عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما شہروز کاشف دنیا کی 11 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں۔
شہروز کاشف پاکستانی وقت ک مطابق پیر کے روز 6 بج کر 31 منٹ پر نیپال میں ’’ماؤنٹ اناپورنا‘‘ ٹاپ پر پہنچے، جو 8901 میٹر بلند دنیا کی 10ویں بلند ترین چوٹی ہے۔
واضح رہے کہ 21 سالہ شہروز کاشف اب تک 8 ہزار میٹر سے بلند 11 چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر کوہ پیما ہیں۔ وہ اس سے پہلے براڈ پیک، ایورسٹ، کے ٹو، مناسلو، کنگچین جنگا، لوٹسے، مکالو، نانگا پربت، گیشرم برن 1 اور 2 سر کرچکے ہیں۔
شہروز کاشف 11 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے دوسرے پاکستانی کوہ پیما ہیں۔ ان سے پہلے گلگت سے تعلق رکھنے والے سرباز علی خان اب تک 12 چوٹیاں سر کرچکے ہیں۔
شہروز کاشف اپنے کئی انٹرویوز میں کَہ چکے ہیں کہ وہ 8 ہزار میٹر سے بلند تمام چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما کا اعزاز اپنے نام کرنا چاہتے ہیں اور اب ان کے سامنے صرف 3 چوٹیاں رہ گئی ہیں۔
شہروز اگلے مرحلے میں داولا گیری کی چوٹی سرکرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
(بہ شکریہ روزنامہ مشرق اسلام آباد/ پشاور، 16اپریل 2023ء)