تخفیف کسے کہتے ہیں؟

کسی شعر کی تقطیع کرتے وقت کسی لفظ میں سے ایک حرف کی آواز کے ہلکا کرنے کے عمل کو ’’تخفیف‘‘ کہتے ہیں۔ جیسے شاد باش سے حرف ’’د‘‘ کی تخفیف کی گئی، تو لفظ ’’شاباش‘‘ بن کر رہ گیا۔ اس طرح راہ سے حرف ’’الف‘‘ کی تخفیف کی گئی، تو لفظ ’’رِہ‘‘بن کر رہ گیا۔
اچھے طریقے سے سمجھنے کے لیے ذیل میں دیا گیا مینا کماری نازؔ کا شعر ملاحظہ ہو:
یوں تیری رہ گزر سے دیوانہ وار گزرے
کاندھے پہ اپنے رکھ کے اپنا مزار گزرے
مصرعۂ اولیٰ میں لفظ ’’راہ‘‘ میں سے حرف ’’الف‘‘ کی تخفیف کی گئی، تو یہ ’’رہ‘‘ بن کر رہ گیا۔ شعر میں استعمال شدہ مرکب لفظ دراصل ’’راہ گزر‘‘ ہی ہے، جو تخفیف کے بعد ’’رہ گزر‘‘ بن کر رہ گیا۔