ایک عرب شاعر کی لازوال نظم کا ترجمہ

ترجمہ: محمد شہزاد
ادب ہمیشہ انسان کو ہمت اور حوصلہ عطا کرتا ہے۔ زمانۂ عسرت کا خوب صورت نعم البدل عرب شاعر نے نظم کی صورت میں عرض کیا ہے، اہلِ ذوق کی نظر ۔
لیس شرطا أن یکون الرزق مالا
قد یکون الرزق خلقا أو جمالا
(ترجمہ) رزق کے لیے مال کا ہونا شرط نہیں۔ یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ کسی کو رزق کی صورت اچھا اخلاق یا پھر حسن و جمال دے دیا گیا ہو۔
قد یکون الرزق عقلا راجحا
زادہ الحلم جمالا وکمالاً
(ترجمہ) یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ کسی کو رزق کی صورت میں عقل و دانش دے دی گئی ہو، اور وہ فہم اس کو نرم مزاجی اور تحمل و حلیمی عطا کر دے۔
قد یکون الرزق زوجا صالحا
أو قرابات کراما و عیالا
(ترجمہ) یہ بھی تو ہوسکتا ہے کہ کسی کو رزق کی صورت میں بہترین شخصیت کا حامل شوہر یا بہترین خصائل و اخلاق والی بیوی مل جائے۔ مہربان کریم دوست اچھے رشتہ دار یا نیک و صحت مند اولاد مل جائے۔
قد یکون الرزق علما نافعا
قد یکون الرزق أعمارا طوالا
(ترجمہ) یہ بھی تو ہو سکتا ہے کسی کو رزق کی صورت علمِ نافع دے دیا گیا ہو اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اُسے رزق کی صورت لمبی عمر دے دی گئی ہو۔
قد یکون الرزق قلبا صافیا
یمنح الناس ودادا و نَوالا
(ترجمہ) یہ بھی تو ہو سکتا ہے کسی کو رزق کی صورت ایسا پاکیزہ دل دے دیا گیا ہو جس سے وہ لوگوں میں محبت اور خوشیاں بانٹتا پھر رہا ہو۔
قد یکون الرزق بالا ہادئا
إنما المرزوق من یہدأ بالا
(ترجمہ) یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ کسی کو رزق کی صورت ذہنی سکون دے دیا گیا ہو، اور وہ شخص بھی تو خوش نصیب ہی ہے…… جس کو ذہنی سکون عطا کیا گیا ہو۔
قد یکون الرزق طبعا خیرا
یبذل الخیر یمینا و شمالا
(ترجمہ) یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ کسی کو رزق کی صورت نیک و سلیم طبع عطاکی گئی ہو۔ وہ شخص اپنی نیک طبیعت کی وجہ سے اپنے اِرد گرد خیر بانٹتا پھرے۔
قد یکون الرزق ثوبا من تقی
فھو یکسو المرء عزا و جلالا
(ترجمہ) یہ بھی تو ہوسکتا ہے کہ کسی کو رزق کی صورت تقوا کا لباس پہنا دیا گیا ہو اور اُس شخص کو اُس لباس نے عزت اور مرتبہ والی حیثیت بخش دی ہو۔
قد یکون الرزق عِرضَاً سالماً
و مبیتاً آمن السِرْبِ حلالاً
(ترجمہ) یہ بھی تو ہوسکتا ہے کہ کسی کو رزق کی صورت ایسا عزت اور شرف والا مقام مل جائے، جو اس کے لیے حلال کمائی اور امن والی جائے پناہ بن جائے۔
لیس شرطا أن یکون الرزق مالا
کن قنوعاً احمد اللہ تعالی
(ترجمہ) پس رزق کے لیے مال کا ہونا شرط نہیں۔ جو کچھ عطا ہوا،اُس پر مطمئن ہونا سب سے بڑا رزق ہے…… اور اللہ تعالا کا شکر ادا کرتے رہو۔
دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالا ہم سب کو صبر اور شکر کرنے کی توفیق عطا فرماء…… آمین، یا رب العالمین!
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے