ترجمہ نگار: طاہر رسول 
جدید عربی فکشن کے بحرِ عمیق سے فکشنی فن پاروں کے موتی چن کر انہیں اُردو کا روپ دینے کے حوالے سے حالیہ برسوں میں مقبولیت پانے والے پُرشوق قاری اور منجھے ہوئے مترجم ندیم اقبال کی اُردو تراجم کی دنیا میں تازہ ترین کاوش محمد البساطی کا عربی ’’بکر پرایز‘‘ کے لیے 2009ء میں شارٹ لسٹ ہونے والا ناول ’’بھوک‘‘ ہے۔
’’بھوک‘‘ مصر کے دیہاتی علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک مفلوک الحال خاندان کی کہانی کا بیان ہے۔ سربراہِ خانہ ’’زاغلول‘‘ جو کہ مزدور طبقے سے متعلق، کم و بیش ہر طرح کے کام کرنے میں ایک طرح کی مہارت رکھتا ہے…… لیکن اس کے باوجود مزدوری کے پیشے سے بوجوہ عدم رغبت کی وجہ سے اہلِ خانہ کے لیے فاقوں بھری زندگی کا باعث بنتا ہے۔ اس کی بیوی سکینہ جو کہ اہلِ خانہ اور اپنے لیے ایک بہتر زندگی کی خواہشمند ہے اور ان کا بیٹا زاہر جو نہ صرف یہ کہ طبعاً حساس ہے بلکہ نو عمری کے باوجود گھر کی صورتِ حال کا مکمل ادراک رکھتا ہے اور اہل خانہ کے لیے اشیائے خور و نوش کی فراہمی میں مقدور بھر مدد بھی مہیا کرتا ہے۔
ناول کی منفرد ہیئت کے متعلق اجمل کمال لکھتے ہیں: ’’عربی فکشن خاص طور پر ناول کی ہیئت میں جس طرح کے متنوع اور کامیاب تخلیقی تجربے کیے گئے ہیں۔ یہ ناول بھی ان کی ایک عمدہ مثال پیش کرتا ہے۔ ناول کے مختلف حصوں کو الگ الگ کرداروں کی زبانی بیان کرنے کی تکنیک نجیب محفوظ، یوسف القعید اور کئی دوسرے ادیبوں نے اپنے اپنے موضوع کی مناسبت سے بڑی خوبی سے استعمال کی ہے۔ محمد البساطی کے زیرِ نظر ناول کے ابواب کا راوی تو ایک ہی ہے…… لیکن ہر باب کہانی کے کسی ایک کردار پر فوکس کرتے ہوئے قصے کو آگے بڑھاتا اور اس میں مختلف زاویوں سے معنویت پیدا کرتا ہے۔‘‘
زاغلول کے اہلِ خانہ کے علاوہ دکھائے جانے والے دیگر ضمنی کرداروں کی زندگی کے قصے انسانی محرومیوں کے دیگر پہلوؤں کی تصویر کشی کرتے ہیں۔ ہم دیکھتے ہیں کہ ہر طرح کی مالی آسودگی کے باوجود انسان بسا اوقات کس قدر تکلیف دہ زندگی گزارنے پہ مجبور ہوتا ہے۔ مترجم نے ترجمے میں روانگی کے ساتھ ساتھ بدیسی کلچر کے لطف کو ہر چند برقرار رکھا ہے۔ ان کی طرف سے ایسے ہی دیگر فکشنی تراجم کے لیے ہم چشم براہ ہیں۔
…………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔