صحافت کی مختصر تعریف

صحافت عربی زبان کے لفظ ’’صحف‘‘ سے ماخوذ ہے جس کے لغوی معنی کتاب، رسالے یا صحیفے کے ہیں۔ انگریزی زبان میں اس اس کا متبادل لفظ ’’جرنلزم‘‘ (Journalism) ہے، جو لفظ ’’جرنل‘‘ (Journal) سے ماخوذ ہے۔ اس کے لفظی معنی ’’روزانہ حساب کا بہی کھاتا یا روزنامچہ‘‘ کے ہیں۔
صحافت کی تعریف کے حوالہ سے لیزلی سٹفین (Leslie Stephens) کا کہنا کچھ یوں ہے: ’’صحافت ان معاملات کو ضبطِ تحریر میں لا کر استفادہ کرنے کا نام ہے جن کے بارے میں آپ کچھ نہیں جانتے۔‘‘
اس طرح جریدہ ’’ٹائم‘‘ کے ایرک ہوجنس (Eric Hodgins) کہتے ہیں: ’’صحافت معلومات کو ایک جگہ سے دوسری جگہ دیانت، بصیرت اور رسائی سے ایسے انداز میں پہنچانے کا نام ہے جس میں سچ کی بالادستی ہو اور واقعات کی اصلاح فوری نہ ہو، تو آرام سے سہی لیکن اطلاع واضح ہونی چاہیے۔‘‘
(’’اصولِ صحافت‘‘ (نظر ثانی شدہ ایڈیشن، 2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، اسلام آباد، صفحہ نمبر 5 اور 6)