وکی پیڈیا کے مطابق رمیز راجا (Ramiz Raja) سابقہ مشہور پاکستانی کرکٹر، 14 اگست 1962ء کو فیصل آباد (اُس وقت لائل پور) میں پیدا ہوئے۔
ایک راجپوت گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ابتدائی تعلیم گھر میں ہی منفرد انداز میں حاصل کی۔ والد راجہ سلیم اختر ایک سینئر بیوروکریٹ تھے جنھوں نے کچھ فرسٹ کلاس میچز کھیل رکھے تھے۔ کرکٹر وسیم راجا کے چھوٹے بھائی ہیں۔
رمیز راجا کرکٹ مبصر، یوٹیوبر اور سابق کرکٹ کھلاڑی ہیں جو 1980ء اور 90ء کی دہائی کے دوران میں پاکستان کی کپتان کی حیثیت سے نمایندگی کرتے تھے۔ کرکٹ سے سبک دوشی کے بعد سے بین الاقوامی کرکٹ میچوں میں تبصرہ نگار کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ اپنے یوٹیوب چینل ’’رمیز اسپیکس‘‘ (Ramiz Speaks) پر بھی کرکٹ کے بارے میں بات کرتے رہے ہیں۔ موجودہ وقت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان کے علاوہ الائیڈ بینک، اسلام آباد کرکٹ ایسوسی ایشن لاہور، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن پنجاب اور سروس انڈسٹریز کی طرف سے کرکٹ کھیلی۔
13 سال تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلی۔ 57 ٹیسٹ میچوں میں اپنے جوہر دکھائے۔ کیریئر کی اوسط 31.83 ہے۔ 2 سنچریاں اسکور کیں۔ یک روزہ بین الاقوامی میدان میں 198 میچ کھیلے اور 9 سنچریاں بنائیں۔ اُس قومی ٹیم کے رکن تھے جو 1987ء کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔ 1992ء کے ورلڈ کپ میں 2 سنچریاں اسکور کیں، جو آسٹریلیا میں منعقد ہوا تھا۔ اس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک سنچری بھی شامل تھی، جو اس عرصے میں ناقابل شکست رہا تھا۔ فائنل میں انگلینڈ کے خلاف فائنل کیچ لینے کا اعزاز بھی جیتا۔