صبح کو عنصر (ناصر کاظمی کا بھائی، پورا نام ’’عنصر کاظمی‘‘) کے ساتھ ناشتہ کیا۔ احباب کے ساتھ نشست رہی۔ دوپہر میں مشتاق کے ساتھ عجائب گھر گیا۔ تصاویر دیکھیں۔ مظفر نہ ملا۔ پھر نور عالم آگیا اور ہم لارنس گئے۔
آج شاہد حمید سے کتاب کے معاملے پر بحث ہوتی رہی۔ وہ میری کتاب بھی شائع کرنا چاہتا ہے اور مجھے خوش بھی کرنا چاہتا ہے۔ میرا قدردان اور مداح بھی ہے لیکن پبلشر کو بھی ناراض نہیں کرنا چاہتا۔ تمام شرائط مجھے منظور ہیں صرف ایک شرط کہ مجھے کچھ غزلیں انتخاب کرنے کا حق حاصل ہو، انہیں منظور نہیں۔ لیکن مجھے آج کل پیسوں کی ضرورت ہے، اور دوسرے اس سے بہتر معاملہ شائد ہی اس ملک میں ان دنوں ہوسکے۔ مَیں اس لحاظ سے کہ 15 فیصد رائلٹی عمر بھر لوں، کسی مصنف کو آج تک یہ شرف حاصل نہیں ہوا۔
(’’ڈائری، چند پریشاں کاغذ‘‘ از ناصر کاظمی،مطبوعہ ’’اِلقا پبلی کیشنز‘‘ اشاعتِ دوم، 2019ء، صفحہ نمبر 27 سے انتخاب)