حضرتِ عمران خان اپنی پوزیشن واضح کرے

اس وقت خیبرپختونخوا میں ڈھیر سارے ڈیپارٹمنٹس میں تقرریاں ’’پینڈنگ‘‘ ہیں۔ اس حوالے سے یہ بات بھی بعض ذرائع سے معلوم ہوئی ہے کہ تحریک انصاف حکومت نے خزانہ بھرنے یا بالفاظ دیگر خزانے کو ’’خالی‘‘ ہونے سے بچانے کے لیے ان اسامیوں پر تعیناتی کو اپریل 2019ء تک مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مثال کے طور پر ایجوکیشن میں 17 ہزار اسامیوں کا اعلان کیا گیا تھا، جس پر کام لیٹ ہوتا جا رہا تھا۔ آج تقریباً 9 مہینوں سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے بعد ہی فائنل میرٹ لسٹ اَپ لوڈ کردی گئی۔ ان 17 ہزار اسامیوں پر تقرری کو اگر اپریل 2019ء تک روکا جائے، تو خزانے کو تقریباً 4 اَرب سے زیادہ کا فائدہ ہوگا۔ یوں 4 ارب روپوں کے لیے 17 ہزار افراد کو مزید انتظار کی سولی پر چڑھا دیا جائے گا۔ اس رقم سے شاید یہ گورنمنٹ ان 350 ڈیموں کی تعمیر کرے گی، جو اس کے ذمہ پچھلی حکومت میں ’’واجب التعمیر‘‘ تھے۔
اس طرح لیب اور ایٹا کے ذریعے مشتہر کی گئیں دیگر تقرریاں بھی طوالت در طوالت کا شکار ہیں۔ عمران خان یا صوبائی حکومت اس حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرے۔ کیا خزانہ بھرنے یا اسے خالی ہونے سے بچانے کے لیے آپ کو نوجوان طبقہ ہی تختۂ مشق نظر آیا؟ اگر ایسا ہی ہے، تو ان نوجوانوں کو تربیلا ڈیم میں جمع شدہ ریت نکالنے کے کام ہی پر لگا دیں اور بدلے میں صرف دو وقت کی روٹی دیا کریں، تاکہ آپ کی سرکار کو پیسے بچت کرنے میں کوئی دشواری نہ ہو۔ مزدوری کی بھی بچت ہوجائے گی اور خزانہ بھی خالی نہ ہوگا۔ اور اگر یہ پلان تحریک انصاف سرکار کا نہیں، تو بھی اسے چاہیے کہ جلد از جلد ان پوسٹس کو پراسس کرکے ان پر تقرریاں کرائے۔ واضح رہے کہ صرف گریڈ 15 اور اس سے نچلے درجات کی پوسٹوں کو مؤخر کیا جا رہا ہے۔ بڑی تنخواہوں سے خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا، اس لیے ان پر کام نہیں رُک سکتا!
جاتے جاتے قارئین اور دوستوں سے اس پیغام کو زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی درخواست کی جاتی ہے، وما علینا الاالبلاغ۔

……………………………………………..

لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com پر ای میل کر دیجیے ۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔