میاں شہباز شریف نے بحیثیتِ وزیرِ اعظم اپنی تنخواہ سوات میں کڈنی ہسپتال کو عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔
سوات میں شورش کے بعد امن قایم ہونے پر اُس وقت کے وزیرِ اعظم نواز شریف نے اپنے خاندان اور دوستوں کی زکوٰۃ کی رقم سے سنگوٹہ سوات میں جدید طرز کا ’’نواز شریف کڈنی ہسپتال‘‘ قایم کیا تھا۔ تعمیر اور سامان کی ترسیل کے بعد اس ہسپتال کو خیبر پختون خوا کی حکومت کے حوالہ کیا گیا تھا۔
پچھلے سال صوبائی حکومت نے ’’نواز شریف کڈنی ہسپتال‘‘ کا نام تبدیل کرکے ’’میاں گل عبدالحق جہانزیب (سابق والی سوات)‘‘ رکھا۔ اُس وقت کے وزیرِ اعظم نواز شریف نے اپنی تمام تنخواہیں اس کڈنی ہسپتال کو عطیہ کی تھیں۔ اب موجودہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی اپنی تنخواہ ہسپتال کو عطیہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیرِ اعظم کے مشیر اور ن لیگ کے صوبائی صدر امیر مقام نے رابطہ پر اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے حکم دیا ہے کہ جب تک وہ وزیرِ اعظم ہیں، ان کی تمام تنخواہ سنگوٹہ سوات کے کڈنی ہسپتال کو دی جائے، تاکہ اس سے غریب مریضوں کا مفت علاج ہوسکے۔