عطا اللہ جانؔ 28 مئی 1977 ء کو سیدو شریف میں ثمر خان (مرحوم) کے ہاں پیدا ہوئے۔ پرائمری تا میٹرک تعلیم گورنمنٹ سکول شگئی سے حاصل کی۔ میٹرک کا امتحان 1993ء میں پاس کرنے کے بعد گورنمنٹ جہان زیب کالج میں داخل ہوئے۔ 1995ء میں ایف ایس سی، 1998ء میں بی ایس سی اور 2001 ء میں ایم ایس سی کا امتحان مذکورہ کالج سے پاس کیا۔
جانؔ صاحب پیشہ کے لحاظ سے ہائی کورٹ کے وکیل ہیں اور عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ 2005ء میں ’’ایل ایل بی‘‘ کی ڈگری پشاور یونی ورسٹی سے حاصل کی، اور وکالت کو معاش اور عوامی خدمت کا ذریعہ بنایا۔ اس کے علاوہ ادبی حلقوں میں جانؔ صاحب کو ایک ماہر نقاد کے طور پر جانا جاتا ہے۔ شعر و ادب کا وسیع مطالعہ رکھتے ہیں، جس کی بنا پر ان کا شمارہم سوات کے بہترین نقادوں میں کرسکتے ہیں۔
جانؔ صاحب کاظم خان شیداؔ کے تقریباً سو اشعار کی تشریح بھی مکمل کرچکے ہیں۔
جانؔ صاحب کا شمار سوات کے ان گنے چنے افراد میں ہوتا ہے جو محض دوسروں کی توجہ حاصل کرنے کی غرض سے ’’ادیب‘‘ نہیں بنتے، جو الفاظ اور خیالات کا استعمال بڑی غیر سنجیدگی سے کرتے ہیں۔ جانؔ صاحب ادب کے مروجہ اصولوں کے دائرے کے اندر رہ کر ادب پرور ہونے کا ثبوت دیتے ہیں۔
ایک شاعر کی حیثیت سے جانؔ صاحب کے مطابق دو کتب کا مواد ان کے پاس تیار پڑا ہے مگر فی الحال چھاپنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
جانؔصاحب کا شمار سوات کے خوش نویسوں میں بھی ہوتا ہے۔ وہ یہاں کے کاتبوں میں سب سے کم عمر ہیں۔ انہوں نے اس جدید دور میں جہاں ہر طرف کمپیوٹر کی لکھائی کا رواج ہے، مادری زبان کی خدمت قلم سے کی ہے، اور اُن گنے چنے کاتبوں میں جگہ بنائی ہے جن کے قلم کے نمونے اس ٹیکنالوجیکل دور میں دِکھ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے قلم سے یار دوستوں کے کلام کو رونق بخشی ہے۔
خود جانؔ صاحب کے کہنے کے مطابق وہ پانچ تا چھے کتابوں کی کتابت کر چکے ہیں، جن میں ضیاالدین یوسف زئی کا شعری مجموعہ ـ’’خو مینہ تل جوندیٔ وی‘‘ (پہلی اشاعت)، ساجدؔ افغان کا ہائیکو مجموعہ ـ’’ شرغشی‘‘ اور فضل رحیم لوہارؔ کا شاعری مجموعہ ’’زڑہ‘‘ قابلِ ذکر ہیں۔
(سعد اللہ خادمؔ کی تصنیف ’’اداگانی د قلم‘‘ سے صفحہ 253 تا 255 کا اُردو ترجمہ)
…………………………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔