سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 5 ہزار کے کرنسی نوٹ کی سب سے منفرد خصوصیت یہ ہے کہ اس کی پرنٹنگ اس منفرد کاغذ پر ہوئی ہے، جسے چھونے سے ہی اس کے منفرد ہونے کا احساس ہوتا ہے۔
نوٹ کے سامنے کی سائیڈ پر دائیں جانب بانیِ پاکستان محمد علی جناح کی تصویر کا واٹر مارک جب کہ اس کے نیچے نوٹ کی مالیت یعنی پانچ ہزار کا واٹر مارک بھی نمایاں ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق نوٹ کے اندر حفاظتی دھاگے کو آر پار دیکھنے سے یہ عمودی پٹی کی صورت میں نظر آتا ہے، جس پر نوٹ کی مالیت بھی دیکھی جا سکتی ہے۔
نوٹ پر پاکستان کا جھنڈا بھی اس کی ایک منفرد خصوصیت ہے، جو مختلف زاویوں سے دیکھنے سے یہ رنگ بدلتا نظر آئے گا۔
بائیں جانب اُبھرے نشانات ہیں جن کو چھونے سے بینائی سے محروم افراد کو بھی نوٹ کی مالیت جاننے میں مدد ملتی ہے۔
اسی طرح نوٹ کے بائیں جانب موجود بانیِ پاکستان محمد علی جناح کی تصویر کے ساتھ بھی 5000 کا ہندسہ پوشیدہ ہے، جو نوٹ کو مختلف زاویوں سے دیکھنے پر نمایاں ہوتا ہے۔
دائیں بائیں کناروں پر اُبھرتی ہوئی لکیریں موجود ہیں، جب کہ پچھلی سطح بالکل ہم وار ہے، جو اصلی نوٹ کی پہچان میں مدد دیتے ہیں۔
(بہ شکریہ بی بی سی اُردو سروس)