورٹس سے کم محبت نہیں رکھتے تھے۔ وہ بھی صوبائی سیکریٹری سپورٹس سبک دوش ہوئے۔ اُن کی اولاد رضوان اللہ اسسٹنٹ سیکریٹری سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ سوات، ثناء اللہ جنرل منیجر مٹسوبیشی الیکٹرک سوات، محترمہ روبینہ رحمت پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول سیدو شریف سوات ہیں۔
خوب صورت، بارُعب اور سیلف میڈ رحمت اللہ خان عقبہ روڑ پر سڑک کنارے قبرستان میں دفن ہیں۔ دعا کے منتظر رہتے ہیں۔ گراسی گراؤنڈ کی ہوائیں درخواست کرتی ہیں کہ لالا کو دعاؤں اور نیک خواہشات میں یاد رکھیں۔ اللہ تعالیٰ جنت الفردوس میں اعلا مقام عطا فرمائے!
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

One Response
Thinker Pedia I am truly thankful to the owner of this web site who has shared this fantastic piece of writing at at this place.