قارئینِ کرام! ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پوری دنیا میں بدنام کیے جانے والے خطہ ’’سوات‘‘ کے حوالہ سے جب بھی کوئی اچھی اور امید افزا خبر چھپتی ہے، تو نجانے کیوں مجھے انجانی سی خوشی کا احساس ہوتا ہے۔ ایسی ہی ایک خبر ’’پاکستان پوسٹ کینیڈا‘‘ میں سوات کے بیٹے عمیر احد کے حوالہ سے پڑھنے کو ملی، جس میں انہیں "کینیڈا میں امن کا سفیر” تعینات کرنے پر تفصیلاً روشنی ڈالی گئی ہے۔ چوں کہ میں عمیر احد کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، اس لیے اولاً خبر اور ثانیاً اس کا چھوٹا سا پروفائل آپ حضرات کے ساتھ شیئر کرتا چلوں۔
"پاکستان پوسٹ کینیڈا” (Pakistan Post Canada) کی ذکر شدہ خبر کے مطابق "گلوبل پیس چین” (Global Peace Chain) اور "یونائیٹڈ نیشنز” (United Nations) نے پاکستانی نژاد عمیر خان کو کینیڈا میں امن کا سفیر تعینات کر دیا ہے۔
خبر کی تفصیل میں درج ہے کہ "معروف سماجی شخصیت اور خدائی خدمت گار کینیڈا کے ذمہ دار عمیر خان کی انسانیت سے محبت اور دنیا بھر میں انسانیت کے لیے پیش کی جانے والی خدمات کے صلے میں دنیا میں امن اور انسانی حقوق کے لیے سرگرم عالمی تنظیمیں "یو این اُو” اور "گلوبل پیس چین” نے انہیں کینیڈا میں امن کے سفیر کی ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ گذشتہ روز عمیر خان کو گلوبل پیس چین اور یونائیٹڈ نیشنز کی جانب سے موصول ہونے والی ای میلز اور فون کالز پر مطلع کیا گیا کہ انہیں دنیا کے ان بڑے اداروں کی جانب سے کینیڈا میں سال 2020ء تا 2022ء امن کا سفیر مقرر کیا جا رہا ہے، جس کے جواب میں عمیر خان نے کینیڈا کے لیے ان کے نام کو منتخب کرنے پر شکریہ ادا کیا۔”

کینیڈا میں کووڈ 19 کی وجہ سے نافذ شدہ لاک ڈاؤن میں سوشل ورک کے دوران لی جانے والی تصویر

خبر کے مطابق "اس موقع پر انہوں (عمیر احد) نے کہا کہ ان کی زندگی کا مقصد انسانیت سے محبت اور جہاں تک ممکن ہو امن کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اپنی زندگی کا ایک اہم مقصد یعنی ہر قسم کے مذہب، رنگ، نسل اور جغرافیائی حدوں سے بالا تر ہو کر انسانیت کو ہی فوقیت اور ترجیح دوں۔”
٭ عمیر احد کون ہیں؟
عمیر احد پشتون قبیلہ "یوسف زئی” کی شاخ میرخیل سے تعلق رکھتے ہیں۔ 20 مئی 1985ء کو عبدالاحد میرخیل کے ہاں تاج چوک مینگورہ سوات میں پیدا ہوئے۔ یونیورسٹی آف کیلگری (University of Calgary) سے پولی ٹیکل سائنس میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی ہے۔ پاکستان میں اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھتے ہوئے "پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن” کے فعال کارکن رہ چکے ہیں۔ خدائی خدمتگار تحریک سے متاثر ہیں۔ خود کو باچا خان بابا کے پیروکار ہونے کے ناتے "عدم تشدد” کا علم بردار کہتے ہیں۔ آج کل کینیڈا میں مقیم ہیں۔
…………………………………………………..
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔