وکی پیڈیا کے مطابق عمران خان (Imran Khan) مشہور پاکستانی سیاست دان، سابقہ کرکٹ کھلاڑی، پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ، 5 اکتوبر 1952ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔
پورانام عمران احمد خان نیازی ہے۔ 2002ء تا 2007ء اور 2013ء تا2018ء پاکستان قومی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ سیاست میں قدم رکھنے سے قبل کرکٹر اور مخیر حضرات میں شمار ہوتے تھے ۔ دو دہائیوں تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلی اور بعد میں خدمتِ خلق کے منصوبے بنائے جیسے کہ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال، ریسرچ سینٹر اور نمل کالج وغیرہ۔
پیدائش لاہور میں اونچے درمیانے طبقے کے نیازی پشتون خاندان میں ہوئی۔ والد انجینئر اکرام اللہ خان نیازی تھے۔ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج لاہور پھر رائل گرائمر اسکول ورسسٹر انگلینڈ اور بعد میں کیبل کالج آکسفورڈ سے حاصل کی۔ 13 سال کی عمر میں کرکٹ کھیلنا شروع کیا۔ ابتدائی طور پر اپنے کالج کے لیے کھیلے۔18 سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔ اُسی سال انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز برمنگہم میں انگلینڈ کے خلاف (1971ء) سیریز سے کیا۔ آکسفورڈ سے گریجویشن کے بعد 1976ء میں پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کا آغاز کیا اور 1992ء تک کھیلے۔ 1982ء اور 1992ء کے درمیان میں ٹیم کے کپتان کے فرایض بھی سر انجام دیے ۔خاص طور پر ان کی قیادت میں 1992ء میں پاکستان کرکٹ ٹیم 1992ء کے ورلڈ کپ میں فتح یاب رہی۔
17 اگست 2018ء کو 176 ووٹ حاصل کرکے 22ویں وزیر اعظم پاکستان بن گئے، جب کہ اُن کے مدِ مقابل اور قایدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف نے 96 ووٹ حاصل کیے۔18 اگست 2018ء کو حلف لیا۔
عمران خان کی جدوجہد پر 2013ء میں ایک فلم ’’کپتان‘‘ ریلیز ہوئی، جس میں عمران خان کے 1992ء سے لے کر 2013ء تک کے ادوار کو دکھایا گیا۔ پاکستان تحریکِ انصاف کی طرف سے واضح کیا گیا کہ مذکورہ فلم کی سرمایہ کاری و پیش کاری کا عمران خان اور اس کی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں۔یہ ایک قطعی غیر وابستہ منصوبہ ہے جو فلم اور میڈیا سے تعلق رکھنے والوں کی طرف سے بنایا گیا ہے۔