وکی پیڈیا کے مطابق ڈاکٹر مہدی حسن (Mehdi Hasan) مشہور صحافی، مبصر، سیاسی تجزیہ کار، ماہرِ تعلیم اور ہیومن رائٹس کمیشن کے سابق چیئرمین، 23 فروری 2022ء کو لاہور میں انتقال کرگئے۔
27 جون 1937ء کو پانی پت میں پیدا ہوئے۔ سلسلۂ تعلیم کا آغاز وہیں سے ہوا اور پہلی چار جماعتیں پانی پت ہی میں پڑھیں۔ 9 سال کی عمر میں 16 نومبر 1947ء کو والدین کے ہم راہ پاکستان ہجرت کر آئے۔ ساہیوال میں قیام کیا اور مزید تعلیم حاصل کی۔ زمانۂ طالب علمی میں اسکاؤٹنگ، فوٹو گرافی اور کرکٹ کا بہت شوق تھا۔ نوجوانی میں ادب سے شغف تھا۔ فرنچ اور روسی لٹریچر کو پڑھا۔ کالج میں ماؤنٹیننگ اور ہائیکنگ کلب کے سیکرٹری بھی رہے۔ زمانۂ طالب علمی ہی سے صحافت کا شوق تھا۔ لہٰذا پی پی اے ( موجودہ اے پی پی )کے لیے بطورِ خبر رساں منٹگمری (موجودہ ساہیوال) میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا۔ پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے صحافت کیا اور بعد میں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی۔
کالم نگار کے طور پر پہلا آرٹیکل روزنامہ امروز میں شائع ہوا۔ ایک ماہر مبصر و محقق ہونے کے باعث بہترین صحافی رہے۔پاکستان کے تمام اہم اخبارات میں کالم لکھے۔ انگریزی میں روزنامہ دی نیوز انٹرنیشنل میں باقاعدہ کالم لکھے، جب کہ اُردو کالم روزنامہ نوائے وقت کے لیے لکھتے رہے۔