تحصیلِ خوازہ خیلہ کے علاقہ فتح پور میں علاقہ میں بد امنی اور منشیات فروشی کے خلاف ہزاروں افراد نے فتح پورچوک میں پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ کی جس سے مظاہرین مشتعل ہوگئے۔ مظاہرین نے تھانے پر پتھراو کیا، جس سے پولیس کی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
فتح پور اور گرد و نواح کے علاقوں میں قتل و غارت، بد امنی اور منشیات فروشی کے خلاف اہلِ علاقہ نے مجبور ہوکر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ علاقہ میں شدید بد امنی ہے۔ منشیات فروش سرِ عام منشیات فروشی کے ذریعینوجوان نسل کو نشے کا عادی بنا رہے ہیں۔ علاقے میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہورہاہے، جس کی وجہ سے پُرامن علاقہ اب بد امنی کی جانب رواں دواں ہے۔
مظاہرین پر پولیس کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے بعد مظاہرین نے جواباً تھانے پر پتھراو کیا۔اس طرح مظاہرین نے خوازہ خیلہ، کالام روڈ کو کئی گھنٹوں تک ٹریفک کے لئے بند رکھا جس کی وجہ سے ٹریفک معطل رہی۔