وکلا برادری میں انتخابی موسم نمودار ہوتے ہی کورٹ کچہری کا ماحول تیزی سے بدل جاتا ہے۔ ہائیکورٹ، ضلعی اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات میں امیدواروں کی جانب سے کروڑوں روپے کے اخراجات، بینر، جلسے ، کارنر میٹنگز اور سیاسی جماعتوں کی کھلی سرپرستی دیکھ کر عام شہری حیران رہ جاتے ہیں کہ آخر وہ کون سی طاقت ہے، کون سے ایسے اختیارات ہیں، جو اُمیدواروں کو اس قدر بڑے مالی اور سیاسی وسائل جھونکنے پر مجبور کرتے ہیں؟
اخراجات اتنے زیادہ کہ کم آمدنی کا حامل وکیل انتخابات میں حصہ لینے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ ملک کی بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب باقاعدہ اُمیدوران کی نام زدگی اور حمایت کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کیے جاتے ہیں۔ کام یابی کی صورت میں فتح کے نقارے بجائے جاتے ہیں۔ کیا بار عہدے داران کو واقعی ایسی مضبوط قانونی حیثیت حاصل ہے، یا پھر یہ معاملہ داخلی سیاست اور باہمی اثرورسوخ کا ہے؟
یہ تحریر انھی سوالات کا جائزہ پیش کرتی ہے، تاکہ بار ایسوسی ایشن کے صدر، سیکرٹری اور دیگر عہدے داران کی حقیقی قانونی ذمے داریوں اور اختیارات کو واضح کیا جاسکے۔
بار ایسوسی ایشنز کے انتخابات اور انتظامی اُمور محض داخلی روایات نہیں، بل کہ قانونی تقاضوں کا حصہ ہیں۔ پاکستان میں وکلا کے معاملات ’’لیگل پریکٹشنر اینڈ بار کونسلز ایکٹ، 1973ء‘‘، ’’پاکستان لیگل پریکٹشنر بار کونسل رولز، 1976ء‘‘ اور مختلف صوبائی بار کونسل رولز کے تحت چلائے جاتے ہیں۔
ہائیکورٹ، ضلعی اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز کے انتظامی ڈھانچے کی بنیاد ’’میمورنڈم آف ایسوسی ایشن‘‘ ہے۔ صوبہ پنجاب میں یہ اُمور ’’میمورنڈم آف ایسوسی ایشن، 2023ء‘‘ کے تحت انجام دیے جاتے ہیں، جو 5 اگست 2023ء سے نافذ العمل ہیں۔ صدر اور سیکرٹری کے اختیارات صرف روایتی نہیں، بل کہ قانونی تقاضوں کے ساتھ بہ راہِ راست جڑے ہوئے ہیں۔
٭ صدر کے فرائض و اختیارات:۔ صدر کے فرائض و اختیارات میں عدالتوں، ضلعی انتظامیہ، سرکاری اداروں اور صوبائی بار کونسل کے سامنے بار کی نمایندگی، بار اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس بلانا اور صدارت کرنا، بار کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کمیٹیوں کا قیام اور نگرانی اور قواعد و ضوابط کی روشنی میں بار کی پالیسی سازی اور رہ نمائی شامل ہیں۔ ایک لاکھ روپے تک کے اخراجات کی منظوری بھی صدرکے اختیارات میں شامل ہے، جب کہ زائد رقوم کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی کی اجازت ضروری ہے۔ اس طرح وکلا کے پیشے اور وقار کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرنا،الیکشن بورڈ کے چیئرمین اور چار ممبران کی نام زدگی اور تعیناتی، بار کے ملازمین، کلرکس/منشیان اور دفتری معاملات کی نگرانی اور تادیبی کارروائی جیسے اُمور بھی صدر کے فرائض اور اختیارات میں شامل ہیں۔
٭ سیکرٹری/ جنرل سیکرٹری کے فرائض و اختیارات:۔ ان میں بار کے روزمرہ انتظامی اُمور کی نگرانی، نوٹسز، خطوط، میٹنگز اور رجسٹریشن کا اجرا شامل ہے۔ نیز دیگر اُمور میں ممبران کا ریکارڈ، منٹس بک، اکاؤنٹس اور مالی دستاویزات کی حفاظت، سالانہ اکاؤنٹس اور آڈٹ رپورٹ کی تیاری، فری لیگل ایڈ کمیٹی سمیت دیگر کمیٹیوں کے سیکرٹری کے طور پر خدمات کی انجام دہی، اجلاس کے منٹس لکھنا اور سرکاری و ادارہ جاتی خطوط جاری کرنا شامل ہیں۔
٭ صدر اور سیکرٹری کے مشترکہ فرائض:۔ صدر اور سیکرٹری کے مشترکہ فرائض میں اپنی مدت کے اختتام پر تمام نقد رقوم، چیک بکس، منٹس بک، آڈٹ رپورٹ اور انوینٹری نئے منتخب عہدے داران کے حوالے کرنا شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ’’میمورنڈم آف ایسوسی ایشن 2023ء‘‘ کے ’’رول 91‘‘کے مطابق سالانہ اکاؤنٹس اور آڈٹ کو یقینی بنانا، تربیت یافتہ وکلا کو بار ووکیشنل کورس کے سرٹیفکیٹس جاری کرنا، بار کے بینک اکاؤنٹس مشترکہ طور پر آپریٹ کرنا ( غیر موجودگی کی صورت میں ایگزیکٹو کمیٹی کسی ایک ممبر کو عارضی اختیار دے سکتی ہے) جیسے اُمور بھی ہیں۔
٭ نائب صدر کے فرائض و اختیارات:۔ نائب صدر کے صدر کی عدم موجودگی میں فرائض میں صدارتی اختیارات استعمال کرنا، بار کے اندرونی معاملات میں تعاون اور مختلف کمیٹیوں کی نگرانی شامل ہیں۔
٭ فنانس سیکرٹری کے فرائض و اختیارات:۔ فنانس سیکرٹری کے فرائض میں بار کے مالی معاملات کی مکمل نگرانی، وصولی اور اخراجات کا ریکارڈ رکھنا شامل ہے۔ نیز سالانہ بجٹ کی تیاری اور اسے صدر اور سیکرٹری کو پیش کرنا، مالی شفافیت قائم رکھنا اور آڈٹ رپورٹ کی تکمیل جیسے اُمور شامل ہیں۔
٭ لائبریری سیکرٹری کے فرائض و اختیارات:۔ لائبریری سیکرٹری کے فرائض میں بار لائبریری کی دیکھ بھال، لا جرنلز، کمپیوٹرز اور دیگر مواد کی نگرانی جیسے اُمور شامل ہیں۔ نیز جدید قانونی کتابوں، ایکٹس اور ریسرچ مواد کی سفارش اور مطالعہ و تحقیق کے ماحول میں بہتری لانا بھی لائبریری سیکرٹری کے فرائض میں سے ہے۔
٭ جوائنٹ سیکرٹری کے فرائض و اختیارات:۔ جوائنٹ سیکرٹری دراصل جنرل سیکرٹری کی معاونت کرتا ہے۔ نیز ممبران کا ریکارڈ اپ ڈیٹ کرتا ہے اور اعلامیے اور نوٹسز کی تیاری میں تعاون کرتا ہے۔
٭ ایگزیکٹو کمیٹی کے فرائض و اختیارات:۔ ایگزیکٹو کمیٹی وکلا کے خلاف شکایات کی سماعت اور رپورٹ مرتب کرتی ہے، بار کے اہم انتظامی فیصلوں میں صدر اور سیکرٹری کی راہ نمائی کرتی ہے اور نئی ممبر شپ کی منظوری دیتی ہے یا سفارش کرتی ہے۔
قارئین! بار ایسوسی ایشن محض ایک پیشہ ورانہ فورم نہیں، بل کہ وکلا کی تنظیمی، فلاحی، تعلیمی اور انتظامی سرگرمیوں کا مرکزی ادارہ ہے۔ اس کے عہدے داران نہ صرف بار کی نمایندگی کرتے ہیں، بل کہ قانونی نظام کے استحکام اور وکلا کے حقوق کے تحفظ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انتخابات میں ہونے والے بھاری اخراجات اور سیاسی مداخلت کے باوجود اصل مقصد یہ ہونا چاہیے کہ بار کے نظام کو شفاف، موثر اور اصولی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے، تاکہ حقیقی کام یابی اور خدمتِ وکلا کا معیار قائم رہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ بارکی سیاست کو عام سیاسی جماعتوں سے پاک رکھنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔










