اک زرداری سب پہ بھاری

Blogger Rafi Sehrai

اگر یہ کہا جائے کہ آصف علی زرداری موجودہ دور کے سب سے بڑے سیاست دان ہیں، تو بے جا نہ ہوگا۔ سیاست کی شطرنج پر زرداری جیسا ماہر کھلاڑی دوسرا کوئی نہیں۔ وہ دھیمے مزاج اور سرد لہجے میں بہت کچھ کَہ اور کر جاتے ہیں۔ سلطان راہی ٹائپ سیاست دان محض بڑھکیں مارتے رہ جاتے ہیں، جب کہ آصف زرداری عمل پر زیادہ یقین رکھتے ہیں۔ حالیہ انتخابات میں بھی اُنھوں نے اپنے پتے نہایت ہوش یاری اور چابُک دستی سے کھیلے ہیں۔ یہ اُنھی کا کمال ہے کہ حکومت سازی میں جثے سے زیادہ حصہ وصول کر نے کی راہ پر گام زن ہیں۔ ان کی اتحادی مسلم لیگ ن اُنھیں بہت کچھ دے کر بھی مزید بہت کچھ دینے کے لیے آمادہ و کوشاں ہے کہ اس کی اپنی بقا اسی میں ہے۔
رفیع صحرائی کی دیگر تحاریر پڑھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کیجیے:
https://lafzuna.com/author/rafi/
پتا چلا ہے کہ ملک کی صدارت، سینٹ کی چیئرمین شپ، دو صوبوں کی گورنرشپ اور بہت سے اداروں کی چیئرمین شپ کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اب مرکز میں وزارتیں لینے پر بھی آمادہ ہوگئی ہے۔ ہو سکتا ہے عید کے فوراً بعد اس کے ایم این ایز وفاقی کابینہ کا حصہ بن جائیں۔ اس سلسلے میں صلاح و مشورے جاری ہیں۔ ایک تجویز یہ ہے کہ عید کے فوراً بعد وزارتوں کا حلف اُٹھا لیا جائے، جب کہ دوسری تجویز یہ ہے کہ بجٹ تک انتظار کرلیا جائے، تاکہ آنے والے مشکل بجٹ کا سارا بوجھ اور ذمے داری ن لیگ کے کھاتے میں جائے۔
یقینی طور پر پیپلز پارٹی کے متوقع وزرا میں بلاول بھٹو زرداری کا نام سرِفہرست آئے گا۔ وہ پہلے بھی جناب شہباز شریف کی حکومت میں 16 ماہ وزیرِ خارجہ رہ چکے ہیں۔ ان 16 ماہ میں اُنھوں نے جہاں بہت سارا تجربہ حاصل کیا، وہیں پر ذاتی تشہیر اور پروجیکشن پر خصوصی توجہ بھی دی۔ ان 16 ماہ کے دوران میں اُنھوں نے پاکستان میں محض چند دن ہی گزارے تھے۔ زیادہ تر وہ ملک سے باہر ہی رہے تھے۔ ظاہر ہے وہ وزیرِ خارجہ تھے۔ اُن کا کام ہی خارجہ امور پر توجہ دینا تھا۔
دیگر متعلقہ مضامین:
پیپلز پارٹی کی تجدید وقت کی ضرورت 
اپنے وہ کام جو پیپلز پارٹی کیش نہ کراسکی  
کانٹوں بھرا تاج  
آخری موقع  
سوات، کپتان کے مقابلے میں زرداری چپل کی مقبولیت میں اضافہ  
حکومت میں وزارتِ خارجہ تین بڑی وزارتوں میں سے ایک ہوتی ہے۔ دیگر دو وزارتوں میں وازارتِ خزانہ اور وزارتِ داخلہ آتی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کوئی چھوٹی موٹی وزارت لے کر معکوس ترقی تو یقینا نہیں چاہیں گے۔ غالب امکان یہی ہے کہ وہ اس مرتبہ بھی وزارتِ خارجہ کا منصب لینے کے خواہش مند ہوں گے، جو اس وقت ایک اور بڑے نام جناب اسحاق ڈار کے پاس ہے۔ اگر اسحاق ڈار سے وزارتِ خارجہ واپس لی جاتی ہے، تو پھر اُنھیں کہاں ایڈجسٹ کیا جائے گا؟ یہ بھی ایک بڑا اہم سوال ہے۔ کیوں کہ وزارتِ داخلہ اس وقت جناب محسن نقوی کے پاس ہے، جب کہ وزارتِ خزانہ کے عہدے پر جناب محمد اورنگ زیب براجمان ہیں۔ اُن دونوں کو اُن کے عہدوں سے ہٹانا موجودہ حکومت کے لیے ممکن نہیں۔ ایسے میں متوقع صورتِ حال یہی ہوسکتی ہے کہ جناب اسحاق ڈار ڈپٹی وزیرِ اعظم کے عہدے پر فائز کیے جائیں گے۔ اگر ایسا نہیں ہوتا اور جناب اسحاق ڈار وزارتِ خارجہ کے منصب پر ہی رہنا چاہیں گے، تو پھر لامحالہ جناب بلاول بھٹو زرداری ڈپٹی وزیرِ اعظم بن جائیں گے، جو کہ قدرے مشکل نظر آتا ہے۔ کیوں کہ ایسی صورت میں بلاول بھٹو اور اُن کی پارٹی بہت زیادہ طاقت ور ہو جائیں گے، جو میاں نواز شریف کبھی نہیں چاہیں گے۔
سیاست میں حلیف کو حریف اور حریف کو حلیف بنتے دیر نہیں لگتی۔ صبح کے اتحادی شام کو مدِمقابل کھڑے ہوتے ہیں۔ اس لیے ممکنہ طور پر جناب اسحاق ڈار وزارتِ خارجہ کا عہدہ بلاول بھٹو کے لیے خالی کر دیں گے۔ جناب بلاول دونوں صورتوں میں ہی فائدے میں رہیں گے۔ وزیرِ خارجہ کی حیثیت میں وہ دنیا بھر میں اپنا تعارف اور امیج بہتر بنا سکیں گے۔ جو مستقبل کی پاکستانی سیاست میں اُن کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔ بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز شریف کی اب تک کی سیاسی اننگز سے واضح ہو رہا ہے کہ مستقبل کی سیاست میں یہی دو کھلاڑی سب سے بڑے اور ایک دوسرے کے حریف ہوں گے۔ پی ٹی آئی میں ان کا مدِمقابل فی الحال کوئی دوسرا نظر نہیں آتا کہ جناب عمران خان خود اپنی ذات ہی کے اسیر ہیں۔ اُنھوں نے اپنی پارٹی میں کسی دوسرے لیڈر کو اُبھرنے ہی نہیں دیا۔ اُن کی اپنی اولاد پاکستانی سیاست سے بہت دور ہے، جب کہ پاکستانی سیاست کا مزاج ایسا ہے کہ مقبول پارٹیاں ’’فیملی لمیٹڈ قیادت‘‘ ہی میں اپنا وجود برقرار رکھ سکتی ہیں۔ یہاں نظریات سے زیادہ شخصیات کا سحر لوگوں کو متوجہ کرنے کا باعث بنتا ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد بے نظیر بھٹو اور اب بے نظیر کا بیٹا بلاول بھٹو ہی جیالوں میں قابلِ قبول ہیں۔ پیپلز پارٹی سے کتنے ہی لوگ جدا ہوئے اور اُنھوں نے اپنی اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنائی، مگر وہ عوامی پذیرائی سے محروم رہے۔ مسلم لیگ ن کے معاملے میں بھی یہی صورتِ حال رہی۔ مسلم لیگ ق، مسلم لیگ جونیجو، مسلم لیگ جناح اور عوامی مسلم لیگ عوام میں پذیرائی حاصل نہ کرسکیں۔ دونوں پارٹیوں کو اُن کے خاندان ہی نے سنبھالا۔ جناب آصف زرداری نے اپنی زندگی ہی میں اولاد کو ’’گروم‘‘ کرکے قومی سیاست کے اکھاڑے میں اتار دیا ہے۔ یہی کام میاں نواز شریف نے بھی کیا ہے۔ اس لحاظ سے عمران خان کے بعد پی ٹی آئی کے مستقبل پر فی الحال سوالیہ نشان ہے کہ خاندان میں ان کا سیاسی جانشین کوئی نہیں۔
بات ہو رہی تھی پیپلز پارٹی کی وفاقی کابینہ میں شمولیت کی۔ دیکھا جائے، تو اس پارٹی نے حالیہ انتخابات میں بہت کچھ حاصل کرلیا ہے۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق تو مسلم لیگ ن نے بہت کچھ کھویا اور پیپلز پارٹی نے بہت کچھ حاصل کیا ہے۔ غور کیا جائے، تو ایسا بالکل بھی نہیں۔ مسلم لیگ ن کو مرکز میں حکومت مل گئی ہے۔ سب سے بڑے صوبے پر اس کا راج ہے۔ صرف یہی ایک صوبہ مستقبل میں اسے دوبارہ اقتدار دلا سکتا ہے۔ اُن کا سب سے بڑا حریف جیل کے اندر ہے۔ ورنہ یہ بھی تو ممکن تھا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد کر کے پی ٹی آئی حکومت بنا لیتی اور مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ آج مقدمات اور گرفتاریوں کا سامنا کر رہی ہوتی۔ اس لیے یہ کہنا بے جا نہیں کہ دونوں پارٹیاں ہی اس وقت فائدے میں ہیں۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے