مایا وسطی امریکہ کی ایک قدیم انسانی نسل ہے جس کی تہذیب کے کھنڈرات حال ہی میں دریافت ہوئے ہیں۔ مایا نسل کی تہذیب (Mayan Civilization)، ہندوستانی تہذیب سے حیرت انگیز مشابہت رکھتی ہے۔ اس لیے بعض محققین کا خیال ہے کہ امریکہ کسی وقت شائد ہندوستان کی نو آبادی تھا۔
مایا تہذیب (400 قبل مسیح تا 1300 عیسوی) کے آثار جنوبی میکسیکو، گواٹے مالا اور بلیز، برطانوی ہنڈراس میں موجود ہیں۔ اس کے آغاز یعنی 400 قبل از مسیح کے آثار تو اب خال خال ہی ملتے ہیں لیکن 325ء تا 925ء کے درمیانی دور کے آثار پتھر کی عمارتوں کی شکل میں موجود ہیں۔ اُس وقت علامتی تحریروں سے کام لیا جاتا تھا۔
مایا تہذیب کے حامل لوگ زراعت، حساب اور علمِ نجوم میں بڑی مہارت رکھتے تھے۔ ان کے مذہب میں انسانی قربانی کا رواج عام تھا۔
925ء سے 1200ء تک کے درمیانی عرصے میں وسطی علاقے سے مایا لوگ ہجرت کرگئے، جس کے نتیجے میں میکسیکو میں ان کا اثر و رسوخ ختم ہوگیا، خانہ جنگیوں اور ہسپانوی فتح کے بعد یہ تہذیب مکمل طور پر زوال پذیر ہوگئی۔ اس تہذیب کے چھال پر لکھے ہوئے تین ضابطے باقی بچے ہیں۔
(’’تاریخِ عالم کی ڈکشنری‘‘ از ’’جان جے بٹ‘‘، تحقیق و ترجمہ ’’اخلاق احمد قادری‘‘، سنِ اشاعت 2019ء کے صفحہ نمبر سے انتخاب)