(بہ شکریہ وی نیوز ڈاٹ پی کے)
جھیلوں اور آبشاروں کی وادی ’’سوات‘‘ میں ایک خوب صورت اضافہ ’’ورغومو کاڑ آبشار‘‘ ہے، جہاں پہنچنے کے لیے تین ساڑھے تین گھنٹے کی ہائیکنگ کا کشٹ اُٹھانا پڑتا ہے۔
کامریڈ امجد علی سحابؔ کی دیگر تحاریر پڑھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کیجیے:
https://lafzuna.com/author/sahaab/
٭ وجۂ تسمیہ:۔
’’ورغومو کاڑ‘‘ دراصل پشتو کے دو الفاظ ’’ورغومو‘‘ اور ’’کاڑ‘‘ کا مرکب ہے۔ ’’ورغومے‘‘ کے معنی بکری کے بچے اور ’’کاڑ‘‘ سے مراد وہ پتھر ہیں، جنھیں سیلاب پہاڑوں سے بہا کر نیچے لے آتا ہے۔ ورغومو کاڑ آبشار کے راستے میں یہ دونوں یعنی بکری اور پتھر حقیقت بن کر نمایاں طور پر نظر آتے ہیں۔
٭ ورغومو کاڑ آبشار تک کیسے پہنچا جائے؟
سوات کے مرکزی شہر مینگورہ سے لگ بھگ 60 کلومیٹر کے فاصلے پر خوب صورت وادی ’’گبین جبہ‘‘ واقع ہے، جہاں فطرت اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ جلوہ گر ہے۔ گبین جبہ پہنچتے ہی الجزیرہ ٹراؤٹ فش فارم کے ساتھ گاڑی کھڑی کرکے ہائیک کا آغاز کیا جاتا ہے۔ 3 ساڑھے 3 گھنٹے کی بتدریج مشکل ہوتی ہوئی ہائیک یک گونہ خوشی کا احساس دلاتی ہے، جب آبشار آپ کی نظروں کے سامنے جلوہ گر ہوتی ہے۔
آبشار کی ویڈیو دیکھنے کے لیے نیچے لنک پر کلک کیجیے:
https://www.youtube.com/watch?v=lmrL89LaJ0k&t=2s
٭ راستے میں کیا کیا دیکھنے کو ملتا ہے؟
ورغومو کاڑ آبشار کے راستے میں ٹھنڈے میٹھے پانی کے جھرنے، جنگلی خود رو پھول، چیڑ اور صنوبر کے درخت اور نیلے امبر پر بادلوں کے ٹکڑے تھکن کا احساس کافور کردیتے ہیں۔ مقامی لوگ ہر گزرتے سیاح سے چائے پانی کا پوچھتے اور رہنمائی کرنے کی خاطر اپنی خدمات پیش کرتے مل جاتے ہیں۔
٭ کیا کیا ساتھ لیا جائے ؟
ہائیک پر جاتے ہوئے چند باتوں کا بطورِ خاص خیال رکھا جائے۔ ہائیکنگ شوز، ٹریکنگ سوٹ، پی کیپ، سن گلاسز، خشک میوہ جات، بسکٹ، اُو آر ایس، دھوپ سے گردن بچانے کی خاطر چھوٹا سا کپڑا اور ایک چھوٹا سا بیگ ساتھ رکھنا نہ بھولیں۔
٭ ہائیکنگ کا موزوں وقت:۔
گبین جبہ سطحِ سمندر سے 2582 میٹر یعنی 8471 فٹ کی بلندی پر واقع ہے، جہاں کا موسم جون، جولائی اور اگست کے حبس زدہ مہینوں میں بھی معتدل رہتا ہے۔ ورغومو کاڑ آبشار کی سیاحت کے لیے موزوں ترین وقت 15 مئی سے 15 ستمبر تک ہے ۔ اس عرصے کے دوران میں آبشار اپنے پورے جوبن پر ہوتی ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔