(خصوصی رپورٹ) سوات میں امسال ٹماٹر کی فصل کوبے موسم کی بارشوں اور ژالہ باری سے نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے ملک میں ٹماٹرکی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
سوات میں اکتوبر اور نومبر میں تیار ہونے والی ٹماٹر کی فصل کو اب کی بار بارش اور ژالہ باری سے شدید نقصان پہنچا ہے۔ بریکوٹ میں ٹماٹر کے ایک زمین دار عزیز الوہاب اس حوالہ سے بتاتے ہیں کہ ایک ماہ قبل، قبل از وقت بارش اور ژالہ باری سے فصل کو اتنا نقصان پہنچا ہے کہ یہ کاشت کی قیمت بھی پورا نہیں کر پا رہی۔ ٹماٹر اس دفعہ زمین داروں کے لیے گھاٹے کا سودا ہے، لیکن زمین دار کھیت میں بھی ٹماٹرنہیں رکھ سکتا جس کی وجہ سے تاوان کے باوجود باقی ماندہ ٹماٹر مارکیٹ میں بھیج رہا ہے۔ کم فصل کی وجہ سے ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
سوات میں 5 ہزار ایکڑ زمین پر ٹماٹر کاشت ہوتا ہے۔ محکمۂ زراعت سوات کے ڈائریکٹر محمد ایاز خان کے مطابق مذکورہ زیرِ کاشت زمین پر ہر سال 51 ہزار میٹرک ٹن سے زائد ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے۔ سوات میں سال میں دو بار ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے، پہلی بار جون اور جولائی اور دوسری بار اکتوبر اور نومبرمیں۔
پہلے فصل تیار ہونے کے بعد اس کوکھیت سے حاصل کرنے، پیٹیوں میں بند کرنے اور ملک کی مختلف منڈیوں میں پہنچانے کے لیے افرادی قوت کی ضرورت ہوتی تھی۔ اس طرح ڈھیر سارے لوگوں کو روزگار ملتا تھا لیکن امسال فصل خراب ہونے اور پیدوار کی کمی کی وجہ سے بہت کم لوگ کھیتوں میں کام کر رہے ہیں۔