تھیلس (Thales) کا تعلق ایشیائے کوچک کے بحیرۂ روم کے ساحل پر واقع ایک یونانی نو آبادی آئییونیا (Ayunia ayurvedic) کے شہر مائیلیٹس سے تھا۔ یہ مفکر 624 قبل مسیح میں مائیلیٹس میں پیدا ہوا، اور 546 قبلِ مسیح میں وفات پائی۔ یہ یونان کا سب سے قدیم فلسفی تھا۔ انسانی تاریخ میں سب سے پہلے سورج گرہن کی نشان دہی اسی نے کی تھی۔ اس کو دنیا کا پہلا جیو میٹری دان ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سال کے 365 دنوں کا تصور بھی اسی کا پیش کردہ ہے۔ سورج اور چاند کے حجم کی اولین نشان دہی کا سہرا بھی اسی کے سر جاتا ہے۔ یہ دنیا کا پہلا فلسفی تھا، جس نے کائنات کی تخلیق کی تشریح سائنسی شکل میں کی۔ اس نے پہلی مرتبہ علمِ ہندسہ کے اصولوں کا اطلاق عملی مسائل پر کیا۔ اسے الجبرا پر بھی دسترس حاصل تھی۔ اس نے یونانی فلسفیوں کا پہلا علمی مرکز قائم کیا۔ (خاور نیازی کے ایک تحقیقی مقالہ سے اقتباس)