ذاتی اختلاف، فکری اختلاف کو جِلا بخش سکتا ہے…… اگر اس کی تطبیق درست طور پر کی جائے۔
دانش وروں کے مابین ذاتی اختلافات چاہے وہ نظریۂ حیات، مزاج، پرورش ، نظریات، حتیٰ کہ شخصیت تک میں ہوں، اکثر فکری مباحث کو جنم دیتے ہیں۔ یہ اختلافات محض عدمِ اتفاق کی علامت نہیں، بل کہ انسانی تجربے اور فکر کے تنوع کا مظہر ہیں۔ جب مفکرین دنیا کو مختلف ذاتی زاویوں سے دیکھتے اور تعبیر کرتے ہیں، تو ان کے متضاد خیالات میں تصادم پیدا ہوتا ہے، جس سے ایک تناو جنم لیتا ہے اور اسی کش مہ کش سے روشنی پھوٹتی ہے۔
تاہم اگر کوئی ذاتی رنجش دیرپا صورت اختیار کرلے، تو وہ علمی و فکری نمو کے بہ جائے نفسیاتی بگاڑ کا باعث بن جاتی ہے۔ اُس صورت میں مقابلہ اور برتری ثابت کرنے کی خواہش مختلف اخلاقی، سماجی اور فکری جواز تراشتی ہے اور پھر ان جوازوں کی تاویلات کے ذریعے مسلسل آب یاری کی جاتی ہے۔ اپنی ذاتی رنجش کو علم و تحقیق کا لبادہ اوڑھا کر بڑے منظم اور تزویراتی انداز میں مخالف پر حملے کیے جاتے ہیں۔ ایسے اختلاف جو نظریۂ حیات، پرورش یا مزاج کے فرق سے جنم لے، بالعموم فکری ارتقا کا باعث بنتے ہیں، لیکن جہاں ذاتی فتور دیر تک کارفرما رہے، وہاں نہ صرف فکری، بل کہ طبعی زندگی بھی متاثر ہوتی ہے ۔ اس فتور کے زیرِ اثر انسان دوسرے کے صرف منفی پہلوؤں کو دیکھتا ہے اور تجربے، مشاہدے اور تجزیے کی سوئی انھی منفی پہلوؤں پر اٹک جاتی ہے۔ اس صورتِ حال میں احترام کی جگہ تحقیر آجاتی ہے، جہاں علمی و فکری اختلاف کی بہ جائے مخالف کو سماج کی نظروں میں گرانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
فکری اختلاف کے درخت کی جڑیں دراصل ثقافتی پس منظر، شخصیت، جذبات اور ذاتی تجربے کی زمین میں پیوست ہوتی ہیں۔ ایک روایتی معاشرے سے تعلق رکھنے والا مفکر تسلسل کو اہمیت دے سکتا ہے، جب کہ جدیدیت کے تناظر میں پرورش پانے والا تبدیلی کا علَم بردار بن جاتا ہے۔ اسی طرح ایک وجدانی یا روحانی شخصیت باطنی تجربے پر زور دے سکتی ہے، جب کہ ایک منطقی یا تجزیاتی ذہن مشاہدے اور تجربے کو زیادہ وقعت دیتا ہے۔ ذاتی صدمہ، جلاوطنی، مراعات یا معاشرتی پس ماندگی بھی فکری میلان کو گہرائی سے متاثر کرتے ہیں۔
جب کئی دانش ور ایک ہی سوال سے نبردآزما ہوتے ہیں، تو اُن کے جوابات مختلف سمتوں میں کھلتے ہیں۔ یہ اختلاف، اقدار اور ترجیحات میں فرق پیدا کرتا ہے۔ کسی کے لیے آزادی سب سے بڑی قدر ہوتی ہے، جب کہ کسی اور کے لیے مساوات۔ کوئی سائنسی تجزیے کو ترجیح دیتا ہے، تو کوئی فلسفیانہ غور و فکر کو۔ نوآبادیاتی تجربے سے گزرنے والا مفکر، نوآبادکار سے لازماً مختلف زاویۂ نظر رکھتا ہے۔
کچھ تاریخی مثالیں اس نکتے کو واضح کرتی ہیں:
٭ فرائیڈ اور یونگ:۔ سگمنڈ فرائیڈ اور کارل یونگ قریبی ساتھی تھے، جو انسانی ذہن کی گہرائیوں کو سمجھنے کے جذبے سے متحد تھے…… مگر فرائیڈ نے انسانی محرک کی بنیاد کو جنسیت میں تلاش کیا، جب کہ یونگ نے اسے دیومالا، روحانیت اور اجتماعی لاشعور میں دیکھا۔ اُن کے ذاتی مزاج ؛ فرائیڈ کا سائنسی شکوک و شبہات اور یونگ کا صوفیانہ تجسس، باہم متصادم ہوئے۔ نتیجتاً نفسیات کے دو بڑے مکاتبِ فکر وجود میں آئے جو آج بھی اثرانداز ہیں۔
٭ ٹیگور اور گاندھی:۔ برصغیر میں رابندر ناتھ ٹیگور اور مہاتما گاندھی کی مثال نمایاں ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے لیے احترام رکھتے تھے، مگر اُن کے فکری راستے مختلف تھے۔ گاندھی نے نفس کُشی، اخلاقی نظم و ضبط اور دیہی زندگی کی روحانی پاکیزگی پر زور دیا، جب کہ ٹیگور نے خبردار کیا کہ ضرورت سے زیادہ زہد، تخلیقی قوت اور مسرت کو دبا دیتا ہے۔ گاندھی کا زاویہ اخلاقی و سیاسی تھا، جب کہ ٹیگور کا نقطۂ نظر جمالیاتی و انسانی۔
٭ سارتر اور کامیو:۔ فرانسیسی وجودیت کے یہ دونوں مفکر قریبی دوست تھے، مگر ان کے اخلاقی اور جذباتی مزاج مختلف تھے۔ سارتر کی مارکسی وابستگی نے اُنھیں سیاسی عمل کی طرف مائل کیا، جب کہ کامیو کا داخلی توازن اور اعتدال اسے نظریاتی شدت سے بچاتا رہا۔ ان کی علاحدگی اس بات کی مثال ہے کہ ذاتی و اخلاقی مزاج کس طرح فکری تصادم کو جنم دیتا ہے۔
٭ ایڈورڈ سعید اور برنارڈ لیوس:۔ مستشرقیت اور مشرقِ وسطیٰ کی تاریخ پر ان دونوں کے درمیان بنیادی فکری تصادم ہوا۔ سعید ایک فلسطینی جَلاوطن کی حیثیت سے مغرب کی مشرقی نمایندگیوں پر تنقید کرتے ہیں، جب کہ لیوس کی علمی قدامت پسندی، مغربی تعلیمی روایت کی عکاس ہے۔ ان کی بحث نے ثقافتی طاقت اور علم کی عالمی تفہیم کو از سرِ نو تشکیل دیا۔
٭ اقبال اور مدنی:۔ برصغیر کے یہ دو عظیم مفکرین آزادی کے خواہاں تھے، مگر ان کے سیاسی و نظریاتی پس منظر مختلف تھے۔ علامہ اقبال نے یورپی فکر سے متاثر ہوکر بھی وطنی قومیت کو مسترد کیا اور نظریاتی (اسلامی) بنیاد پر قوم سازی کی وکالت کی۔ اس کے برعکس مولانا حسین احمد مدنی نے وطن کو قومیت کی بنیاد قرار دیا۔ ان کا اختلاف نظریاتی بھی تھا اور عملی بھی، مگر دونوں کا مقصد برصغیر کی آزادی تھا۔
فلسفی آئزیاہ برلن نے کہا تھا کہ بھیڑیوں کی آزادی اکثر بھیڑوں کی موت بن جاتی ہے، لیکن اس سے آزادی کی قدر کم نہیں ہو جاتی۔
فکری تکثیریت کا یہی مطلب ہے، اختلاف کو برداشت کرنا، چاہے وہ کتنا ہی تکلیف دہ کیوں نہ ہو۔ دانش وروں کے درمیان ذاتی اختلافات کوئی کم زوری نہیں، بل کہ فکر کا خونِ جگر ہیں۔ وہی طاقت جو انسانی فہم، علم اور بصیرت کو آگے بڑھاتی ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔










