’’کہکشاں ہے یہ مرے خوابوں کی‘‘ آپا نصرت نسیم کے مختلف موضوعات پر مشتمل متنوع مضامین کا خوب صورت مجموعہ ہے، جس میں انھوں نے اپنی زندگی کے مشاہدات اور تجربات سے شعور و آگہی کا عطر کشید کرکے اپنے خوابوں کی ایک رنگین کہکشاں سجائی ہے۔ ان کے بچپن کی سماجی زندگی کی روشن اقدار کیا تھیں، مختلف مذہبی اور معاشرتی تہوار کیسے منائے جاتے تھے، عام لوگوں میں کس طرح کی محبت اور اپنائیت کے جذبے موجزن تھے، حج و عمرہ کی روحانی کیفیات اور عام دل چسپی کے دیگر بہت سے موضوعات پر ان کے رَشحاتِ قلم دل و دماغ کو علم و آگہی کی روشنی سے منور کرتے ہیں۔
بقول صفدر ہمدانی: ’’میرے نزدیک نصرت نسیم ادب میں بادِ نسیم کی مانند ہے ۔‘‘
ناصر علی سید کتاب کے بارے میں رقم طراز ہیں کہ: ’’یہ خواب جو اس کہکشاں میں جگر جگر کر رہے ہیں، مانو یہ مضامین نہیں تصویریں ہیں اور یہ مجموعہ ایک ایسا دلبر و دلربا البم ہے، جس میں تصویریں ہی نہیں نصرت نسیم کے بہت سے پورے ادھورے خوابوں کی تعبیریں بھی ہیں۔‘‘
شجاعت علی راہی صاحب کی رائے میں: ’’نصرت نسیم نے قلم کی حرمت و قوت کا خیال رکھتے ہوئے قارئین کے لیے جس ثقافتی، ادبی اور تاریخی مواد کو کتابی لڑی میں پرو کر پیش کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے اور قاری کے دل میں خواہش پیدا ہوتی ہے کہ کاش! وہ ہماری مٹتی ہوئی تمام تہذیبی و ثقافتی روایتوں کی مزید عکس بندی کر کے انہیں آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ کر دیں۔‘‘

آپا نصرت نسیم کے مختلف موضوعات پر مشتمل متنوع مضامین کا خوب صورت مجموعہ (فوٹو: فضل ربی راہیؔ) 

ڈاکٹر ثروت رضوی، نصرت نسیم آپا کی قلم کی جولانیوں کو اس طرح خراج تحسین پیش کرتی ہیں:’’روانی اور سلاست کے ساتھ ساتھ برجستگی نصرت نسیم کی تحریر کا خاصہ ہے، لیکن سب سے اہم بات ان کا، اپنا اسلوب ہے جو ان کو منفرد بناتا ہے۔‘‘
نصرت نسیم کے ان مضامین میں ماضی اور حال کے کچھ ادیبوں کا شیریں تذکرہ ہے۔ قدیم تاریخی عمارات کا بیان ہے۔ ادبی محفلوں کی روداد ہے۔ کتابوں پر تبصرے ہیں اور ان کی آرزوؤں پر مشتمل خوابوں کا ذکر ہے۔ غرض نصرت آپا نے واقعتا اپنے خوابوں کی ایک ایسی کہکشاں سجائی ہے جس میں قارئین کو اپنے خوابوں کی جھلکیاں بھی نظر آئیں گی۔
نصرت آپا کا تعلق کوہاٹ سے ہے اور ان کی زندگی کا بیشتر حصہ درس و تدریس میں گذرا ہے۔ آج کل اپنی فیملی کے ساتھ رسالپور میں مقیم ہیں اور ان کا زیادہ تر وقت لکھنے لکھانے اور مطالعہ کرنے میں گذرتا ہے۔ اس وقت ان کی نگارشات ’’عالمی اخبار‘‘ کی ویب سائٹ پر باقاعدگی سے شائع ہوتی ہیں۔
’’کہکشاں ہے یہ مرے خوابوں کی‘‘ نصرت نسیم کی اوّلین تصنیف ہے، جسے شعیب سنز پبلشرز اینڈ بک سیلرز مینگورہ (فون: 0946-722517) نے خوب صورت گٹ اَپ کے ساتھ شائع کیا ہے۔
شعیب سنز سوات کے علاوہ یہ کتاب پشاور میں ’’یونی ورسٹی بک ایجنسی خیبر بازار‘‘، ’’انور خان لالا بک شاپ‘‘، ’’پختو اکیڈمی پشاور یونی ورسٹی‘‘، اسلام آباد میں ’’سعید بک بینک جناح سپر مارکیٹ‘‘، کراچی میں ’’ویلکم بک پورٹ اردو بازار‘‘ اور ’’فضلی سنز اردو بازار‘‘ میں دست یاب ہے۔
…………………………………………….
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔