ممتاز بلوچ قوم پرست، سیاسی راہ نما، جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ، سابق وزیرِ اعلا اور گورنر بلوچستان ’’نواب محمد اکبر خان بگٹی‘‘ کے نام سے کون ہوگا جو واقف نہ ہوگا۔ 12 جولائی 1927ء کو بگٹی قبیلہ کے سردار نواب محراب خان بگٹی کے گھر بارکھان حاجی کوٹ ڈیرہ بگٹی میں پیدا ہوئے۔
ابتدائی تعلیم ڈیرہ بگٹی ہی سے حاصل کی جب کہ اس کے بعد ایچی سن کالج لاہور چلے گئے۔ وہاں سے فراغت ہوئی، تو اعلا تعلیم کے لیے آکسفورڈ یونی ورسٹی برطانیہ کا انتخاب کیا۔ ابھی زیرِ تعلیم تھے کہ 1939ء کو والدِ بزرگوار محراب خان بگٹی کا انتقال ہوا۔ والد کے انتقال کے بعد ساری ذمہ داریاں ان کے کندھوں پہ آئی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد 1944ء کو باقاعدہ طور پر اپنے قبیلے کے سردار کی حیثیت سے فعال ہوئے۔ اس کے علاوہ سندھ اور بلوچستان کے شاہی جرگہ کے رُکن بھی رہ چکے ہیں۔
1949ء کو حکومتِ پاکستان کی خصوصی اجازت سے ’’پاکستان سول سروس اکیڈمی‘‘ سے پی ایس ایس (اب سی ایس ایس) کا امتحان دیے بغیر تربیت حاصل کی۔
نواب صاحب کی تین شادیاں تھیں۔ شرکائے حیات میں سے ایک بگٹی، ایک پٹھان جب کہ ایک سندھی تھیں۔ پہلی شریکِ حیات سے چار بیٹے سلیم، ریحان، طلال اور سلال، دوسری سے ایک بیٹا جمیل اکبر اور دو بیٹیاں، جب کہ تیسری اور آخری بیوی سے ایک ہی بیٹا ہے۔
28 نومبر 1946ء کو مری بگٹی قبیلے کے دو سردار دوا خان مری اور نواب صاحب نے تاجِ برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ ان کے قبائلی علاقے بھی ’’قلات فیڈریشن‘‘ میں شامل کیے جائیں۔ کیوں کہ اُس وقت بلوچستان کے دو حصے (قلات اور برٹش بلوچستان) تھے۔ قیامِ پاکستان کے بعد نواب صاحب 1950ء کو ایجنٹ ٹو گورنر جنرل کونسل کے رُکن منتخب ہوئے۔ ملک فیروز خان نون کی کابینہ میں بحیثیتِ نائب وزیرِ دفاع شامل ہوکر ایک سال تک مذکورہ عہدے پر خدمات سر انجام دیتے رہے ۔
نواب صاحب (مرحوم) کو سب سے زیادہ سیاسی مشکلات کا سامنا اُس وقت کرنا پڑا، جب 1955ء کو مغربی پاکستان کے تمام صوبوں اور ریاستوں کے ساتھ دونوں حصوں کو یکجا کرکے ’’ون یونٹ سکیم‘‘ کا اطلاق کردیا گیا۔ 1956ء کو قائم ہونے والی چھوٹی قومیتوں کے حقوق کے علمبردار جماعت نیشنل عوامی پارٹی (نیپ) کو بلوچستان میں اُس وقت پذیرائی ملی، جب ایوبی دور کے آخر میں حکومتی جبر و تشدد کے باعث تین سردار نواب خیر بخش مری، نواب اکبر خان بگٹی اور سردار عطااللہ خان مینگل نیپ کے ساتھ قدم ملا گئے۔ اُس وقت یہ نعرہ زبان زدِ عام ہوا: ’’اتحاد کا ایک نشان…… عطاء اللہ، خیر بخش، اکبر خان!‘‘
ایوبی حکومت کے خاتمہ کے بعد نواب خیر بخش مری اور سردار عطاء اللہ مینگل نے باقاعدہ نیپ میں شمولیت اختیار کی…… جب کہ نواب اکبر خان بگٹی (EBDO ایوب خان کی طرف سے سیاست دانوں کے لیے جاری کردہ ’’الیکٹیڈ باڈیز ڈس کوالی فکیشن آرڈر‘‘) کی وجہ سے پارٹی میں شامل نہ ہوسکے…… لیکن نیپ کی مکمل حمایت کرتے رہے۔
اگست 1962ء کو جب ایوب خان ملک میر خان کے ساتھ کوئٹہ آئے اور مسلح افواج کی حفاظت میں نہایت اشتعال انگیز تقریر کی، تو اگلے ہی روز بلوچوں نے جوابی جلسہ کیا جن میں سندھ کے سیاسی راہ نما میر رسول بخش تالپور بھی شامل تھے۔ جلسہ میں ایوب خان کی آمریت کو للکارا گیا، تو بلوچستان کے کونے کونے سے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ نواب صاحب بھی گرفتار ہوئے اور ان پر بغاوت اور قتل کا الزام لگا کر انہیں سینٹرل جیل کراچی اے کلاس وارڈ نمبر 19 بھیجا گیا۔ مارشل لا کے بعد ایک اور قتل کے الزام میں گرفتار ہوئے اور چودہ سال قید کی سزا دی گئی…… لیکن کچھ عرصہ بعد پھر رہا کردیے گئے۔
1973ء کو جب ذوالفقار علی بھٹو نے نیپ کی حکومت کو برخاست کیا، تو اکبر بگٹی کو صوبے کا گورنر مقرر کیا۔ دس ماہ گورنر رہے…… لیکن ذوالفقار علی بھٹو سے اختلافات کی بنا پر مستعفی ہوگئے۔ 1980ء کو نواب صاحب نے ضیا حکومت پر سیاسی دباؤ ڈالنے کی کوشش کی۔ اس خاطر سیاسی حکمت عملی کا انوکھا اور منفرد طریقہ اختیار کرتے ہوئے اسمبلی میں اُردو بولنے سے انکار کردیا۔ اُنہوں نے ہر جگہ اپنی مادری زبان میں تقریریں کیں لیکن پھر 1988ء کے انتخابات میں اُردو بولنا شروع کیا۔ 1988ء کے انتخابات میں نواب صاحب نے آزادانہ طور پر حصہ لیتے ہوئے ’’بلوچ نیشنل الائنس‘‘ کی راہ نمائی کی اور انتخابات میں کامیابی کے بعد وزیرِ اعلا بلوچستان منتخب ہوئے ۔
16 اگست 1990ء کو کوئٹہ میں ساتھیوں کے ساتھ مشورے کے بعد ’’جمہوری وطن پارٹی‘‘ تشکیل دے دی۔ اکتوبر 1990ء کے انتخابات کے بعد پاکستان میں جو حکومتی ڈھانچا قائم ہوا، تو تمام سیاسی پارٹیاں برسرِ اقتدار تھیں، سوائے ’’جمہوری وطن پارٹی‘‘ کے…… جو حزبِ اختلاف میں تھی۔ 1993ء کو جمہوری وطن پارٹی ایک مرتبہ پھر اپوزیشن کی نشستوں پر بیٹھ گئی۔ 1997ء کے انتخابات میں حصہ لینے سے نواب صاحب ممبر نیشنل اسمبلی منتخب ہوئے۔ تاہم اُنہوں نے 2002ء کے انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔
1993ء کو’’ بگٹی جھکرانی‘‘ جب کہ 2003ء کو’’ بگٹی مزاری جنگ‘‘ ہوئی…… جس میں شدید فائرنگ کی وجہ سے گیس پائپ لائن تباہ ہوگئی۔ کچھ عرصہ بعد بگٹی مزاری باہمی مذاکرات کی وجہ سے دشمنی ختم ہوکر حالات بہتر ہونے لگے…… لیکن جنوری 2005ء کو ڈاکٹر شازیہ کیس نے پورے بلوچستان میں آگ لگا دی۔ کیوں کہ بلوچ معاشرے میں خواتین کو ایک بڑا مقام حاصل ہے۔ اس واقعہ کے بعد ڈیرہ بگٹی میں حالات کشیدہ ہوگئے اور 07 جنوری 2005ء کو بگٹیوں نے ایک بار پھر راکٹ حملوں کے ذریعے گیس پائپ لائن اُڑا دی…… جس کی وجہ سے پورے پاکستان میں گیس سپلائی معطل ہونے کی وجہ سے حکومت کو یومیہ 120 ملین روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ پرویز مشرف نے حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے بلوچستان میں ’’فوجی آپریشن‘‘ کا اعلان کیا…… جس پر بگٹی نے ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’بلوچستان فتح کرنے کے نتائج خطرناک ہوں گے۔ کیوں کہ غیرت مند بلوچ فوجی آپریشن کی بھر پور مزاحمت کریں گے…… اور ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ کیوں کہ ہم اپنی حاکمیت اور بقا کی جنگ لڑنا جانتے ہیں۔‘‘
یوں ہر دن سورج طلوع ہونے کے ساتھ اس بوڑھے شیر کے حوصلے بلندتر ہوتے گئے۔ نواب صاحب (مرحوم) نے شازیہ کیس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت مظاہروں کو نہیں بلکہ بم دھماکوں کو دیکھتی ہے۔ ڈاکٹر شازیہ کو ایک کیپٹن سمیت تین اہل کاروں نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ ہم بلوچ اپنی سرزمین پر ایسے شرم ناک معاملات کو کسی طور پر برداشت نہیں کریں گے۔‘‘
نواب صاحب کی اس تقریر کی وجہ سے بلوچ روایات کو ایک نئی زندگی مل گئی۔ نواب صاحب بی بی سی کو انٹرویو دے رہے تھے کہ اس دوران میں فوجی آپریشن میں شدت آگئی اور 17 مارچ کو سانحہ ڈیرہ بگٹی کا واقعہ پیش آیا…… جس میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے گھروں پر شِلنگ کرنے کی وجہ سے 70 سے زائد افراد شہید ہوگئے۔ گولیوں کی آواز سنتے ہی نواب صاحب نے کہا کہ ہم پر جنگ مسلط کردی گئی ہے اور یوں اُنہوں نے پہاڑوں کا رُخ کر لیا۔ وہاں تیاری کے بعد بہادری کے ساتھ اپنا دفاع کرتے رہے ۔
اس جنگ میں بلوچوں کی سیاسی اور سماجی شخصیات، نواب صاحب کے لیے دعا گو تھے اور اس کٹھن موقع پر نواب صاحب کی حفاظت کا ذمہ خود لیا۔ کیوں کہ ان کو پتا تھا کہ یہ تصادم مزاحمتی تحریک کا حصہ ہے اور حصولِ آزادی تک جاری رہے گا۔
حالات تیزی سے بدل رہے تھے۔ کوہلو، ڈیرہ بگٹی کے گرد جنگ شدت سے جاری تھی۔ سال 2003ء سے 2006ء تک نواب اکبر بگٹی بلوچوں اور مری قبیلے کے سرداروں سے مل کر حکومت کے خلاف صوبے کے حقوق کے لیے قوم پرستوں کی قیادت سنبھالے ہوئے تھے۔ 13 اکتوبر 2005ء کو نواب صاحب نے مشرف کے نام اپنی آخری پیغام میں کہا کہ ’’جنرل صاحب! اپنے وعدے پر قائم رہیے، کیوں کہ ہمیں غم اور تکلیف توقع سے بڑھ کر ملا ہے۔ ہم کسی بھی صورت بلوچستان کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔ جس کے لیے چاہے کتنی ہی قربانیاں کیوں نہ دینی پڑیں…… گریز نہیں کریں گے!‘‘
نواب صاحب (مرحوم) نے پیرانہ سالی میں مزاحمت کی اور بالآخر 26 اگست 2006ء کو تراتانی کوہ سلیمانی میں ان پر کلسٹر بموں سے حملہ کیا گیا…… جس میں نواب صاحب اپنے 37 محافظوں سمیت انتقال کرگئے…… یوں ایک تاریخ رقم کی۔ نواب صاحب کی رحلت نے پوری بلوچ قوم کو ایک طرح سے نیند سے جگا دیا۔
جاتے جاتے بس انہی کے ایک مشہور قول پر اجازت لینا چاہوں گا کہ ’’میرے فکری اورعملی ساتھی وہی ہیں…… جنہیں جان نہیں، وطن عزیز ہو!‘‘
…………………………….
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔